جمعرات، 26 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

شمالی کوریا کی جوہری مواد کی پیداواری صلاحیت میں منظم انداز میں اضافے کی تصدیق

us

شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن نے جوہری مواد کی پیداواری صلاحیت میں منظم انداز میں اضافے کی تصدیق کر دی ہے۔


شمالی کوریا کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق کم جونگ اُن نے جوہری مواد تیار کرنے والےکارخانوں اور اسلحے کی تحقیق سےمتعلق اداروں کے دورے کے موقع پر کہاکہ جوہری ہتھیار رکھنے والی ریاست کی حیثیت سےشمالی کوریا کا مقا م ناقابلِ تسخیر ہے اور اس معاملے پر بیرونی قوتوں سے کوئی مذاکرات نہیں کیے جاسکتے۔


کم جونگ اُن نےکہا کہ شمالی کوریا کی جوہری صلاحیت اب ایک حقیقت بن چکی ہےاور بیرونی بیانات یا جوہری تخفیف کےمطالبات سےملک کی خودمختار حیثیت تبدیل نہیں ہوگی،ملک کومختلف آپریشنل شعبوں میں ٹیکٹیکل جوہری ہتھیار وں کی تعیناتی پر توجہ مرکوز کرنی چاہیے، ایسی قوتیں زمینی حقائق کو نظرانداز کرتی اور تبدیل شدہ صورت حال کو تسلیم کرنے میں ناکام رہی ہیں۔


شمالی کوریائی رہنما نے فوجی حکام کو ہدایت کی کہ مختلف نوعیت کے فوجی مقاصد کے لیے متعدد شعبوں میں ٹیکٹیکل جوہری ہتھیاروں کے استعمال پر توجہ دی جائے، انہوں نے جوہری وارہیڈز کی تیاری میں حالیہ پیشرفت کو ملکی جوہری پالیسی پر عمل درآمد کے حوالے سے ایک بڑی کامیابی قرار دیا۔


کم جونگ اُن نے خبردار کیا کہ شمالی کوریا کی جوہری طاقت کی حیثیت کو چیلنج کرنے کی کسی بھی غیر ملکی کو شش کو اعلانِ جنگ تصور کیا جائے گا-


واضح رہے کہ شمالی کوریا نے 2023 میں اپنی قومی آئین میں جوہری ہتھیاروں سے لیس ریاست کی حیثیت کو شامل کیا تھا انہوں نے کہا کہ جب تک مخالف قوتیں اپنےتسلط کے قیام کے لیے جوہری ہتھیاروں کو استعمال کرتی رہیں گی، شما لی کوریا کا جوہری ہتھیار رکھنے کا فیصلہ ناقابلِ واپسی رہے گا،جوہری ہتھیار ملکی سلامتی کی بنیادی ضمانت ہیں اور شمالی کوریا انہیں کسی صورت ترک نہیں کرے گا۔


شمالی کوریا 2006 سے اب تک زیرِ زمین جوہری تجربات کے 6 دھماکے کرچکا ہے، جبکہ اس کا سب سے طاقتور جوہری تجربہ 2017 میں کیا گیا تھا۔


رواں سال اگست میں جنوبی کوریا کے وزیر دفاع نے بتایا تھا کہ آزادانہ جائزوں کے مطابق شمالی کوریا کے پاس تقریباً 80 سے 120 جوہری وارہیڈز موجود ہوسکتے ہیں تاہم انہوں نےواضح کیا تھا کہ یہ اعداد و شمار نجی تحقیقی اداروں کے تخمینو ں پر مبنی ہیں اور ان کی انٹیلیجنس اداروں کی جانب سے تصدیق نہیں کی گئی۔