میں اپنا کالم کسی اور موضوع پر لکھ چکا تھا مگر آج ہمشیرہ مرحومہ کی قبر پر حاضری کے لیے پھولوں کی پتیاں لیے گھر سے نکلا تو راستے میں چند پھول زمین پر بکھرے دکھائی دیے۔ معلوم نہیں وہ کس خوشی کی محفل سے لائے گئے تھے، کس کے استقبال کے لیے نچھاور ہوئے تھے اور کتنے پاؤں کے نیچے روندے جا چکے تھے۔ انہیں دیکھ کر ایک لمحے کے لیے قدم رک گئے۔ ذہن میں ایک خیال آیا اور پھر خیالات کا ایک ایسا سلسلہ شروع ہوا جس کا اختتام قبرستان پہنچنے کے باوجود نہ ہو سکا۔
پھول کو ہم محبت کی علامت سمجھتے ہیں۔ کسی سے محبت کا اظہار کرنا ہو، کسی کی کامیابی پر خوشی منانی ہو، کسی کا استقبال کرنا ہو یا عقیدت پیش کرنی ہو، ہمارے ہاتھ بے اختیار پھولوں کی طرف بڑھتے ہیں۔ کسی بچے کی پیدائش پر پھول پیش کیے جاتے ہیں، شادی بیاہ میں حجلۂ عروسی پھولوں سے سجایا جاتا ہے، کامیابیوں کے جشن میں پھولوں کے ہار پہنائے جاتے ہیں اور جب کسی کا آخری سفر ہوتا ہے تو یہی پھول اس کی آخری آرام گاہ پر عقیدت اور محبت کے اظہار کے لیے رکھے جاتے ہیں۔ گویا پھول ہماری پیدائش سے لے کر رخصتی تک خوشیوں، محبتوں اور عقیدتوں کا ترجمان ہے۔
مگر ایک عجیب تضاد دیکھیے! یہی پھول جو ایک لمحہ پہلے کسی کی خوشی کی محفل کی شان بڑھا رہا ہوتا ہے، اگلے ہی لمحے زمین پر پڑا پاؤں تلے روند دیا جاتا ہے۔ شاید وہ اپنے آپ کو یہ تسلی دیتا ہو کہ میری زندگی کا مقصد ہی وہ ایک لمحہ تھا جس میں مجھے محبت اور خوشی کے اظہار کے لیے نچھاور کیا گیا۔ میں نے اپنا مقام پا لیا، اپنا حق ادا کر دیا، اب چاہے کوئی مجھے روند دے، میری خوشبو اور میری حیثیت کا مقصد تو پورا ہو چکا۔
پھولوں کو دیکھتے دیکھتے خیال انسانوں کی طرف چلا گیا۔ ہمارے گھروں میں بھی تو ہر روز پھول کھلتے ہیں۔ ہر پیدا ہونے والا بچہ اپنے ساتھ ایک نئی امید، ایک نیا خواب اور ایک نئی دنیا لے کر آتا ہے۔ اس کی مسکراہٹ گھر کی رونق ہوتی ہے، اس کی معصومیت آنکھوں کو بھلی لگتی ہے اور اس کے مستقبل سے پورا خاندان امیدیں وابستہ کرتا ہے۔ لیکن کیا ہر بچے کی قسمت میں ایک جیسی بہار لکھی ہوتی ہے؟
کسی بچے کی آنکھ کھلتی ہے تو اس کے استقبال کے لیے آسائشیں، وسائل اور سہولتیں موجود ہوتی ہیں۔ اسے بہترین تعلیم، بہتر ماحول اور اپنی صلاحیتیں منوانے کے مواقع ملتے ہیں۔ اس کی معمولی کامیابی بھی خاندان کے لیے فخر بن جاتی ہے۔ دوسری طرف کوئی بچہ ایسا بھی ہوتا ہے جس کی پیدائش پر ماں باپ کی خوشی تو یکساں ہوتی ہے، مگر زندگی کے اگلے مراحل میں اس کے حصے میں محرومیاں، وسائل کی کمی، عدم توجہی اور معاشرتی بے اعتنائی آتی ہے۔ ایک بچہ پھولوں کی سیج پر پروان چڑھتا ہے تو دوسرا حالات کے کانٹوں میں اپنی جگہ بنانے کی کوشش کرتا رہتا ہے۔ اس کی قابلیت، خواب اور صلاحیتیں کبھی غربت، کبھی سفارش اور کبھی طبقاتی تفریق کی نذر ہو جاتی ہیں۔
ہر پھول کی قسمت میں کہاں ناز عروساں <br />کچھ پھول تو کھلتے ہی مزاروں کے لیے ہیں
