جمعہ، 13 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

اندھیروں میں ٹمٹماتے جگنو، تحریر: ماہ نور کنول

نقطہ نظر

رات کے گہرے اندھیرے میں جب ہر طرف خاموشی چھا جاتی ہے، راستے دھندلا جاتے ہیں اور روشنی کے تمام بڑے ذرائع نگاہوں سے اوجھل ہو جاتے ہیں، تب کہیں دور کسی جھاڑی کے قریب ایک ننھا سا جگنو ٹمٹماتا دکھائی دیتا ہے۔ اس کی روشنی اتنی مختصر ہوتی ہے کہ وہ پورے جنگل کو روشن نہیں کر سکتی، نہ ہی رات کے اندھیرے کو ختم کرنے کا دعویٰ کرتی ہے مگر اس کی موجودگی یہ احساس ضرور دلاتی ہے کہ اندھیرا چاہے کتنا ہی گہرا کیوں نہ ہو، روشنی کا امکان کبھی ختم نہیں ہوتا۔ کبھی غور کیا ہے کہ ہماری زندگیوں میں بھی ایسے کتنے ہی جگنو موجود ہوتے ہیں؟ ایسے لوگ جو نہ کسی بڑے عہدے پر فائز ہوتے ہیں، نہ ان کے پاس دولت کے انبار ہوتے ہیں، نہ ان کے نام کے چرچے ہوتے ہیں مگر ان کا ایک چھوٹا سا عمل کسی دوسرے انسان کی زندگی میں روشنی بھر دیتا ہے۔ وہ کسی مایوس شخص کو حوصلہ دیتے ہیں، کسی بھوکے کو کھانا کھلاتے ہیں، کسی یتیم کے سر پر شفقت کا ہاتھ رکھتے ہیں، کسی پریشان حال کی بات سن لیتے ہیں یا کسی ٹوٹے ہوئے انسان کو دوبارہ جینے کی امید دے دیتے ہیں۔ یہ لوگ بظاہر معمولی دکھائی دیتے ہیں مگر کسی کی زندگی میں ان کی اہمیت کسی روشن چراغ سے کم نہیں ہوتی۔ ہماری ایک بڑی معاشرتی کمزوری یہ ہے کہ ہم روشنی کو ہمیشہ بڑے ناموں، بڑے عہدوں اور بڑی کامیابیوں میں تلاش کرتے ہیں۔ ہمیں وہ شخص زیادہ متاثر کرتا ہے جس کے گرد لوگوں کا ہجوم ہو، جس کی بات سنی جاتی ہو اور جس کی تعریف میں محفلیں سجتی ہوں لیکن ہم اکثر اس خاموش انسان کو نظر انداز کر دیتے ہیں جو کسی کی مشکل میں اس کے ساتھ کھڑا ہوتا ہے، بغیر کسی تشہیر کے مدد کرتا ہے اور کسی کے چہرے پر مسکراہٹ لانے کے لیے اپنی سہولت تک قربان کر دیتا ہے۔ حالانکہ انسان کی اصل بڑائی اس بات میں نہیں کہ کتنے لوگ اسے جانتے ہیں، بلکہ اس میں ہے کہ اس کے ہونے سے کتنے لوگوں کی زندگی آسان ہوتی ہے۔ ذرا اپنے اردگرد دیکھیے! کتنے ہی لوگ ایسے ہیں جو خود پریشانیوں میں گھرے ہونے کے باوجود دوسروں کے لیے آسانیاں پیدا کرتے ہیں۔ کوئی استاد اپنے محدود وسائل کے باوجود کسی بچے کو مفت پڑھاتا ہے، کوئی ڈاکٹر ضرورت مند مریض کی فیس معاف کر دیتا ہے، کوئی شخص کسی بے روزگار کے لیے روزگار کا راستہ تلاش کرتا ہے، کوئی اجنبی کسی مسافر کی مدد کر دیتا ہے اور کوئی ایسا بھی ہوتا ہے جو صرف چند تسلی کے الفاظ کہہ کر کسی کو مایوسی کے اندھیرے سے نکال لیتا ہے۔ یہ سب اپنے اپنے حصے کے جگنو ہیں لیکن افسوس! ہم نے اپنی ترجیحات کچھ اس طرح بدل لی ہیں کہ دوسروں کے لیے آسانی پیدا کرنے کے بجائے اکثر اپنی برتری ثابت کرنے میں لگے رہتے ہیں۔ کسی کی کامیابی ہمیں خوش کرنے کے بجائے پریشان کرتی ہے، کسی کی مقبولیت ہمارے اندر مقابلے کا احساس جگا دیتی ہے اور کسی کی تعریف سن کر ہم اس کی خوبیوں کے بجائے خامیاں تلاش کرنے لگتے ہیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ لوگ ہماری روشنی دیکھیں مگر خود کسی دوسرے کے اندھیرے میں چراغ بننے کے لیے تیار نہیں ہوتے۔ کیا یہ رویہ ہمارے معاشرے کو مزید تاریک نہیں کر رہا؟

