مریم نواز نے چوہدری سالک حسین کو ہرجانے کا نوٹس بھجوا دیا

مریم نواز نے چوہدری سالک حسین اور نجی نیوز چینل کے میزبان و چیئرمین کو قانونی نوٹس بھجوا دیا، پنجاب میں کرپشن کے الزامات کو بے بنیاد اور ہتک آمیز قرار دے دیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین کو پنجاب حکومت پر کرپشن کے الزامات عائد کرنے پر قانونی نوٹس بھجوا دیا ہے۔ چوہدری سالک حسین کے علاوہ نجی نیوز چینل کے میزبان اور چیئرمین کو بھی قانونی نوٹس ارسال کیا گیا ہے۔ قانونی کارروائی نجی نیوز چینل پر نشر ہونے والے ایک انٹرویو میں پنجاب حکومت پر کرپشن سے متعلق الزامات لگانے کے معاملے پر کی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق چوہدری سالک حسین نے نجی نیوز چینل کو دیے گئے انٹرویو میں پنجاب میں کرپشن کی کہانیاں سننے اور کرپشن سے متعلق فائلوں کا ذکر کیا تھا۔ اس بیان پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے قانونی کارروائی کا فیصلہ کیا گیا اور وفاقی وزیر سمیت متعلقہ نیوز چینل کے میزبان اور چیئرمین کو بھی نوٹس بھجوا دیے گئے۔
مریم نواز کے وکیل کے مطابق چوہدری سالک حسین نے انٹرویو کے دوران پنجاب حکومت پر کرپشن سے متعلق الزامات عائد کیے، تاہم ان الزامات کے حق میں کوئی ثبوت پیش نہیں کیا گیا۔ قانونی نوٹس میں ان الزامات کو بے بنیاد، غیر مصدقہ اور ہتک آمیز قرار دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ انٹرویو میں کسی مستند واقعے، تحقیقات یا دستاویزی شکایت کی نشاندہی بھی نہیں کی گئی جس کی بنیاد پر پنجاب حکومت کے خلاف کرپشن کے الزامات عائد کیے جا سکیں۔
قانونی نوٹس میں نجی نیوز چینل کے میزبان کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا گیا ہے اور مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ انہوں نے مبینہ طور پر بے بنیاد الزامات کو نشر کرنے کے ساتھ ان پر بحث کو آگے بڑھایا۔ نوٹس کے مطابق ایسے الزامات اور ان کی تشہیر سے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور پنجاب حکومت کی ساکھ کو نقصان پہنچا ہے۔
اس سے قبل مریم نواز شریف نے منگل کو اٹک میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری سالک حسین کے بیان پر سخت ردعمل دیا تھا۔ وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ وفاقی وزیر کہتے ہیں کہ پنجاب میں کرپشن کے کیسز سے الماریاں بھری ہوئی ہیں، اس لیے وہ ان کے خلاف ہرجانے کا نوٹس بھجوائیں گی۔ مریم نواز نے اپنے خطاب میں اعلان کیا تھا کہ پنجاب حکومت پر کرپشن کے الزامات عائد کرنے پر چوہدری سالک حسین کو قانونی نوٹس بھجوایا جائے گا۔ اب اس معاملے میں وفاقی وزیر کے ساتھ نجی نیوز چینل کے میزبان اور چیئرمین کو بھی قانونی نوٹس ارسال کر دیے گئے ہیں۔
مزید پڑھیں





