مسکراتے چہرے اور دل کے ان کہے دکھ ،تحریر: ایس اے شازِم
نقطہ نظر
ہمارا چہرہ بھی عجب مانندِ کتاب ہے۔ اس کے ہر صفحے پر ایک الگ ہی کہانی لکھی ہوتی ہے۔ کہیں چہرے پر مسکراہٹ کے پھول کھلے دکھائی دیتے ہیں، تو کہیں آنکھوں کی خاموشی کسی گہرے کرب کی نشاندہی کر رہی ہوتی ہے۔ کہیں چہرہ مطمئن نظر آتا ہے، تو کہیں ماتھے کی شکنیں اندرونی بے چینی کا پتا دیتی ہیں مگر ہمارا المیہ یہ ہے کہ ہم چہروں کو پڑھنے کے ہنر سے ناواقف ہو چکے ہیں۔ ہم تو بس ان پر سجی مسکراہٹوں کو دیکھنے کے عادی ہوتے ہیں۔
ہم جس معاشرے میں سانس لے رہے ہیں، وہاں خوش دکھائی دینا شاید خوش ہونے سے زیادہ ضروری سمجھا جانے لگا ہے۔ انسان اپنے دکھ چھپانے کے لیے مسکراہٹ کا سہارا لیتا ہے، اپنی پریشانیوں پر خوش مزاجی کا پردہ ڈال دیتا ہے اور اپنے اندر کے شور کو دنیا کے سامنے خاموشی بنا کر پیش کرتا ہے۔
ذرا اپنے اردگرد نگاہ دوڑائیے! تو کتنے ہی لوگ ایسے ملیں گے جو ہر محفل میں خوش مزاج دکھائی دیتے ہیں۔ دوسروں کی جگتوں پر ہنستے ہیں، دوستوں کی خوشیوں میں شریک ہوتے ہیں، سوشل میڈیا پر مسکراتی ہوئی تصاویر لگاتے ہیں اور اپنی زندگی کو خوشیوں سے بھرپور ظاہر کرتے ہیں۔ لیکن کیا ہم نے کبھی سوچا ہے کہ ان مسکراتے چہروں کے پیچھے کتنی ادھوری خواہشیں، کتنی ناکامیاں، کتنے نامکمل خواب اور کتنی بے نام پریشانیاں چھپی ہو سکتی ہیں؟
یہ ضروری نہیں کہ جو شخص ہر وقت ہنستا دکھائی دے، اس کی زندگی میں کوئی مسئلہ نہ ہو۔ بعض لوگ اپنے دکھ دوسروں پر ظاہر نہیں کرنا چاہتے۔ انہیں خوف ہوتا ہے کہ کہیں ان کی کمزوری کو ان کے خلاف استعمال نہ کر لیا جائے۔ کہیں ان کے آنسوؤں کو ان کی بے بسی نہ سمجھ لیا جائے۔ کہیں ان کی خاموشی کو مغروریت اور ان کی پریشانی کو ناشکری کا نام نہ دے دیا جائے۔ چنانچہ وہ اپنے جذبات کو اپنے ہی اندر دفن کرنا سیکھ لیتے ہیں۔
ہمارے معاشرے کا ایک بڑا المیہ یہ بھی ہے کہ ہم دوسروں کی زندگیوں کا فیصلہ ان کے ظاہری حالات دیکھ کر کرنے لگتے ہیں۔ کسی کے پاس اچھا گھر، اچھی گاڑی، آسائشیں اور مالی وسائل ہوں تو ہم سمجھتے ہیں کہ اس سے زیادہ خوش قسمت کوئی نہیں۔ کسی کی تصاویر میں مسکراہٹ ہو تو ہم اسے بے فکر تصور کرتے ہیں۔ لیکن حقیقت یہ ہے کہ آسائشیں ہمیشہ سکون کی ضمانت نہیں ہوتیں۔ بعض اوقات انسان کے پاس دنیا کی تمام سہولتیں موجود ہوتی ہیں، مگر دل کے اندر ایک ایسا خلا ہوتا ہے جسے کوئی دولت، کوئی شہرت اور کوئی آسائش پُر نہیں کر سکتی۔
یہی کیفیت ہمارے گھروں کے اندر بھی دکھائی دیتی ہے۔ ایک ماں پورے گھر کی ضروریات پوری کرتے کرتے اپنی تھکن بھول جاتی ہے۔ وہ سب کے لیے مسکراتی ہے، بچوں کی خواہشات پوری کرتی ہے، گھر کے مسائل سنبھالتی ہے، مگر شاید ہی کوئی اس سے پوچھتا ہو کہ آج تمہارا دن کیسا گزرا؟ تمہارے دل پر کیا بیت رہی ہے؟ تمہیں بھی کبھی آرام کی ضرورت محسوس ہوتی ہے؟ بس بہت ہوگیا کام، اب آرام کرو۔۔۔