ہم دوسروں سے اچھے اخلاق کی توقع رکھتے ہیں مگر خود اپنے لہجے کا جائزہ نہیں لیتے۔ ہم چاہتے ہیں کہ کوئی ہماری پریشانی سمجھے مگر کسی دوسرے کی خاموشی کے پیچھے چھپا دکھ جاننے کی کوشش نہیں کرتے۔ ہم چاہتے ہیں کہ ہماری غلطیوں کو معاف کیا جائے لیکن دوسروں کی ایک لغزش کو ان کی پوری شخصیت کا تعارف بنا دیتے ہیں۔

یاد رکھیے! کبھی کبھی کسی انسان کو بڑے مالی تعاون کی ضرورت نہیں ہوتی، اسے صرف ایک ایسے شخص کی ضرورت ہوتی ہے جو اس کی بات سنے، اسے حقیر نہ سمجھے اور مشکل وقت میں اس کا ساتھ نہ چھوڑے۔ بعض اوقات ایک نرم جملہ، ایک مخلصانہ مشورہ اور چند لمحوں کی توجہ کسی انسان کو اس فیصلے سے واپس لے آتی ہے جو اس کی زندگی کے لیے نقصان دہ ہو سکتا تھا۔ یہی وہ مقامات ہیں جہاں انسان کا کردار جگنو کی صورت اختیار کرتا ہے۔

ایک بچہ اگر کسی بڑے کو کسی کمزور کے ساتھ شفقت سے پیش آتے دیکھتا ہے تو وہ شفقت سیکھتا ہے۔ ایک نوجوان اگر کسی شخص کو بغیر کسی مفاد کے دوسروں کی مدد کرتے دیکھتا ہے تو اس کے اندر بھی خدمت کا جذبہ پیدا ہوتا ہے۔ایک معاشرہ صرف قوانین، اداروں اور نعروں سے بہتر نہیں بنتا، بلکہ اس کے افراد کے روزمرہ رویّے اس کی اصل بنیاد ہوتے ہیں اگر ہر شخص اپنے حصے کی ذمہ داری سمجھ لے تو بہت سی ایسی مشکلات کم ہو سکتی ہیں جنہیں ہم ہمیشہ دوسروں کی ذمہ داری قرار دے کر آگے بڑھ جاتے ہیں۔ ہمیں یہ بھی سمجھنا ہوگا کہ جگنو بننے کے لیے بے عیب ہونا ضروری نہیں۔ ہر انسان کی اپنی کمزوریاں، پریشانیاں اور محرومیاں ہوتی ہیں۔ ممکن ہے جو شخص آج کسی دوسرے کے لیے روشنی بن رہا ہے، کل خود کسی کے حوصلے کا محتاج ہو۔ اس لیے کسی کی مدد کرتے ہوئے یہ احساس نہیں ہونا چاہیے کہ ہم اس پر کوئی احسان کر رہے ہیں۔ نیکی کا حسن اسی وقت برقرار رہتا ہے جب اس کے ساتھ غرور، تشہیر اور بدلے کی خواہش شامل نہ ہو۔

