جمعرات، 15 اکتوبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

پشاور: نجی اسکول کی چھت گرنے سے بچوں اور اساتذہ سمیت 17 افراد جاں بحق


خیبر پختونخوا کے صوبائی دارالحکومت پشاور میں نجی اسکول کی چھت گرنے سے اب تک 17 افراد جاں بحق ہو گئے، جبکہ متعدد بچے تاحال ملبے تلے دبے ہوئے ہیں، جنہیں نکالنے کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔


ریسکیو 1122 کے ترجمان نے بتایا کہ نجی اسکول کی چھت گرنے کا واقعہ دیر کالونی میں پیش آیا جس میں متعدد بچے ملبے تلے دب کر زخمی ہوگئے، ایمرجنسی کال موصول ہونے کے بعد امدادی ٹیمیں روانہ کر دی گئیں، ریسکیو آپریشن تاحال جاری ہے واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایمبولینسیں اور ڈیزاسٹر وہیکلز جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئیں اب تک مجموعی طور پر 24 افراد کو ملبے سے نکال کر اسپتال منتقل کیا جا چکا ہے، جہاں ڈاکٹروں نے 4 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی ہے۔


ترجمان کے مطابق جاں بحق ہونے والوں اور زخمیوں میں بچے اور اساتذہ شامل ہیں، جو واقعے کے وقت اسکول میں موجود تھے، ریسکیو آپریشن تاحال جاری ہے اور بعض بچے اور اساتذہ ملبے تلے دبے ہوئے ہیں، جنہیں بحفاظت نکالنے کے لیے امدادی کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔


سی سی پی او پشاور میاں سعید نے بتایا کہ واقعے میں جاں بحق بچوں کی تعداد 16 ہوگئی ہے اور زخمیوں کی تعداد 40 سے زیادہ ہے۔ 


دوسری جانب لیڈی ریڈنگ اسپتال کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اب تک 17 بچوں کو مردہ حالت میں اسپتال لایا گیا، ایک خاتون ٹیچر کی لاش بھی اسپتال منتقل کی گئی، جبکہ ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ  25 زخمی بچوں کو اسپتال منتقل کیا گیا۔