وزیراعلیٰ مریم نواز کی ساہیوال آمد، سڑکوں پر پھولوں کی برسات اور عوام کا جمِ غفیر، تاریخی والہانہ استقبال

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ساہیوال آمد پر شہر بھر میں شہریوں کی بڑی تعداد نے ان کا استقبال کیا۔ سڑکوں اور بازاروں میں پھولوں کی بہار دکھائی دی، جبکہ خواتین، بچوں اور بزرگوں سمیت ہزاروں شہری وزیراعلیٰ کی آمد پر مختلف مقامات پر جمع ہوئے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے دورے کے دوران ساہیوال کے لیے مجموعی طور پر 5 ارب 61 کروڑ روپے کے چار بڑے منصوبوں کا افتتاح اور آغاز کیا گیا، جن میں کھیلوں کی سہولتوں کی فراہمی، بازار کی خوبصورتی، جدید زرعی سہولتوں اور سڑکوں کی تعمیر کے منصوبے شامل ہیں۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ساہیوال میں پہلے مریم نواز اسپورٹس ایرینا کا افتتاح کیا اور مختلف حصوں کا دورہ کرکے وہاں فراہم کی جانے والی سہولتوں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے کھلاڑیوں سے گفتگو کی، انہیں آٹوگراف دیے اور ان کے ساتھ تصاویر بھی بنوائیں۔ وزیراعلیٰ نے کرکٹ ایرینا میں ایک کھلاڑی سے بیٹ لے کر کرکٹ بھی کھیلی، جبکہ فٹ بال کو کک لگا کر کھیل کا آغاز کیا۔ انہوں نے اسپورٹس ایرینا میں قائم دیوارِ تشکر اور دیوارِ محبت کے ساتھ بھی تصاویر بنوائیں۔
دورے کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے پارک میں بچوں کے ساتھ جھولے بھی لیے۔ اس موقع پر کھلاڑیوں نے وزیراعلیٰ سے پوسٹرز، شرٹس، ریکٹس اور اپنے ہاتھوں پر آٹوگراف حاصل کیے۔
مریم نواز اسپورٹس ایرینا میں پیڈل کورٹ، کرکٹ ایرینا، فٹسال ایرینا، کیفے اور دیگر سہولتیں فراہم کی گئی ہیں۔ اسپورٹس ایرینا میں عوام کے لیے آن لائن بکنگ کا انتظام کیا گیا ہے، جبکہ دن کے اوقات خواتین اور شام کے وقت مردوں کے لیے کھیلوں کی جدید سہولتیں دستیاب ہوں گی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ساہیوال میں بیوٹیفکیشن ماڈل پراجیکٹ کے تحت صدر بازار کا افتتاح بھی کیا۔ ان کی آمد پر بازار میں ہزاروں شہری جمع ہوگئے اور مختلف مقامات پر لوگوں کا ہجوم دکھائی دیا۔
ماڈل صدر بازار میں پہلی مرتبہ بجلی کی تاروں اور دیگر یوٹیلٹی سہولتوں کی وائرنگ زیرِ زمین کی گئی ہے۔ بازار میں داخلی دروازہ، ٹف ٹائلز اور پیدل چلنے والوں کے لیے گزرگاہ بھی تعمیر کی گئی ہے۔ خریداروں کی سہولت کے لیے بیٹھنے کی غرض سے بینچ نصب کیے گئے ہیں، جبکہ بازار میں پلانٹرز اور کچرا دان بھی رکھے گئے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے ساہیوال ماڈل ایگری کلچر مال کا باقاعدہ افتتاح کیا اور پنجاب بھر میں مزید 10 ماڈل ایگری کلچر مال منصوبوں کا سنگِ بنیاد رکھا۔ یہ مراکز جھنگ، فیصل آباد، رینالہ خورد، خانیوال، جام پور، بورے والا، صادق آباد، مریدکے، پنڈی گھیب اور میانوالی میں قائم کیے جائیں گے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ساہیوال ماڈل ایگری کلچر مال کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے مختلف زرعی مشینری اور آلات کا معائنہ کیا۔ ان میں پاک سیڈر، سائیلج، ہارویسٹر، رائس مشینری، پلانٹر اور ڈرون اسپرے مشین شامل تھیں۔ انہوں نے ایگری کلچر مال میں موجود کاشتکاروں سے گفتگو کی اور منصوبے کے حوالے سے معلومات حاصل کیں۔
ماڈل ایگری کلچر مال میں کاشتکاروں کے لیے تصدیق شدہ کھاد، بیج اور زرعی ادویات ایک ہی چھت تلے دستیاب ہوں گی۔ اس کے علاوہ ڈرون ٹیکنالوجی اور جدید زرعی آلات بھی کرائے پر حاصل کیے جا سکیں گے، جس سے کاشتکار جدید طریقوں کے ذریعے اپنی زرعی سرگرمیاں بہتر بنا سکیں گے۔
ایگری کلچر مال میں کاشتکاروں کی تربیت کے لیے پروگرام بھی متعارف کرائے گئے ہیں، جہاں وہ کیڑوں، مٹی اور فصلوں کے انتظام سے متعلق زرعی ماہرین سے مشاورت حاصل کر سکیں گے۔ زرعی مداخل کی جانچ، تصدیق اور معیار کو یقینی بنانے کے لیے کوالٹی کنٹرول اور ٹیسٹنگ کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔ مزید برآں، کاشتکاروں کو ایک ہی چھت تلے مالیاتی خدمات اور قرضوں کی معاونت دستیاب ہوگی۔
ماڈل ایگری کلچر مال میں نو دکانیں، زرعی مشینری کی نمائش کے لیے جگہ اور تربیتی ہال بھی قائم کیے گئے ہیں، تاکہ کاشتکاروں کو زرعی مصنوعات، جدید مشینری اور رہنمائی تک آسان رسائی فراہم کی جا سکے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ساہیوال، عارف والا دو رویہ سڑک کے منصوبے کا بھی باقاعدہ افتتاح کیا۔ 27 کلومیٹر طویل جدید سڑک کی تعمیر سے تین اضلاع کے لاکھوں شہری مستفید ہوں گے۔ وزیراعلیٰ نے افتتاحی تقریب کے دوران تختی کی نقاب کشائی کرکے منصوبے کا باقاعدہ آغاز کیا۔
وزیراعلیٰ کی آمد پر سڑک کے اطراف بچوں، خواتین اور دیگر شہریوں سمیت ہزاروں افراد جمع ہوئے۔ اس موقع پر شہریوں نے بھرپور جوش و خروش کا مظاہرہ کیا۔ مریم نواز شریف ایک بزرگ خاتون کو دیکھ کر ان کے پاس پہنچیں اور انہیں گلے لگا لیا، جبکہ ایک کمسن بچے کی خواہش پر اس کے ساتھ سیلفی بھی بنوائی۔
ساہیوال سے تعلق رکھنے والے ارکانِ اسمبلی نے عارف والا روڈ کو تاریخ ساز منصوبہ قرار دیتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب کا شکریہ ادا کیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے متعلقہ حکام کو سڑکوں کے منصوبوں کی جلد از جلد تکمیل یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی۔
وزیراعلیٰ پنجاب کے دورے کے دوران ساہیوال کے مختلف بازاروں اور سڑکوں پر شہریوں کی بڑی تعداد موجود رہی، جبکہ بچوں سمیت مختلف طبقات کے افراد نے ان کی آمد پر جوش و خروش کا اظہار کیا۔ دورے کے دوران کھیلوں، شہری خوبصورتی، جدید زراعت اور سڑکوں کی تعمیر سے متعلق منصوبوں کا افتتاح اور آغاز کیا گیا۔
مزید پڑھیں