یہی تو ہمارے معاشرے کا المیہ ہے کہ ہم انسان کو اس کے اصل مقام سے پہچاننے میں اکثر ناکام رہتے ہیں۔ ہم نے عزت اور قدر و قیمت کے پیمانے اس کے اخلاق، قابلیت، کردار اور انسانیت کے بجائے اس کے سماجی مرتبے، عہدے، دولت اور خاندانی پس منظر سے وابستہ کر دیے ہیں۔ کسی کے پاس بڑا عہدہ ہو تو اس کی معمولی بات بھی ہمارے لیے اہم بن جاتی ہے، کسی کے پاس دولت ہو تو اس کی خامیاں بھی نظروں سے اوجھل ہو جاتی ہیں، لیکن ایک عام اور بے وسیلہ انسان کی خوبیوں کو بھی تسلیم کرنے میں ہمیں تامل ہوتا ہے۔
جیسے پھولوں میں بھی ہمارا رویہ دوہرا ہے۔ کسی پھول کو خوشیوں کی سیج پر سجایا جاتا ہے، کسی کو کسی کی عقیدت کے لیے قبر پر رکھا جاتا ہے اور کسی کو استعمال کے بعد بے دردی سے زمین پر چھوڑ دیا جاتا ہے۔ انسانوں کی قدر و قیمت کے معاملے میں بھی ہم نے کچھ ایسے ہی پیمانے بنا رکھے ہیں۔ محبت، عزت اور احترام کے مستحق ہونے کے لیے بھی جیسے کسی خاص سماجی حیثیت کا حامل ہونا ضروری ہو گیا ہے۔
حالانکہ محبت کا اصول تو بہت سادہ ہے: محبت بانٹنے سے بڑھتی ہے۔ یہ بات ہماری کتابوں میں بھی موجود ہے، ہمارے بزرگوں کی نصیحتوں میں بھی اور ہماری اخلاقی تعلیمات میں بھی، مگر عملی زندگی میں اس کا فقدان دکھائی دیتا ہے۔ ہم محبت کی باتیں تو بہت کرتے ہیں لیکن محبت کے تقاضے پورے کرنے میں اکثر ناکام رہتے ہیں۔ ہمارے گھروں میں معمولی اختلافات پر تعلقات ختم کرنے کے فیصلے سنا دیے جاتے ہیں۔ کبھی گھر کے بڑے بچوں کو یہ کہہ دیتے ہیں کہ آج کے بعد تم لوگوں نے فلاں ماموں یا چچا کے گھر نہیں جانا، ان سے کوئی تعلق واسطہ نہیں رکھنا۔ ذرا سوچیے، جن بچوں کے ذہنوں میں ہم ابتداء ہی سے رشتوں کے خلاف نفرت اور دوری کے بیج بو رہے ہوں، ان سے آگے چل کر محبت، برداشت اور رواداری کی توقع کیسے رکھ سکتے ہیں؟ بچوں کی تربیت صرف نصیحتوں سے نہیں، ہمارے اپنے رویوں سے بھی ہوتی ہے۔
پھول کی ایک خوبی یہ بھی ہے کہ وہ کانٹوں کے درمیان رہتے ہوئے بھی اپنی خوب صورتی، رنگت اور خوشبو برقرار رکھتا ہے۔ اسے اپنے اردگرد کے کانٹوں سے اپنی شناخت مستعار نہیں لینی پڑتی۔ وہ اپنی فطرت کے مطابق کھلتا ہے اور ماحول میں خوشبو بکھیرتا ہے۔ ہمیں بھی زندگی کے نامساعد حالات میں اپنے اخلاق، کردار اور ضمیر کی حفاظت کرنی چاہیے۔ مشکلات ہمیں تلخ مزاج، دوسروں کے لیے تکلیف دہ اور نفرت بانٹنے والا نہیں بنا دینی چاہییں۔ البتہ اس کے لیے ضروری ہے کہ ہم اپنے آنگن میں کھلنے والے پھولوں، یعنی اپنے بچوں کی حفاظت ایک اچھے مالی کی طرح کریں۔ انہیں صرف آسائشیں فراہم کرنا کافی نہیں، بلکہ ان کی ایسی تربیت بھی کریں کہ وہ دوسروں کی عزت کرنا، اختلاف برداشت کرنا اور انسان کو انسان سمجھنا سیکھیں۔ انہیں یہ بھی بتائیں کہ عزت کا اصل پیمانہ دولت، عہدہ یا خاندان نہیں، بلکہ کردار، قابلیت اور انسانیت ہے۔