اللہ پاک نے انسان کو ایک دوسرے کے لیے خیر کا ذریعہ بننے کی صلاحیت عطا کی ہے۔ کسی کے دکھ کو کم کرنا، کسی ضرورت مند کی ضرورت پوری کرنا، کسی بھٹکے ہوئے کو درست راستہ دکھانا اور کسی مایوس دل میں امید پیدا کرنا بھی ہماری اخلاقی ذمہ داریوں میں شامل ہے۔ نیکی بڑی نہیں ہوتی لیکن اس کا اثر بہت گہرا ہو سکتا ہے۔ ہم کسی کے لیے پوری دنیا تو نہیں بدل سکتے مگر اس کی دنیا کا ایک مشکل دن ضرور آسان بنا سکتے ہیں اور ایک بات ہمیں اپنے اندر بھی تلاش کرنی چاہیے: کیا ہمارے اندر کا جگنو ابھی زندہ ہے؟

کیا ہم اب بھی کسی کی تکلیف دیکھ کر بے چین ہوتے ہیں؟ کیا کسی کی کامیابی پر دل سے خوش ہو سکتے ہیں؟ کیا کسی ضرورت مند کی مدد کرتے ہوئے اس کی عزتِ نفس کا خیال رکھتے ہیں؟ کیا ہم کسی کی کمزوری کو اس کے خلاف استعمال کرنے کے بجائے اسے سنبھلنے کا موقع دیتے ہیں؟ اگر ان سوالوں کے جواب نفی میں ہیں تو شاید ہمیں دوسروں کے رویّوں پر انگلی اٹھانے سے پہلے اپنے اندر کی روشنی کو دوبارہ تلاش کرنے کی ضرورت ہے۔

دنیا میں ہر شخص سورج نہیں بن سکتا، ہر شخص کے پاس بڑے وسائل نہیں ہوتے اور نہ ہی ہر انسان کے لیے ممکن ہے کہ وہ کسی بڑی تبدیلی کا سبب بنے لیکن ہر انسان کے پاس اتنی گنجائش ضرور ہوتی ہے کہ وہ اپنے حصے کی بھلائی کر سکے۔ کسی کے لیے آسانی پیدا کر سکے، کسی کا حوصلہ بن سکے، کسی کے حق میں دعا کر سکے اور کسی کے چہرے پر مسکراہٹ کی وجہ بن سکے۔

ہمیں یہ بھی یاد رکھنا چاہیے کہ جگنو کی روشنی مستقل نہیں دکھائی دیتی، وہ کبھی ٹمٹماتی ہے اور کبھی نگاہوں سے اوجھل ہو جاتی ہے۔ اسی طرح انسان کی زندگی میں بھی اچھے اور برے دن آتے ہیں۔ کبھی ہم کسی کے لیے سہارا بنتے ہیں اور کبھی خود سہارے کے محتاج ہو جاتے ہیں۔ اس لیے کسی کو اس کی کمزوری کے وقت تنہا نہ چھوڑیے۔ آج اگر کسی کے اندھیرے میں آپ روشنی بن سکتے ہیں تو کل ممکن ہے آپ کو بھی کسی جگنو کی ضرورت پڑ جائے۔

آئیے! بڑے نام بننے کی دوڑ میں اچھا انسان بننا نہ بھولیں۔ لوگوں کی نظروں میں نمایاں ہونے سے پہلے کسی کے دل میں جگہ بنانے کی کوشش کریں۔ اپنی کامیابی کے چراغ روشن کرتے ہوئے دوسروں کے چراغ بجھانے سے گریز کریں۔ کسی کے راستے میں رکاوٹ بننے کے بجائے اس کے لیے آسانی پیدا کریں اور اگر آپ کے پاس کسی کو دینے کے لیے دولت، اختیار یا بڑے وسائل نہیں تو کم از کم اپنا اچھا رویہ، مخلصانہ مشورہ، نرم لہجہ اور دعا تو دے ہی سکتے ہیں کیوں کہ معاشرے صرف بڑے انقلابوں سے نہیں بدلتے، کبھی کبھی کسی ایک انسان کی چھوٹی سی نیکی بھی تبدیلی کا آغاز بن جاتی ہے۔ جگنو کا کام سورج بننا نہیں، اپنے حصے کی روشنی بانٹنا ہے اور شاید زندگی کی سب سے بڑی کامیابی بھی یہی ہے کہ ہمارے وجود سے کسی دوسرے کا اندھیرا کچھ کم ہو جائے۔