منگل، 3 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشنز، 17 دہشتگرد ہلاک، سپاہی شہید


بلوچستان کے اضلاع کچھی اور خاران میں سیکیورٹی فورسز نے دو انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم 17 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، فائرنگ کے تبادلے میں سپاہی حکمت اللہ بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہو گئے۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر دونوں اضلاع میں الگ الگ کارروائیاں کی گئیں۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ضلع کچھی کے علاقے سنی میں سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی جانب سے سڑک کی ناکہ بندی کی کوشش ناکام بنا دی، کارروائی کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم 10 دہشت گرد مارے گئے جبکہ اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق ضلع خاران میں ایک اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران دہشت گردوں کا ٹھکانہ تباہ کر دیا گیا، شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد فتنہ الخوارج کے 7 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران سپاہی حکمت اللہ بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہو گئے، علاقے میں موجود دیگر دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشنز جاری ہیں۔