اسی طرح ایک باپ اپنی اولاد کے مستقبل کی خاطر اپنی خواہشات کو پسِ پشت ڈال دیتا ہے۔ اس کے چہرے پر اطمینان ہوتا ہے مگر اس کے ماتھے کی شکنیں عمر بھر کی ذمہ داریوں کا بوجھ بیان کر رہی ہوتی ہیں۔
ہمارے معاشرتی رویوں میں ایک تضاد اور بھی موجود ہے۔ ہم دوسروں سے توقع رکھتے ہیں کہ وہ ہماری بات سنیں، ہماری پریشانی سمجھیں اور ہمارے جذبات کی قدر کریں، لیکن جب کوئی دوسرا اپنی کیفیت بیان کرنے لگتا ہے تو ہم اسے چند رسمی جملوں میں خاموش کروا دیتے ہیں۔ کبھی کہتے ہیں، اتنا مت سوچو، کبھی نصیحت کرتے ہیں کہ زندگی میں سب کے ساتھ ایسا ہوتا ہے اور کبھی یہ کہہ کر بات ختم کر دیتے ہیں کہ تمہیں تو اللہ نے سب کچھ دیا ہے، پھر پریشانی کیسی؟
حالانکہ ہر انسان کا دکھ اپنی جگہ اہم ہوتا ہے۔ کسی کی تکلیف کو دوسرے کی تکلیف سے کم تر قرار دینا دراصل اس کے احساسات کی نفی کرنا ہے۔ ہمیں یہ سمجھنے کی ضرورت ہے کہ ہر شخص کی برداشت، حالات اور جذباتی کیفیت مختلف ہوتی ہے۔ جس بات کو ہم معمولی سمجھ کر نظرانداز کر دیتے ہیں، ممکن ہے وہ کسی دوسرے کے لیے انتہائی تکلیف دہ ہو۔
سوشل میڈیا نے اس ظاہری خوشی کے تصور کو مزید تقویت دی ہے۔ اب زندگی کے خوب صورت لمحات کو دکھانا آسان ہو گیا ہے، مگر ان لمحات کے پیچھے چھپی حقیقت کو سمجھنا مشکل۔ لوگ اپنی کامیابیاں، تقریبات، سفر، تحائف اور مسکراتی تصاویر دوسروں کے ساتھ بانٹتے ہیں۔ نتیجتاً دیکھنے والے اپنی زندگی کا موازنہ ان منتخب لمحوں سے کرنے لگتے ہیں۔ انہیں محسوس ہوتا ہے کہ شاید سب کی زندگی ان سے زیادہ خوش گوار ہے، صرف وہی مسائل میں گھرے ہوئے ہیں۔
لیکن حقیقت یہ ہے کہ سوشل میڈیا پر دکھائی دینے والی زندگی مکمل زندگی نہیں ہوتی۔ وہاں عموماً وہی منظر پیش کیا جاتا ہے جسے انسان دنیا کے سامنے لانا چاہتا ہے۔ کوئی اپنی ناکامیوں کا اشتہار نہیں لگاتا، کوئی اپنی بے خوابی کی تصویر نہیں دکھاتا اور کوئی اپنے دل کے بوجھ کو اسٹیٹس پر لکھنے سے پہلے کئی مرتبہ سوچتا ہے۔ یوں خوشیوں کی نمائش کا ایک ایسا سلسلہ قائم ہو جاتا ہے جس میں ہر شخص دوسرے کو مطمئن دکھائی دیتا ہے، مگر شاید خود اپنے اندر کسی نامعلوم سکون کی تلاش میں ہوتا ہے۔
یہاں سوال پیدا ہوتا ہے کہ کیا اپنے دکھ چھپانا درست ہے؟ کیا ہر حال میں مسکراتے رہنا ہی مضبوط شخصیت کی علامت ہے؟ میرے نزدیک انسان کو اپنے جذبات کے اظہار کا حق حاصل ہے۔ رونا کمزوری نہیں، اپنی پریشانی بیان کرنا بے بسی نہیں اور کسی سے مدد مانگنا شکست نہیں۔ مضبوطی کا مطلب یہ نہیں کہ انسان کبھی تھکے نہیں، کبھی ٹوٹنے کا احساس نہ کرے یا کبھی کسی کے سامنے اپنی کیفیت بیان نہ کرے۔ حقیقی مضبوطی تو یہ ہے کہ انسان اپنی کیفیت کو پہچانے، ضرورت پڑنے پر مدد حاصل کرے اور زندگی کے مسائل کا سامنا کرنے کا حوصلہ برقرار رکھے۔