لیکن اس کے لیے پہلے ہمیں اپنا پیمانہ درست کرنا ہوگا۔ ہمیں یہ طے کرنا ہوگا کہ ہماری محبت محض دکھاوے، مفاد اور تعلقات کی بنیاد پر نہیں ہوگی۔ کسی پھول کی قدر اس لیے نہیں ہوگی کہ وہ کسی بڑے بنگلے کے لان میں کھلا ہے، بلکہ اس لیے ہوگی کہ وہ پھول ہے۔ اسی طرح کسی انسان کی عزت اس کے لباس، رہائش یا سماجی حیثیت سے نہیں بلکہ اس کے کردار، صلاحیت اور رویّے سے متعین ہونی چاہیے۔ کسی غریب کی جھونپڑی میں کھلنے والی کلی بھی اتنی ہی توجہ، خلوص اور محبت کی مستحق ہے جتنا کسی امیر کے باغ میں کھلنے والا پھول۔
یہی اصول جب ہم اپنے قومی وجود پر لاگو کرتے ہیں تو پاکستان ایک خوب صورت چمن کی صورت ہمارے سامنے آتا ہے۔ اس چمن میں بسنے والا ہر پاکستانی ایک پھول ہے۔ کوئی علم و ادب کا نمائندہ ہے، کوئی سائنس و ٹیکنالوجی میں مہارت رکھتا ہے، کوئی اپنے ہنر سے معاشرے کی تعمیر کرتا ہے اور کوئی اپنے ہاتھوں کی محنت سے اس ملک کا پہیہ چلاتا ہے۔ ہر شخص اس باغ کی رونق اور اس کے مستقبل کا حصہ ہے۔ ہم سب اس باغ کے مالی ہیں اور اس کی حفاظت ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے۔
مگر افسوس کہ ہماری فصلیں، ہمارے پھول اور ہماری کلیاں ہمارے ہی رویوں کے ہاتھوں روندی جا رہی ہیں۔ گزشتہ پانچ برس کے سرکاری اعدادوشمار اس المیے کی ایک جھلک دکھاتے ہیں۔ بیورو آف امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ کے مطابق 2021 سے 2025 کے دوران تقریباً دو لاکھ دو ہزار ایسے افراد بیرونِ ملک ملازمت کے لیے رجسٹر ہوئے جو انتہائی تعلیم یافتہ یا انتہائی ہنرمند زمروں میں شمار ہوتے ہیں۔ ان میں ڈاکٹر، انجینئر، اکاؤنٹنٹ اور دیگر اعلیٰ تعلیم و مہارت رکھنے والے افراد بھی شامل ہیں۔ یہ تعداد صرف ملازمت کے لیے رجسٹر ہونے والوں کی ہے، تمام مستقل طور پر ملک چھوڑنے والوں کی نہیں۔ تاہم سوال اپنی جگہ موجود ہے کہ ہمارے نوجوان اپنی صلاحیتوں کو اپنے ہی ملک میں بروئے کار لانے کے بجائے دوسرے ممالک کی ترقی میں حصہ ڈالنے کے لیے کیوں کوشاں ہیں؟ یہ صرف افرادی قوت کا بیرون ملک جانا نہیں، ہمارے قومی چمن کے کئی قیمتی پھولوں کا دوسرے باغات کی رونق بن جانا بھی ہے۔
ہمیں سوچنا ہوگا کہ کہیں ہم خود تو اپنے ہاتھوں سے ان پھولوں کو نہیں روند رہے؟ کہیں ہماری ترجیحات، عدم مساوات، میرٹ کی پامالی، بے قدری اور مواقع کی کمی ان کے خوابوں کو کچلنے کا سبب تو نہیں بن رہی؟ اگر ایک باصلاحیت نوجوان کو اپنی قابلیت کے مطابق مقام، عزت اور روزگار اپنے وطن میں میسر نہ ہو تو اس کے جانے کا دکھ منانے سے پہلے ہمیں اپنے نظام اور رویّوں کا جائزہ لینا ہوگا۔ کسی پھول کو اپنے باغ میں روکنے کے لیے صرف محبت کا دعویٰ کافی نہیں، اسے پھلنے پھولنے کے لیے سازگار ماحول بھی دینا پڑتا ہے۔
یقیناً جہاں پھول ہوتے ہیں وہاں کانٹے بھی ہوتے ہیں۔ ہر معاشرے میں ایسے لوگ موجود ہوتے ہیں جن کے رویے دوسروں کے لیے نقصان دہ ہوتے ہیں۔ ان کا احتساب ضروری ہے، مگر اس کے لیے قانون اور ادارے موجود ہیں۔ ہر شخص کو اپنے ذاتی غصے، نفرت یا ضد کی بنیاد پر کسی دوسرے کے لیے نفرت کا ماحول پیدا کرنے کا حق نہیں دیا جا سکتا۔ نفرت کسی مسئلے کا حل نہیں، بلکہ اکثر خود ایک نئے مسئلے کو جنم دیتی ہے۔ ہمیں برے رویوں کا احتساب ضرور کرنا چاہیے، مگر اس احتساب کو اجتماعی نفرت اور ذاتی انتقام میں تبدیل نہیں ہونے دینا چاہیے۔
