مختصر زندگی اور آپ کا کردار ، تحریر: انجینیئر علی رضوان چوہدری
نقطہ نظر
زندگی حقیقت میں بہت مختصر ہے۔ انسان اس دنیا میں چند سانسوں کا مہمان ہے۔ آج جو شخص اپنے عہدے، دولت، شہرت اور طاقت پر ناز کرتا ہے، کل وہ بھی وقت کی دھول میں کہیں گم ہو جاتا ہے۔ دنیا کی ہر چیز عارضی ہے، مگر انسان کا کردار، اس کے اخلاق، اس کی محبت اور اس کی خدمت کے نقوش لوگوں کے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہتے ہیں۔
انسان کی اصل پہچان اس کا لباس، اس کا منصب، اس کی گاڑی، اس کا بنگلہ یا اس کے اردگرد موجود لوگوں کا ہجوم نہیں ہوتا، بلکہ اس کا کردار ہوتا ہے۔ اصل عظمت یہ نہیں کہ کتنے لوگ آپ کے سامنے سر جھکاتے ہیں، بلکہ اصل عظمت یہ ہے کہ کتنے لوگ آپ کی غیر موجودگی میں بھی آپ کی عزت کرتے ہیں۔
ہم ایک ایسے معاشرے میں زندگی گزار رہے ہیں جہاں اکثر لوگ دوسروں سے آگے نکلنے کی دوڑ میں اپنی انسانیت پیچھے چھوڑ دیتے ہیں۔ کسی کو عہدے کا غرور ہے، کسی کو دولت کا نشہ ہے اور کسی کو شہرت کا خمار۔ مگر افسوس! ہم یہ بھول جاتے ہیں کہ وقت کبھی ایک جیسا نہیں رہتا۔ آج جن لوگوں کے پاس اختیار ہے، کل وہ بھی عام انسانوں کی صف میں کھڑے ہوں گے۔ آج جن کے گرد لوگوں کا ہجوم ہے، کل ممکن ہے ان کے پاس چند مخلص چہرے بھی نہ ہوں۔
یاد رکھیے! انسان کی زندگی کا سب سے خوبصورت سرمایہ وہ دعائیں ہیں جو اسے کسی مجبور، بے سہارا، دکھی اور ضرورت مند انسان کے دل سے ملتی ہیں۔ کسی کے مشکل وقت میں اس کا سہارا بن جانا، کسی کے آنسو پونچھ دینا، کسی کی عزت بچا لینا، کسی نوجوان کی حوصلہ افزائی کرنا اور کسی ضرورت مند کی خاموشی سے مدد کر دینا، یہ وہ نیکیاں ہیں جن کی قیمت دنیا کی دولت سے ادا نہیں کی جا سکتی۔
ہمیں اپنی زندگی میں ایسے کام کرنے چاہئیں جن سے دوسروں کی زندگیوں میں آسانیاں پیدا ہوں۔ کیونکہ خدمت کے لیے کسی بڑے عہدے کی ضرورت نہیں ہوتی، بلکہ ایک بڑے دل کی ضرورت ہوتی ہے۔ بعض لوگ بڑے عہدوں پر فائز ہو کر بھی چھوٹے رہ جاتے ہیں، جبکہ بعض عام حیثیت میں رہتے ہوئے اپنے کردار اور خدمت سے تاریخ میں جگہ بنا لیتے ہیں۔
یہ بھی حقیقت ہے کہ ہر شخص آپ سے محبت نہیں کرے گا۔ کچھ لوگ آپ کی خاموشی کو کمزوری سمجھیں گے، کچھ آپ کی اچھائی کو مجبوری اور کچھ آپ کی کامیابی کو اپنی ناکامی تصور کریں گے۔ لیکن ان سب باتوں کے باوجود اپنے کردار کو خراب نہ ہونے دیں۔ لوگوں کے رویے آپ کے اخلاق کا معیار طے نہ کریں۔ آپ کا کام اچھا انسان بننا ہے، ہر شخص کو خوش رکھنا نہیں۔
زندگی میں اختلافات بھی آئیں گے، تنقید بھی ہوگی، مخالفت بھی ہوگی اور بعض اوقات اپنے بھی ساتھ چھوڑ جائیں گے۔ مگر ان حالات میں اپنی زبان، اپنے رویے اور اپنے اصولوں کو مت چھوڑیں۔ کیونکہ انسان کی اصل آزمائش خوشحالی میں نہیں بلکہ مشکل حالات میں ہوتی ہے۔
میری نظر میں کامیاب زندگی وہ نہیں جس میں انسان نے صرف اپنے لیے دولت، شہرت اور آسائشیں جمع کی ہوں، بلکہ کامیاب زندگی وہ ہے جس میں اس نے دوسروں کے لیے بھی کچھ کیا ہو۔ جب انسان اس دنیا سے رخصت ہوتا ہے تو اس کے ساتھ اس کی گاڑیاں، عہدے، دولت اور شہرت نہیں جاتیں۔ پیچھے رہ جاتے ہیں تو صرف اس کے اچھے یا برے اعمال اور لوگوں کے دلوں میں اس کی یادیں۔ہم عہد کریں کہ اپنی زندگی کو نفرتوں، حسد، غرور اور ذاتی مفادات کی نذر نہیں کریں گے۔ اپنے حصے کی روشنی بانٹیں گے، اپنے حصے کی خوشیاں دوسروں تک پہنچائیں گے اور جہاں ممکن ہو انسانیت کی خدمت کریں گے۔
کیونکہ زندگی کتنی لمبی گزری، یہ اہم نہیں؛ زندگی کتنی خوبصورت گزری، یہ اہم ہے۔
یاد رکھیے! دنیا سے ہر انسان نے ایک دن چلے جانا ہے، مگر کچھ لوگ اپنے کردار کی خوشبو چھوڑ جاتے ہیں۔ کوشش کریں کہ آپ کے جانے کے بعد لوگ آپ کے عہدے کو نہیں، آپ کے اخلاق کو یاد کریں؛ آپ کی دولت کو نہیں، آپ کی سخاوت کو یاد کریں؛ آپ کی شہرت کو نہیں، آپ کی انسانیت کو یاد کریں۔
زندگی مختصر ہے، اسے اس انداز سے گزاریں کہ آپ کی موجودگی لوگوں کے لیے رحمت اور آپ کی یاد دوسروں کے لیے ایک خوبصورت مثال بن جائے۔
مزید پڑھیں




