مائیکروسافٹ کی سروسز میں 10 گھنٹے تعطل، دنیا بھر میں کاروباری ادارے اور سرکاری محکمے متاثر

مائیکروسافٹ کی سروسز میں عالمی تعطل کے بعد مختلف خطوں میں جزوی بحالی شروع، آؤٹ لک کی بندش سے امریکا میں ایک لاکھ 30 ہزار سے زائد شکایات موصول
امریکی ٹیکنالوجی کمپنی مائیکروسافٹ کی مختلف سروسز میں تقریباً 10 گھنٹے تک جاری رہنے والے تعطل کے بعد دنیا کے مختلف خطوں میں جزوی بحالی کا عمل شروع ہوگیا ہے، تاہم سروسز مکمل طور پر بحال نہیں ہوسکیں۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق مائیکروسافٹ کی سروسز میں تعطل کے باعث دنیا بھر میں کاروباری ادارے، سرکاری محکمے اور صارفین متاثر ہوئے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ جن علاقوں میں اصلاحی اقدامات کیے گئے وہاں سروسز کی جزوی بحالی دیکھنے میں آرہی ہے، تاہم اب تک کیے گئے اقدامات مستقل بحالی کے لیے کافی ثابت نہیں ہوئے۔
مائیکروسافٹ کے مطابق سروسز کی گنجائش بڑھانے اور نظام کو معمول پر لانے کے لیے متبادل اقدامات پر کام جاری ہے۔
ویب سائٹ ڈاؤن ڈیٹیکٹر کے مطابق امریکا میں آؤٹ لک سروس کی بندش سے متعلق ایک لاکھ 30 ہزار سے زائد شکایات موصول ہوئیں، جبکہ بھارت، آسٹریلیا اور جاپان میں بھی مائیکروسافٹ کی متعدد سروسز متاثر ہوئیں۔
رپورٹ کے مطابق آسٹریلیا میں بھی مائیکروسافٹ کی سروسز میں عالمی تعطل کے باعث مختلف شعبوں میں مشکلات اور افراتفری کی صورت حال پیدا ہوئی۔
آسٹریلوی وزیر داخلہ ٹونی برک نے بتایا کہ مائیکروسافٹ حکام نے ابتدائی بریفنگ میں واضح کیا ہے کہ سروسز میں تعطل سائبر حملے کا نتیجہ نہیں۔
انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا کی نیشنل سائبر سیکیورٹی کوآرڈینیٹر لیفٹیننٹ جنرل مشیل میک گینس اور مائیکروسافٹ آسٹریلیا و نیوزی لینڈ کی صدر جین لائیوسی نے انہیں صورت حال سے آگاہ کیا ہے۔
جین لائیوسی کے مطابق مائیکروسافٹ کو درپیش تکنیکی مسئلہ جولائی 2024 میں سائبر سیکیورٹی کمپنی کراؤڈ اسٹرائیک کی سروسز میں پیدا ہونے والے تعطل سے مشابہت رکھتا ہے۔
واضح رہے کہ جولائی 2024 میں کراؤڈ اسٹرائیک کی جانب سے جاری کیے گئے ناقص سافٹ ویئر اپ ڈیٹ کے باعث دنیا بھر میں کروڑوں صارفین متاثر ہوئے تھے اور ونڈوز آپریٹنگ سسٹم پر چلنے والے متعدد کمپیوٹرز کریش ہوگئے تھے۔
مزید پڑھیں




