99 سالہ برطانوی خاتون نے دنیا کی معمر ترین ونگ واکر کا عالمی ریکارڈ قائم کردیا

عام طور پر 70 یا 80 سال سے زائد عمر کے افراد خطرناک کرتب کرنے سے گریز کرتے ہیں، لیکن برطانیہ سے تعلق رکھنے والی 99 سالہ ہیلگا ڈفی نے پرواز کرتے طیارے کے پروں پر کھڑے ہوکر دنیا کی معمر ترین ونگ واکر کا عالمی ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔
ہیلگا ڈفی نے گلوسٹرشائر کے قصبے سائرنسیسٹر میں واقع آر ایف سی رینڈ کومب ایئر فیلڈ پر ایک چھوٹے طیارے کے اوپر کھڑے ہوکر یہ کارنامہ انجام دیا۔ ونگ واکنگ ایسے خطرناک کرتب کو کہا جاتا ہے جس میں کوئی شخص پرواز کرتے طیارے کے پروں پر کھڑا ہوتا ہے۔
ہیلگا ڈفی کو اس منفرد کارنامے کا خیال اگست 2026 میں 97 سالہ بیٹی برومیج کو دیکھ کر آیا، جنہوں نے فالج سے صحت یاب ہونے کے بعد طیارے پر ونگ واکنگ کرکے اپنا ہی گنیز ورلڈ ریکارڈ توڑ دیا تھا۔ ایک کیئر ہوم میں مقیم ہیلگا ڈفی نے ونگ واکنگ کے تجربے کو عجیب قرار دیا۔ طیارے کے اوپر کھڑے ہونے کے بعد ان کا کہنا تھا کہ وہ خوفزدہ ہیں، کیونکہ وہ بہت زیادہ پرجوش ہیں۔
گنیز ورلڈ ریکارڈز کی جانب سے ہیلگا ڈفی کو عالمی ریکارڈ کا سرٹیفکیٹ بھی دیا گیا۔ ان کی بھانجیوں جیکی روز اور جولی پریز نے اس یادگار پرواز کا مشاہدہ کیا اور انہیں ایک آزاد اور بہادر خاتون قرار دیا۔
دوسری جانب 97 سالہ بیٹی برومیج نے ہیلگا ڈفی کو عالمی ریکارڈ قائم کرنے پر مبارک باد دی، تاہم ساتھ ہی مذاق میں کہا کہ وہ 100 سال کی عمر میں یہ ریکارڈ توڑ کر دکھائیں گی۔
مزید پڑھیں





