گیارہ گیارہ سیل، رعایت کا میلہ یا خواہشات کا جال ،تحریر: فری خان
نقطہ نظر
کیا آپ جانتے ہیں کہ 11.11 جسے آج ہم بڑی بڑی سیل، ڈسکاؤنٹ اور آن لائن خریداری کے نام سے جانتے ہیں، اس کی ابتدا خریداری سے نہیں ہوئی تھی؟
اس دن کی کہانی 1990 کی دہائی میں چین کی یونیورسٹیوں سے شروع ہوئی۔ وہاں نوجوان 11 نومبر کو ان لوگوں کے دن کے طور پر منانے لگے جو غیر شادی شدہ تھے۔ اس تاریخ میں چار مرتبہ ایک کا ہندسہ آتا ہے، جسے اکیلے پن کی علامت سمجھا گیا۔ اس دن کو سنگلز ڈے (Singles’ Day) کا نام دیا گیا۔
لیکن پھر کاروباری دنیا نے اس دن کو پیسہ کمانے کا ایک اچھا موقع سمجھا۔ 2009 میں چین کی مشہور آن لائن کمپنی علی بابا نے 11 نومبر کو بڑی خریداری کی سیل میں بدل دیا۔ شروع میں چند دکانوں نے حصہ لیا، لیکن آہستہ آہستہ یہ مہم اتنی مشہور ہوئی کہ دنیا کے کئی ممالک میں 11.11 سیل شروع ہو گئی۔ یوں ایک عام سماجی روایت خریداری کے بڑے دن میں بدل گئی۔
اب ذرا اپنے معاشرے کی طرف دیکھیے!
آج ہمارے ہاں بھی 11.11 کے نام سے ہر طرف سیل لگی ہوتی ہے۔ موبائل پر بار بار اشتہارات آتے ہیں۔ کہیں 50 فیصد رعایت ہے، کہیں 70 فیصد اور کہیں ایک چیز خریدنے پر دوسری مفت دینے کا اعلان ہوتا ہے۔ خریدار کو یہ احساس دلایا جاتا ہے کہ اگر اس نے ابھی خریداری نہ کی تو وہ ایک بڑا موقع کھو دے گا۔
مگر سوال یہ ہے کہ کیا ہمیں واقعی ان تمام چیزوں کی ضرورت ہوتی ہے یا صرف رعایت دیکھ کر ہمارا دل خریداری کرنے کو چاہتا ہے؟
کئی مرتبہ ایسا ہوتا ہے کہ جس چیز کی ہمیں پہلے ضرورت بھی نہیں ہوتی، رعایت دیکھ کر ہم اسے بھی خرید لیتے ہیں۔ بعض دکانیں پہلے قیمت بڑھا دیتی ہیں اور پھر اس پر بڑی رعایت دکھاتی ہیں۔ کہیں محدود وقت کا اعلان ہوتا ہے اور کہیں بتایا جاتا ہے کہ سامان ختم ہونے والا ہے۔ ان سب باتوں کا مقصد خریدار کو جلدی فیصلہ کرنے پر آمادہ کرنا ہوتا ہے۔
ہمیں سوچنا چاہیے کہ کیا ہم اپنی ضرورت کے مطابق خریداری کر رہے ہیں یا دوسروں کی تشہیر سے متاثر ہو کر اپنا پیسہ خرچ کر رہے ہیں؟
یہاں ایک بات خاص طور پر قابلِ غور ہے کہ ہم مسلمان ہیں اور ہمارا دین ہمیں سادگی، قناعت اور اعتدال کی تعلیم دیتا ہے۔ قرآن مجید میں اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں:
وَلَا تُبَذِّرْ تَبْذِيرًا
ترجمہ: فضول خرچی نہ کرو۔ (سورۃ الإسراء، آیت 26)
ہمارے معاشرے میں ایسے بہت سے گھر ہیں جہاں لوگ مہینے کے آخر میں راشن کے پیسے پورے کرنے کے لیے پریشان ہوتے ہیں۔ والدین اپنے بچوں کی چھوٹی چھوٹی خواہشیں پوری کرنے کے لیے اپنی ضرورتیں چھوڑ دیتے ہیں۔ لیکن دوسری طرف ہم صرف ایک اشتہار دیکھ کر ایسی چیزیں خرید لیتے ہیں جن کی ہمیں کوئی خاص ضرورت نہیں ہوتی۔
یاد رکھیے، خریداری کرنا غلط نہیں اور اچھی چیز مناسب قیمت پر مل جائے تو یہ فائدے کی بات ہے۔ لیکن صرف رعایت کے لالچ میں اپنی ضرورت سے زیادہ خرچ کرنا سمجھ داری نہیں۔
ہمیں یہ بھی سمجھنا ہوگا کہ ہر سستی چیز فائدے کا سودا نہیں ہوتی اور ہر رعایت کا مطلب پیسے بچانا نہیں ہوتا۔ کبھی ایسا بھی ہوتا ہے کہ ہم پیسے بچانے کے چکر میں وہ پیسے بھی خرچ کر دیتے ہیں جنہیں اپنے پاس رکھ سکتے تھے۔
11.11 کی سیل ہمیں ایک بات ضرور سوچنے پر مجبور کرتی ہے کہ کیا ہم اپنی ضرورت کے مطابق زندگی گزار رہے ہیں یا اشتہارات کے کہنے پر اپنی خواہشات پوری کر رہے ہیں؟
خریداری سے پہلے خود سے صرف ایک سوال ضرور کریں: اگر اس چیز پر رعایت نہ ہوتی تو کیا میں اسے خریدتئی
اگر جواب نہیں ہے تو شاید ہمیں اس چیز کی نہیں بلکہ اپنی خواہش پر قابو پانے کی ضرورت ہے۔
آخر میں صرف اتنا کہنا چاہوں گی کہ بازاروں کا کام ہماری ضرورت کی چیزیں فراہم کرنا ہے، ہماری ہر خواہش کو ضرورت بنا دینا نہیں۔ مسلمان کی پہچان زیادہ چیزیں خریدنا نہیں بلکہ اپنے وسائل کو سمجھ داری سے استعمال کرنا ہے۔
مزید پڑھیں