پاکستان کے ہر شہر، ہر گلی اور ہر کوچے میں بسنے والا پاکستانی عزت، احترام اور محبت کا مستحق ہے۔ ہمیں اپنے معاشرتی رویوں کا پیمانہ مساوات بنانا ہوگا، نفرت اور امتیاز نہیں۔ اپنے بچوں کو بھی یہی سکھانا ہوگا کہ کسی انسان کی عزت اس کے مرتبے سے نہیں، اس کے انسان ہونے سے وابستہ ہے۔ کسی کے ساتھ اختلاف ہو سکتا ہے، کسی کے عمل پر تنقید بھی کی جا سکتی ہے، لیکن اس کی انسانی حیثیت اور عزت نفس کو پامال کرنا کسی صورت درست نہیں۔
میں انہی خیالات کے ساتھ ہمشیرہ مرحومہ کی قبر سے واپس گھر پہنچا تو محسوس ہوا کہ راستے میں دیکھے ہوئے وہ چند روندے ہوئے پھول محض پھول نہیں تھے، بلکہ ہمارے معاشرے اور ہمارے قومی رویوں کا ایک استعارہ تھے۔ ان سے شروع ہونے والا خیال اب پاکستان کے مستقبل تک پھیل چکا تھا۔ اس خیال کا سارا تانا بانا آپ کے سامنے ہے۔
ہمیں سب سے پہلے اپنے چمن، اپنے پاکستان کی فکر کرنی ہے۔ اس کے بعد اس چمن میں کھلنے والے ہر پھول اور ہر کلی کی حفاظت کرنی ہے۔ ایک اچھا مالی صرف پھولوں کو پانی نہیں دیتا، بلکہ ان کی نشوونما کے لیے سازگار ماحول بھی بناتا ہے، انہیں نقصان پہنچانے والے عناصر سے محفوظ رکھتا ہے اور ان کے پروان چڑھنے کا انتظار کرتا ہے۔ اگر ہمیں اپنے قومی چمن میں اچھی فصل چاہیے تو اس کی حفاظت بھی کرنا ہوگی، اسے چوروں، لٹیروں اور نقصان پہنچانے والے عناصر سے بچانا ہوگا اور اس کے لیے قانون کی عمل داری اور اجتماعی ذمہ داری دونوں کو یقینی بنانا ہوگا۔
یہ باغ ہمارے بزرگوں کی امانت اور ہماری آنے والی نسلوں کا مستقبل ہے۔ اس کی حفاظت صرف کسی ایک ادارے، حکومت یا فرد کی ذمہ داری نہیں، ہم سب اس کے مالی ہیں۔ اگر آج ہم نے اپنے بچوں، نوجوانوں، باصلاحیت افراد اور عام شہریوں کی قدر نہ کی، انہیں محبت، مساوات اور مواقع فراہم نہ کیے تو کل شاید ہمارے پاس ایک اجڑا ہوا چمن اور چند روندے ہوئے پھولوں کی یاد ہی باقی رہ جائے۔
ہمیں ایسا پاکستان بنانا ہے جہاں کسی پھول کی قسمت اس کے گھر، خاندان یا مالی حیثیت سے طے نہ ہو؛ جہاں ہر کلی کو کھلنے کا موقع ملے، ہر پھول کو اس کی خوشبو کے مطابق پہچانا جائے اور کسی کو محض اس لیے پاؤں تلے نہ روند دیا جائے کہ وہ کسی بڑے باغ میں نہیں، کسی غریب کی جھونپڑی میں کھلا تھا۔
اس سے پہلے کہ ہمارے اپنے مالی ہی ہمارے ارمانوں اور خوشیوں کے قاتل بن جائیں، ہمیں اپنے ہاتھوں میں نفرت کے بجائے محبت کا پانی اٹھانا ہوگا۔
کیونکہ ان پھولوں کی حفاظت ہی پاکستان کی حفاظت ہے، اور انہیں روندنا دراصل پاکستان کے مستقبل کو روندنا ہے۔ یہ دنیا جس میں ہم جی رہے ہیں یہ دھرتی جہاں ہم آزادی کا سانس لے رہے ہیں یہ ہمارے بزرگوں کی میراث سے زیادہ ہمارے بچوں کی امانت ہے ۔
مزید پڑھیں





