محمود اچکزئی سے ملاقات وزیراعظم ہاؤس میں ہو گی،تیسری جگہ نہیں،رانا ثناء اللہ

مشیر وزیراعظم رانا ثناء اللہ نے اپوزیشن لیڈر محمود اچکزئی کی وزیراعظم سے ملاقات کے لیے تیسری جگہ مقرر کرنے کی شرط مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ملاقات وزیراعظم ہاؤس میں ہی ہوگی۔
رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم ہاؤس کسی کی ذاتی ملکیت نہیں بلکہ ریاست کی ملکیت ہے۔ اس سے پہلے بھی اس قسم کی ضد کی گئی، جو ملاقات کا مناسب طریقہ نہیں۔ وزیراعظم اپوزیشن لیڈر سے وزیراعظم ہاؤس میں ہی ملاقات کریں گے۔انہوں نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر اور ارکان کی تقرری کے لیے وزیراعظم نے اپوزیشن لیڈر کو دو خطوط لکھے، جن میں سے ایک امریکا روانگی سے پہلے اور دوسرا واپسی پر بھیجا گیا۔ حکومت اب اپوزیشن لیڈر کے جواب کی منتظر ہے۔رانا ثناء اللہ نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر بتائیں کہ وہ وزیراعظم سے ملاقات کے لیے کب تشریف لا رہے ہیں، حکومت ان کا خیرمقدم کرنے کے لیے تیار ہے۔مشیر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ساتھ غیر مشروط مذاکرات ممکن ہیں، تاہم ایمرجنسی واپس لینے کی شرط پر مذاکرات نہیں ہوسکتے۔ پی ٹی آئی نے پہلے مذاکرات کو موقع ہی نہیں دیا۔انہوں نے مزید کہا کہ ایمرجنسی کے تحت قائم سیٹ اپ کو مناسب وقت دیا جائے گا۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ پوری کمٹمنٹ کے ساتھ لڑیں گے اور جیتیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر پی ٹی آئی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں تعاون کرے تو اس حوالے سے بات ہوسکتی ہے۔





