جمعرات، 26 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

سندھ ہائیکورٹ نے طلاق ایکٹ 1869 کی دفعہ 7 بحال کر دی

sindh high court

سندھ ہائیکورٹ نے طلاق ایکٹ 1869 کی دفعہ 7 بحال کرتے ہوئے مسیحی جوڑوں کو ازدواجی تعلق ختم کرنے کے لیے عدالت سے رجوع کرنے کا حق دے دیا ہے مذکورہ قانونی شق کو سابق فوجی آمر جنرل ضیا الحق نے 1981 میں ایک آر ڈیننس کے ذریعے حذف کردیا تھا۔


جسٹس یوسف علی سعید کی سربراہی میں سندھ ہائیکورٹ کی 2 رکنی آئینی بینچ نے اپنے فیصلے میں قرار دیا کہ طلا ق ایکٹ کی دفعہ 7 کا اخراج آئین کی متعدد دفعات سے متصادم تھا اور اس حد تک کالعدم ہے جس حد تک وہ آئین سے مطابقت نہیں رکھتا۔


ایک غیر سرکاری تنظیم اور 2 مسیحی شہریوں نے 2023 میں سندھ ہائیکورٹ سے رجوع کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا تھا کہ قانونی شق کے خاتمے کے باعث مسیحی شہریوں کے لیے طلاق حاصل کرنے کی واحد بنیاد زنا کا الزام ثابت کرنا رہ گئی ہے۔


درخواست گزاروں نے استدعا کی تھی کہ اس اقدام کو غیر آئینی قرار دے کر صوبے کی ضلعی اور فیملی عدالتوں کو اس پر عمل نہ کرنے کی ہدایت کی جائے،اس قانونی پابندی کےباعث ایسےمیاں بیوی بھی زندگی بھر ازدواجی بندھن میں رہنے پر مجبور تھے، جن کی شادی ناقابلِ اصلاح حد تک ختم ہوچکی ہو،مذہب تبدیل کرنا یا شریک حیات پر زنا کا الزام لگا نا ہی اس رشتے سے نکلنے کے عملی راستے رہ گئے تھے، جو بنیادی انسانی حقوق، شخصی آزادی اور وقار کے منافی ہے۔


عدالت نے قرار دیا کہ موجودہ قانون میں ظلم و زیادتی اور 2 سال یا اس سے زیادہ عرصے تک ترکِ رفاقت کو عدالتی علیحدگی کی بنیاد تو تسلیم کیا گیا، لیکن شادی ختم کرنے کے لیے کافی نہیں سمجھا گیا، اس طرح میاں بیوی الگ رہنے کے باوجود دوبارہ شادی نہیں کرسکتے تھے۔


فیصلے میں کہا گیا کہ شوہر صرف زنا ثابت کرکے طلاق لے سکتا تھا، جبکہ بیوی کے لیے زنا کے ساتھ اضافی حالات یا بعض دیگر مخصوص الزامات ثابت کرنا ضروری تھا، جو مرد و خواتین کے درمیان واضح قانونی امتیاز ہے۔


کراچی کے آرچ بشپ نے درخواست کی مخالفت کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا تھا کہ کسی بھی اصلاح سے قبل مسیحی فرقوں سے مشاورت ضروری ہے۔ ان کے مطابق رومن کیتھولک چرچ شادی کو مقدس مذہبی رسم سمجھتا ہے۔


عدالت نے لاہور ہائیکورٹ کے 2017 کے فیصلے کا حوالہ بھی دیا، جس میں پنجاب میں یہی شق بحال کی گئی تھی،بینچ کے مطابق18ویں ترمیم کےبعد شادی اورطلاق کےمعاملات صوبائی قانون سازی کےدائرہ اختیارمیں آتے ہیں اورسندھ اسمبلی اس قانون میں تبدیلی کی مجاز ہے۔


عدالت نے قرار دیا کہ کسی فرد کو ایسے ازدواجی رشتے میں برقرار رہنے پر مجبور کرنا جس کی کوئی معنویت باقی نہ رہی ہو، شخصی آزادی پر سخت پابندی ہے،عدالتی فیصلے میں دفعہ 7 کے اخراج کو آئین کے آرٹیکلز 9، 14، 20 اور 25(2) سے متصادم قرار دیا گیا۔