ہمیں اپنے رویوں پر بھی غور کرنا ہوگا۔ کسی سے ملاقات ہو تو صرف اس کی مسکراہٹ دیکھ کر مطمئن نہ ہو جائیں۔ کبھی اس کی خاموشی کو بھی اہمیت دیں۔ کبھی رسمی گفتگو سے آگے بڑھ کر پوچھیں کہ واقعی سب خیریت ہے؟ اور اگر کوئی اپنے دل کی بات کہنا چاہے تو اسے نصیحتوں کے بوجھ تلے دبانے کے بجائے توجہ سے سنیں۔ ممکن ہے ہمارے چند ہمدردانہ الفاظ کسی کے لیے حوصلے کا سبب بن جائیں اور کوئی ہماری وجہ سے پھر سے زندگی کی طرف واپس لوٹ آئے۔
رشتوں کی خوب صورتی بھی اسی احساس میں پوشیدہ ہے کہ ہم ایک دوسرے کے چہروں کے پیچھے چھپی کیفیت کو سمجھنے کی کوشش کریں۔ شریکِ حیات، والدین، اولاد، بہن بھائی اور دوست، سب کو کبھی نہ کبھی ایسے شخص کی ضرورت ہوتی ہے جو ان کی بات بغیر کسی فیصلے اور تنقید کے سن سکے کیونکہ ہر مسئلے کا حل دینا ضروری نہیں ہوتا، بعض اوقات کسی کو صرف یہ یقین دلانا کافی ہوتا ہے کہ وہ تنہا نہیں ہے۔
ہمیں یہ بھی یاد رکھنا چاہیے کہ خوشی کوئی مستقل کیفیت نہیں۔ زندگی میں اچھے اور برے دن آتے رہتے ہیں۔ کبھی انسان بے وجہ خوش ہوتا ہے اور کبھی تمام آسائشوں کے باوجود اداس محسوس کرتا ہے۔ اس لیے کسی کے چہرے پر اداسی دیکھ کر اسے ناشکرا اور مسکراہٹ دیکھ کر اسے بے فکر قرار دینا مناسب نہیں۔
ماتھے کی شکنیں ہمیشہ بڑھتی عمر کی علامت نہیں ہوتیں، بعض اوقات یہ ان ذمہ داریوں، پریشانیوں اور ان کہے جذبات کی گواہ ہوتی ہیں جنہیں انسان برسوں سے اپنے اندر سنبھالے ہوئے ہوتا ہے۔
آئیے! ہم سب کوشش کرتے ہیں ایک ایسا معاشرہ تشکیل دینے کی جہاں انسان کو ہر وقت خوش دکھائی دینے کا کردار نہ نبھانا پڑے۔ جہاں کوئی اپنی پریشانی بیان کرے تو اسے کمزور نہ سمجھا جائے، جہاں خاموشی کو غرور کا نام نہ دیا جائے اور جہاں مسکراتے چہروں کے پیچھے چھپی تھکن کو بھی محسوس کیا جا سکے۔
کیونکہ زندگی صرف مسکراتی ہوئی تصاویر، خوب صورت لباس، کامیابیوں اور تقریبات کا نام نہیں۔ زندگی ان لمحوں کا مجموعہ بھی ہے جن میں انسان خود سے لڑتا ہے، اپنے خوابوں کو سنبھالتا ہے، اپنی ذمہ داریاں نبھاتا ہے اور پھر اگلی صبح ایک نئی مسکراہٹ کے ساتھ دنیا کے سامنے آ کھڑا ہوتا ہے۔
یاد رکھیے! ہر مسکراتا چہرہ خوش نہیں ہوتا اور ہر خاموش شخص بے حس نہیں ہوتا۔ کچھ لوگ اپنے اندر کئی موسم سمیٹے پھرتے ہیں مگر دنیا کو صرف بہار دکھاتے ہیں۔ اس لیے لوگوں کی مسکراہٹوں پر تبصرہ کرنے سے پہلے ان کے احساسات کی قدر کرنا سیکھیے، کیونکہ کبھی کبھی ایک نرم لہجہ، ایک ہمدردانہ جملہ اور چند لمحوں کی توجہ کسی کے لیے پوری دنیا کی خوشی بن سکتی ہے۔ اس لیے اپنے آس پاس نظر دوڑاتے رہیں اور خوشیاں بانٹتے رہیں۔
مزید پڑھیں




