شاہ عبداللطیف یونیورسٹی ، ایل ایل بی کی 1184 اسناد جعلی قرار

خیرپور: شاہ عبداللطیف یونیورسٹی نے ایل ایل بی کے 1 ہزار 184 غیر قانونی تعلیمی اندراجات اور ان سے متعلقہ اسناد کو کالعدم قرار دے دیا، جبکہ 64 امیدواروں کا تعلیمی ریکارڈ درست اور قانونی قرار دیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یونیورسٹی کی تحقیقاتی کمیٹی نے امتحانی ریکارڈ، حاضری شیٹس، فیس ریکارڈ، بینک اسٹیٹمنٹس اور دیگر دستاویزی شواہد کی تفصیلی جانچ پڑتال کے بعد 1,184 امیدواروں کے تعلیمی اندراجات کو جعلی قرار دیا، جبکہ 64 امیدواروں کا ریکارڈ مستند قرار پایا۔اس حوالے سے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر یوسف خشک کی سربراہی میں سنڈیکیٹ کے منظور شدہ فیصلوں اور سینئر پروفیسرز و افسران پر مشتمل تحقیقاتی کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کردیے گئے ہیں۔ غیر قانونی اندراجات میں ملوث معاملات کے خلاف سخت کارروائی کی بھی سفارش کی گئی ہے۔یونیورسٹی انتظامیہ نے نوٹیفکیشن کی نقول ہائر ایجوکیشن کمیشن، پاکستان بار کونسل اور متعلقہ صوبائی بار کونسلز کو ارسال کردی ہیں۔ شفافیت اور عوامی آگاہی کے لیے متعلقہ تفصیلات یونیورسٹی کی ویب سائٹ پر بھی جاری کردی گئی ہیں۔
دوسری جانب جامعہ کراچی میں ایل ایل بی کے 150 سے زائد فیل امیدواروں کو اسکروٹنی کی بنیاد پر پاس کرنے کے معاملے پر تاحال تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دیے جانے اور نتائج منسوخ کیے جانے کی اطلاع نہیں ہے
مزید پڑھیں





