جمعرات، 26 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

بچے اپنے آپ کو محفوظ کیسے بنائیں؟ تحریر: ماہ جبین اظہر

نقطہ نظر

گڈ ٹچ اور بیڈ ٹچ کی آگاہی کیوں ضروری ہے؟

mah jabeen b

بچپن زندگی کا وہ دور ہوتا ہے جب بچے سیکھنے اور سمجھنے کی عمر کو پہنچتے ہیں تو والدین ان کی تربیت پر خصوصی توجہ دیتے ہیں۔ انہیں ہر وہ بات سکھائی جاتی ہے جو ان کی شخصیت کی تعمیر اور بہتر زندگی گزارنے میں معاون ثابت ہو۔ سچ بولنا، جھوٹ سے بچنا، بڑوں کا احترام کرنا، چھوٹوں سے شفقت کرنا، کھانے پینے کے آداب اور روزمرہ زندگی کی اچھی عادات، یہ سب ہماری تربیت کا حصہ ہوتے ہیں۔ لیکن افسوس کہ ہم بچوں کو ایک ایسی اہم بات سکھانا اکثر بھول جاتے ہیں جس کا تعلق براہِ راست ان کی حفاظت اور سلامتی سے ہے، اور وہ ہے گڈ ٹچ اور بیڈ ٹچ کی پہچان۔

ہمارے معاشرے میں آج بھی اس موضوع پر بات کرتے ہوئے جھجک محسوس کی جاتی ہے۔ والدین اکثر یہ سمجھتے ہیں کہ بچے ابھی چھوٹے ہیں، انہیں ایسی باتیں بتانے کی کیا ضرورت ہے؟ حالانکہ حقیقت یہ ہے کہ بچوں کو ان کی عمر اور سمجھ کے مطابق جسمانی تحفظ کی آگاہی دینا بھی تربیت کا لازمی حصہ ہے۔ خاموشی اور شرم کے نام پر انہیں لاعلم رکھنا ان کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے۔

سب سے پہلے بچوں کو یہ سمجھانا ضروری ہے کہ ان کا جسم ان کی اپنی ملکیت ہے۔ جسم کے وہ حصے جو عام طور پر لباس سے ڈھکے ہوتے ہیں، ذاتی حصے کہلاتے ہیں اور انہیں کسی دوسرے شخص کو چھونے کی اجازت نہیں۔ انہیں یہ بھی بتایا جائے کہ گڈ ٹچ وہ لمس ہے جس سے تحفظ، شفقت اور اپنائیت کا احساس ہو، جبکہ بیڈ ٹچ وہ لمس ہے جو بچے کو بے آرام، خوف زدہ یا پریشان کرے، یا جسے وہ اپنی مرضی کے خلاف محسوس کرے۔ بعض اوقات کوئی شخص محبت یا کھیل کے بہانے بھی بچے کی حدود کی خلاف ورزی کر سکتا ہے، اس لیے بچوں کو صرف اجنبیوں سے نہیں بلکہ ہر شخص کے رویے کے بارے میں محتاط رہنا سکھانا ضروری ہے۔

یہ بات بھی سمجھانا بہت ضروری ہے کہ غلط رویہ اختیار کرنے والا شخص ہمیشہ اجنبی نہیں ہوتا۔ بعض اوقات ایسا شخص خاندان، جان پہچان یا قریبی حلقے میں بھی موجود ہو سکتا ہے۔ اس لیے بچوں کو یہ نہ سکھائیں کہ صرف اجنبیوں سے خطرہ ہوتا ہے، بلکہ انہیں بتائیں کہ کسی بھی شخص کا ایسا رویہ جو انہیں غیر محفوظ محسوس کروائے، قابلِ توجہ ہے۔

