منگل، 17 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

ایک قابلِ بچاؤ سرطان، تحریر: سید آزاد گیلانی

نقطہ نظر

آج 17 نومبر کو عالمی کیلنڈر تین نہایت ہی اہم موضوعات و مسائل کے عالمی دن کے طور پر منایا جا رہا ہے۔


عالمی یومِ سروائیکل کینسر کے خاتمے کا دن (World Cervical Cancer Elimination Day)


عالمی یوم قبل از وقت پیدائش (World Prematurity Day) (جسے اس بار 15 نومبر 2026 کو منایا گیا)


عالمی یوم طلبہ (International Students' Day) طلبہ کے حقوق، آزادی اظہار کے عالمی دن کے طور پر منایا جاتا ہے۔


میں نے ارادہ کیا کہ تینوں موضوعات انسانی زندگی و معاشرے کے لیے بہت اہمیت کے حامل ہیں، اس لیے میں اس کالم میں تینوں موضوعات پر اپنی علمی استعداد کے روشنی ڈالوں گا۔ یہ فیصلہ سوچ کی حد تک نہایت آسان تھا مگر علمی طور پر جب لکھنے بیٹھا تو سروائیکل کینسر پر لکھنے کے لیے مجھے ہمت اور خوف کے درمیان کچھ وقت پنڈولم کی طرح گزارنا پڑا۔ بالآخر چونکہ میں ایک طرح میڈیکل کے شعبے سے ہی وابستہ ہوں، ہمت کا پلڑا بھاری رہا اور میں نے لکھنے کا فیصلہ کر لیا۔


سروائیکل کینسر ایک ایسا سرطان جس سے بچاؤ ممکن ہے، مگر لاعلمی، سماجی جھجک اور بروقت تشخیص سے گریز ہر سال ہزاروں خواتین کو موت کے منہ میں دھکیل دیتا ہے۔ یہ سرطان ہے سروائیکل کینسر، یعنی رحم کے منہ کا سرطان۔ جسے سروکس کہا جاتا ہے، اس کی بنیادی وجہ ہیومن پیپیلوما وائرس (HPV) کی بعض اقسام کا طویل عرصے تک جسم میں موجود رہنا ہے۔ یہ وائرس عموماً قریبی جسمانی تعلق کے ذریعے منتقل ہوتا ہے۔


ابتدائی مرحلے میں عموماً کوئی نمایاں علامت ظاہر نہیں ہوتی، لیکن بیماری بڑھنے پر بلیڈنگ،

سن یاس (مینوپاز) کے بعد بلیڈنگ ہونا، پیٹ کے نچلے حصے ( pelvis ) میں درد جیسی علامات سامنے آ سکتی ہیں۔


تشخیص کے لیے پیپ سمیر (Pap Smear) اور HPV ( ہیومن پیپیلوما وائرس) ٹیسٹ کیے جاتے ہیں۔ مشتبہ نتائج کی صورت میں کولپوسکوپی اور بایوپسی کے ذریعے مرض کی تصدیق کی جاتی ہے۔


پاکستان میں بھی یہ سرطان خواتین کے لیے ایک سنگین مسئلہ ہے۔ عالمی ادارۂ صحت کے تخمینوں کے مطابق پاکستان میں ہر سال تقریباً پانچ ہزار خواتین اس مرض میں مبتلا ہوتی ہیں اور تین ہزار سے زیادہ جان کی بازی ہار جاتی ہیں۔ یہ اعدادوشمار ہمیں بتاتے ہیں کہ مسئلہ محض طبی نہیں، آگاہی اور صحت کی سہولیات سے بھی جڑا ہوا ہے۔


علاج کا انحصار بیماری کے مرحلے پر ہوتا ہے۔ ابتدائی مرحلے میں سرجری، جبکہ ضرورت کے مطابق ریڈیوتھراپی اور کیموتھراپی استعمال کی جاتی ہیں۔ بچاؤ کے لیے HPV ویکسین، باقاعدہ اسکریننگ اور بروقت طبی معائنہ انتہائی اہم ہیں۔


