نیویارک سٹی میراتھن میں 24 سالہ خاتون ایتھلیٹ جاں بحق

امریکا میں نیویارک سٹی میراتھن کے دوران 24 سالہ سابق کالج ایتھلیٹ ریچل آپا اچانک طبیعت بگڑنے کے باعث انتقال کر گئیں۔ وہ اپنی پہلی میراتھن میں حصہ لے رہی تھیں اور فنش لائن سے تقریباً دو میل پہلے سینٹرل پارک میں دوڑتے ہوئے گر پڑیں۔
واقعے کے فوری بعد موقع پر موجود افراد نے انہیں طبی امداد فراہم کرنے کی کوشش کی۔ دو ڈاکٹروں نے باری باری سی پی آر کیا، جبکہ میراتھن کی طبی ٹیم ڈیفبریلیٹر کے ساتھ موقع پر پہنچ گئی۔ ریچل کو میڈیکل سینٹر منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے چھ گھنٹے تک ان کی جان بچانے کی کوشش کی، تاہم وہ دم توڑ گئیں۔ ان کے والد اسٹیو آپا کے مطابق رات 9 بج کر 40 منٹ پر موت کی تصدیق کی گئی۔
والد کا کہنا ہے کہ ڈاکٹروں نے موت کی وجہ رابڈومائیولائسز بتائی، جو ایک طبی کیفیت ہے جس میں پٹھوں کے ٹشوز تیزی سے ٹوٹنے لگتے ہیں اور ان سے خارج ہونے والے نقصان دہ مادے خون میں شامل ہو کر اہم اعضا کو متاثر کر سکتے ہیں۔ ان کے مطابق ریچل مکمل صحت مند اور بہترین جسمانی حالت میں تھیں، اس لیے یہ واقعہ ان کے لیے ناقابلِ یقین ہے۔
ریچل میراتھن کے دوران اپنے والد کو موبائل فون پر پیغامات بھیجتی رہی تھیں۔ میل 23 پر موصول ہونے والے آخری پیغام میں انہوں نے لکھا تھا، ’’آخری مرحلہ‘‘۔ ان کی والدہ مشیل نے میل 14 پر بیٹی کی مسکراتے ہوئے ویڈیو بھی بنائی تھی۔ بعد ازاں میراتھن ٹریکنگ ایپ پر ریچل کی لوکیشن میل 24 پر رکی ہوئی دکھائی دی، جس کے بعد والدہ جائے وقوعہ پہنچیں، تاہم اس وقت ریچل کو اسپتال منتقل کیا جا رہا تھا۔
ریچل آپا بکنیل یونیورسٹی کی گریجویٹ تھیں۔ انہوں نے 2022 میں پارکنسنز کے باعث انتقال کر جانے والے اپنے دادا کی یاد میں میراتھن میں شرکت کی تھی اور اس کے ذریعے پارکنسنز فاؤنڈیشن کے چیمپیئنز پروگرام کے لیے فنڈز جمع کر رہی تھیں۔
وہ ایک الیکٹریکل کمپونینٹس بنانے والی کمپنی میں بطور پروڈکٹ مینیجر کام کر رہی تھیں اور چارلسٹن سدرن یونیورسٹی سے ایم بی اے کی تعلیم بھی حاصل کر رہی تھیں۔
نیویارک روڈ رنرز کے مطابق 2024 کے بعد نیویارک سٹی میراتھن کے دوران کسی شریک کی ہلاکت کا یہ پہلا واقعہ ہے۔
مزید پڑھیں





