مٹی بھی اپنے اندر تاثیر رکھتی ہے،تحریر:ڈاکٹر حافظ مدثر اقبال ٹمن
نقطہ نظر
انسان جس ماحول میں رہتا ہے ویسے ہی اثرات اس کی زندگی پر پڑتے ہیں، میدانی اور ہم وار علاقوں میں رہنے والوں کا ذہن معتدل ہوتا ہے ان کے اندر ضد،ہٹ دھرمی ،شدت و سختی اور اجڈ پن نہیں ہوتا۔ اس کے برعکس جو لوگ پہاڑی، غیر ہموار اور جنگلی علاقوں کے رہنے والے ہوتے ہیں ان کےمزاج میں گنوار پن ،سختی اور شدت زیادہ ہوتی ہے، عموماً یہ لوگ ذہنی اور فکری اعتدال سے محروم ہوتے ہیں۔جیسا کہ ایک حدیث مبارکہ میں بھی آتا ہے۔"جو دیہات کا رہنے والا ہوتا ہے،وہ سخت مزاج اور ضدی ہوتا ہے"(سنن ترمذی)۔اس حدیث سے مراد ہر دیہات یا گاؤں کی مطلق مذمت نہیں ہے، چونکہ جو لوگ صحراؤں، پہاڑی علاقوں یا دور دراز اور نسبتاً الگ تھلگ مقامات پر رہتے ہیں، انہیں بعض اوقات علمی مراکز، تعلیمی اداروں اور مختلف سماجی طبقات کے ساتھ میل جول کے مواقع کم میسر آتے ہیں، جس کا اثر انسان کے مزاج اور نرمی پر پڑتا ہے۔ اگر کسی بستی یا گاؤں میں دینی و عصری تعلیم کا انتظام ہو، تو وہاں رہنا اس وعید میں شامل نہیں۔شروع شروع میں آپ ﷺ سے جو بدوی صحابی ملنے آتے تھے ان کی گفتگو اور ان کا اندازِ کلام سخت ہوتا تھا، لیکن بعد میں آپ ﷺ کی صحبت نے ان کی زندگی اور ماحول میں ایک انقلاب برپا کر دیا پھر وہی لوگ دوسروں کے لئے اسوہ اور نمونہ بن گئے۔ماحول کامطلب یہ ہے کہ آدمی جن لوگوں کے درمیان رہتا ہے ،فکر و نظر اور عملی زندگی میں ان سے متاثر ہوئے بغیر نہیں رہتا۔یہاں تک کہ صرف ماحول و معاشرہ ہی نہیں بلکہ انسان پر اس علاقے کی آب و ہوا ، اور مٹی کے اثرات بھی مرتب ہوتے ہیں۔مشہور واقعہ ہے ایک بار ایک مسلمان بادشاہ جنگی مہم پر اپنے لشکر کے ساتھ نکلا ،مہم پر نکلنے سے پہلے حسب عادت اپنی والدہ سے ملنے اور دعائیں لینے گیا، والدہ نے ڈھیر ساری دعائیں دیں اور نصیحت و وصیت بھی کی اور خاص طور پر تلقین کی کہ بیٹا ! نماز کی پابندی کرنا اور فجر کی نماز کا کچھ زیادہ ہی اہتمام کرنا۔ بادشاہ اپنے لشکر اور فوجیوں کے ساتھ نکلا ، جب مطلوبہ علاقہ پہنچ کر اس کا محاصرہ کیا تو پہلی رات ہی جب وہ خیمہ میں سویا ،جاگ نہ آئی یہاں تک کہ فجر کی نماز قضا ہوگئی ۔ اس کو بہت دکھ اور افسوس ہوا کہ والدہ کی نصیحت پر پہلے ہی دن عمل نہیں کرسکا وہ بہت مضطرب اور پریشان ہوا اور ذہن میں یہ بات آئی کہ یہاں کی مٹی میں کوئی ایسی تاثیر تو نہیں ہے؟ کچھ عرصہ بعد جب بادشاہ مہم فتح کرکے واپس لوٹا تو اپنے ساتھ اس نے وہاں کی تھوڑی سی مٹی بھی لے لی۔ واپسی پر والدہ سے ملاقات کی ،مہم کی پوری تفصیلات سنائی اور پہلے ہی دن فجر کی نماز قضا ہونے کا بھی ذکر کیا۔ والدہ کی خدمت سے فارغ ہوکر بادشاہ نے چپکے سے وہ مٹی ماں کے تکیہ کے نیچے رکھ دی اتفاق یہ ہوا کہ اس دن بادشاہ کی والدہ کی آنکھ بھی نہ کھلی اور نماز فجر قضا ہو گئی۔ صبح کو بادشاہ جب والدہ سے ملنے گیا تو ماں بولی بیٹا ! آج میری بھی نماز فجر قضا ہوگئی۔ بادشاہ نے تکیہ کے نیچے سے وہ مٹی اٹھائی اور والدہ کو دکھائی کہ یہ اس علاقے کی مٹی کی تاثیر ہے،میں یہ مٹی وہاں سے اپنے ساتھ لایا تھا۔بلاشبہ انسان کی شخصیت کی تشکیل میں جغرافیائی حالات کا بھی اہم کردار ہوتا ہے۔انسان جس فضا میں سانس لیتا ہے اور جن لوگوں کے درمیان زندگی گزارتا ہے، ان سب کے اثرات کسی نہ کسی صورت اس کی شخصیت میں جھلکتے ہیں۔اس کی واضح مثال ہجرت مدینہ ہےآپ ﷺ نے صحابۂ کرام کو حکم دیا اور تمام پر یہ لازم کیا کہ وہ اپنے اپنے علاقہ کو چھوڑ کر مدینہ چلے آئیں۔ چنانچہ تاریخ گواہ ہے کہ اس حکم کے ملتے ہی حجاز بلکہ جزیرۃ العرب کے طول و عرض سے صحابہ ہجرت کرکے مدینہ منورہ آگئے اور یہیں مقیم و آباد ہو گئے۔ لیکن جب فتح مکہ کا موقع آیا تو ایسا نہیں ہوا کہ پورا مدینہ خالی ہوگیا ہو، بلکہ بہت سے بوڑھے، بچے، عورتیں اور جوان مدینہ ہی میں رہے۔ علماء کرام نے لکھا ہے کہ ہجرت کے حکم کی بنیادی وجہ اور سبب یہی تھا کہ لوگوں کو ایک معیاری دینی و ایمانی ماحول ملے۔ انہیں پاکیزہ معاشرہ نصیب ہو، وہ لوگوں کو دیکھ کر دین و ایمان کو سیکھ سکیں ، لہذا ہمیں چاہیے کہ ہم اپنی ذات کے لیے ایسا ماحول منتخب کریں جہاں علم و شعور، اخلاق و کردار اور دینی اقدار کو فروغ حاصل ہو۔ کیونکہ انسان جس ماحول میں رہتا ہے، رفتہ رفتہ اسی کے رنگ میں رنگنے لگتا ہے۔
مزید پڑھیں