بچوں کو بااختیار بنانا والدین کی اہم ذمہ داری ہے۔ انہیں یہ اعتماد دیا جائے کہ اگر کسی کا لمس انہیں برا لگے تو وہ واضح الفاظ میں منع کر سکتے ہیں۔ انہیں یہ حق حاصل ہے کہ وہ کسی ایسے شخص سے دور ہو جائیں جس کے رویے سے انہیں خوف یا بے آرامی محسوس ہو۔ اگر کوئی انہیں خاموش رہنے، کسی بات کو چھپانے یا والدین کو نہ بتانے پر مجبور کرے تو انہیں فوراً اپنے والدین یا کسی قابلِ اعتماد بڑے کو آگاہ کرنا چاہیے۔

بچوں کو یہ بتانا بھی ضروری ہے کہ کسی کے ساتھ کہیں جانے سے پہلے والدین کی اجازت لینا لازمی ہے۔ چاہے وہ کوئی جان پہچان والا ہو یا قریبی رشتہ دار، بچے کو معلوم ہونا چاہیے کہ وہ کہاں جا رہا ہے اور کس کے ساتھ جا رہا ہے۔ اگر کوئی شخص انہیں تحفے، کھلونے یا کسی دوسری چیز کا لالچ دے کر اپنے ساتھ لے جانے کی کوشش کرے تو انہیں انکار کرنا اور والدین کو بتانا چاہیے۔


اسی طرح موبائل فون اور انٹرنیٹ کے بڑھتے ہوئے استعمال نے بھی بچوں کے تحفظ کے نئے تقاضے پیدا کر دیے ہیں۔ بچوں کو سمجھانا چاہیے کہ آن لائن کسی اجنبی سے ذاتی معلومات، تصاویر یا گھر کا پتا شیئر نہ کریں۔ اگر کوئی شخص انہیں نامناسب پیغامات بھیجے، تصاویر مانگے یا کسی بات کو خفیہ رکھنے کا کہے تو فوراً والدین کو آگاہ کریں۔ والدین کو بھی بچوں کی آن لائن سرگرمیوں پر مناسب توجہ دینی چاہیے۔

لڑکیوں کے ساتھ ساتھ لڑکوں کو بھی یکساں طور پر اس آگاہی کی ضرورت ہے۔ اکثر ہمارے معاشرے میں اس موضوع کو صرف لڑکیوں کی حفاظت سے جوڑ دیا جاتا ہے، حالانکہ جسمانی تحفظ کا حق ہر بچے کو حاصل ہے۔ بچوں کی جنس کی بنیاد پر اس تربیت میں فرق نہیں ہونا چاہیے۔

والدین اپنے بچوں کے لیے ایسا دوستانہ اور اعتماد بھرا ماحول قائم کریں جہاں وہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے یا پریشانی کے بارے میں بلا خوف بات کر سکیں۔ اگر بچہ کوئی بات بتائے تو اسے ڈانٹنے، قصوروار ٹھہرانے یا اس کی بات کو معمولی سمجھ کر نظر انداز کرنے کے بجائے اطمینان سے سنیں۔ اسے یقین دلائیں کہ اس کی کوئی غلطی نہیں اور آپ اس کی حفاظت کے لیے اس کے ساتھ کھڑے ہیں۔

بچوں کی حفاظت صرف انہیں نصیحتیں کرنے سے ممکن نہیں، بلکہ انہیں شعور، اعتماد اور اپنی حدود پہچاننے کی تربیت دینا بھی ضروری ہے۔ اسکولوں میں بھی عمر کے مطابق اس موضوع پر آگاہی سیشن ہونے چاہئیں تاکہ بچے اپنے تحفظ کے بنیادی اصول سمجھ سکیں۔


خاموش رہنے کی تربیت دینے کے بجائے بچوں کو اپنی بات کہنے کا حوصلہ دیں۔ ان کی حفاظت ہماری ذمہ داری ہے اور اس ذمہ داری کو پورا کرنے کا پہلا قدم انہیں باخبر اور خود اعتماد بنانا ہے۔ کیونکہ ایک محفوظ بچپن ہی ایک مضبوط اور پراعتماد مستقبل کی بنیاد رکھتا ہے۔