جمعہ، 16 اکتوبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

پاکستان کی برآمدات میں سالانہ 18 فیصد اضافہ، درآمدی بل بھی 11 فیصد بڑھ گیا


کراچی: پاکستان کی برآمدات میں ستمبر 2026 کے دوران ماہانہ اور سالانہ بنیادوں پر نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ درآمدی بل میں بھی اضافہ ہوگیا، پاکستان ادارہ شماریات نے تجارتی اعداد و شمار جاری کردیے۔

ادارہ شماریات کے مطابق ستمبر 2026 میں پاکستان کی برآمدات ماہانہ بنیادوں پر 17 فیصد اور سالانہ بنیادوں پر 18 فیصد بڑھ کر 2 ارب 96 کروڑ ڈالر سے تجاوز کرگئیں۔ گزشتہ سال ستمبر میں برآمدات کا حجم 2 ارب 50 کروڑ ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔

رپورٹ کے مطابق ستمبر 2026 میں ٹیکسٹائل سیکٹر کی برآمدات ایک ارب 60 کروڑ ڈالر رہیں، جن میں ماہانہ اور سالانہ بنیادوں پر 5 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ دوسری جانب ستمبر 2026 میں پاکستان کا درآمدی بل 6 ارب 50 کروڑ ڈالر رہا، جو ماہانہ اور سالانہ بنیادوں پر 11 فیصد زیادہ ہے۔ گزشتہ سال ستمبر میں درآمدی بل 5 ارب 85 کروڑ ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔

ادارہ شماریات کے مطابق رواں مالی سال 2026-27 کی پہلی سہ ماہی، یعنی جولائی سے ستمبر کے دوران پاکستان کی برآمدات میں گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 11 فیصد اضافہ ہوا، جس کے بعد برآمدات کا مجموعی حجم 8 ارب 45 کروڑ ڈالر تک پہنچ گیا۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں درآمدی بل 13 فیصد اضافے کے بعد 19 ارب 21 کروڑ ڈالر ہوگیا، جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں درآمدات کا مجموعی حجم 16 ارب 97 کروڑ ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔

یوں رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں برآمدات کے ساتھ درآمدات میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا، تاہم درآمدی بل برآمدات کے مجموعی حجم سے نمایاں طور پر زیادہ رہا۔