جمعرات، 26 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

انڈونیشیا: غیر قانونی سونے کی کان بیٹھنے سے 13 کان کن ہلاک، 13 تاحال لاپتا


انڈونیشیا کے صوبے مغربی جاوا میں سونے کی غیر قانونی کان میں شدید بارشوں کے باعث سیلاب داخل ہوگیا، جس کے نتیجے میں کم از کم 13 کان کن ہلاک جبکہ مزید 13 زیرِ زمین پھنس گئے۔


خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق یہ واقعہ 23 نومبر کو دارالحکومت جکارتہ کے جنوب میں واقع ضلع بوگور کے علاقے پو نگکور میں پیش آیا، جہاں شدید بارش کے باعث دریائے سیسیورہ کا پانی کان کے اندر داخل ہوگیا،حادثے کے وقت مجمو عی طور پر 26 کان کن تقریباً 100 میٹر گہری سرنگوں میں کام کر رہے تھے، جن میں سے 11 افراد باہر نکلنے میں کامیاب ہو گئے جبکہ باقی پانی میں پھنس گئے۔ 


انڈونیشیا کے حکام اور مقامی میڈیا کے مطابق مغربی جاوا صوبے میں غیر قانونی طور پر قائم سونے کی کان منہدم ہونے سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 13 تک پہنچ گئی ہے، جبکہ سینکڑوں اہلکار جمعرات کے روز بھی سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن میں مصروف رہے۔


جکارتہ سرچ اینڈ ریسکیو ایجنسی کا کہنا ہے کہ خدشہ ہے کہ کان کے اندر زیرِ زمین 13 مزدور پھنس گئے تھے 300 سے زائد امدادی اہلکار خراب موسم کے باوجود رسیوں کی مدد سے کان کے 2 ملحقہ حصوں تک رسائی حاصل کرنے اور پھنسے ہوئے کان کنوں کو نکالنے کی کوششوں پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں۔


’جکارتہ گلوب‘ کے مطابق یہ واقعہ منگل کی شام بوگور ریجنسی کے علاقے سیگوہا میں اس وقت پیش آیا جب مبینہ لینڈ سلائیڈنگ کے باعث کان کا ایک حصہ بیٹھ گیا اور اس میں پانی بھر گیا۔ گڑھے میں سیلابی پانی داخل ہونے سے قبل کھدا ئی کے ایک حصے سے 11 کان کن جان بچا کر نکلنے میں کامیاب ہو گئے تھے۔


حکام کے مطابق تنگ اور ناہموار راستوں، پانی کے بھراؤ، روشنی کی کمی اور پھسلن بھری زمین کے باعث امدادی سرگر میوں میں شدید مشکلات کا سامنا ہے، جبکہ اردگرد کے علاقوں میں ہلکی بارش نے آپریشن کو مزید پیچیدہ بنا دیا ہے واضح رہے کہ سیگوہا کا علاقہ طویل عرصے سے سونے کی غیر قانونی کان کنی کے حوالے سے جانا جاتا ہے۔