ضرورت اس امر کی ہے کہ خواتین کی صحت سے متعلق خاموشی توڑی جائے۔ حکومت ویکسین اور اسکریننگ کی سہولیات عام کرے اور خاندان خواتین کو طبی معائنے کے لیے حوصلہ دیں۔ کیونکہ بروقت تشخیص صرف بیماری نہیں، ایک زندگی بھی بچا سکتی ہے۔




(2) ننھی زندگی، بڑا امتحان



دنیا میں آنے والا ہر بچہ اپنے ساتھ امیدوں کا ایک جہان لے کر آتا ہے، مگر کچھ بچے مقررہ وقت سے پہلے اس دنیا میں قدم رکھ دیتے ہیں۔ ان کے لیے زندگی کی پہلی سانس ہی ایک بڑے امتحان کا آغاز بن جاتی ہے۔ افسوس ناک حقیقت یہ ہے کہ ان ننھی زندگیوں کو بچانے کے لیے جتنی توجہ درکار ہے، ہمارے معاشرے میں اتنی آگاہی اور طبی سہولیات موجود نہیں۔


عالمی یوم قبل از وقت پیدائش (World Prematurity Day)


اس سال 15 نومبر کو منایا گیا۔ اگرچہ آج اس دن کی مقررہ تاریخ گزر چکی ہے، لیکن انسانی جان کی اہمیت کسی ایک دن یا تاریخ کی محتاج نہیں۔ آگاہی کے لیے عالمی دن مقرر کرنا اپنی جگہ اہم ہے، مگر یہ کہیں لازم نہیں کہ کسی مسئلے پر بات صرف اسی دن کی جائے۔ اسی سوچ کے تحت اس اہم موضوع پر گفتگو ضروری محسوس ہوئی۔


طبی اصطلاح میں حمل کے 37 ہفتے مکمل ہونے سے پہلے پیدا ہونے والے بچے کو قبل از وقت پیدا ہونے والا بچہ (Preterm Baby) کہا جاتا ہے۔ عالمی ادارۂ صحت کے مطابق دنیا بھر میں ہر سال تقریباً ایک کروڑ 34 لاکھ بچے قبل از وقت پیدا ہوتے ہیں، یعنی ہر دس میں سے ایک سے زیادہ بچہ۔


طبی اعتبار سے حمل کی اوسط مدت 40 ہفتے ہوتی ہے۔ 39 سے 40 ہفتے اور 6 دن کے درمیان پیدا ہونے والے بچے مکمل مدت پر پیدا ہونے والے بچے (Full Term) کہلاتے ہیں، جبکہ 37 سے 38 ہفتے اور 6 دن کے درمیان پیدائش کو ابتدائی مدت (Early Term) کہا جاتا ہے۔


عالمی ادارۂ صحت نے قبل از وقت پیدائش کو تین اقسام میں تقسیم کیا ہے:


ا

28 ہفتے مکمل ہونے سے پہلے پیدا ہونے والے بچے۔ جو کہ انتہائی قبل از وقت پیدائش ہے ۔


28 سے31 ہفتے اور 6 دن کے درمیان پیدا ہونے والے بچے۔یہ پہلے والی کیٹگری سے نسبتاَ بہتر ہے مگر یہ بھی خطرناک حد تک قبل از وقت ہے



درمیانی تا آخری قبل از وقت پیدائش

32 سے 36 ہفتے اور 6 دن کے درمیان پیدا ہونے والے بچے۔


ان تینوں اقسام میں بچے کو درپیش طبی خطرات اور نگہداشت کی ضروریات مختلف ہو سکتی ہیں۔


قبل از وقت پیدائش کی وجوہات میں ماں کی صحت کے مسائل، بلند فشارِ خون، ذیابیطس اور بعض انفیکشن شامل ہیں، تاہم کئی مرتبہ واضح وجہ سامنے نہیں آتی۔ حمل کے دوران باقاعدہ طبی معائنہ، متوازن غذا اور مناسب نگہداشت خطرات کم کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔


یہاں ایک اہم حقیقت سمجھنے کی ضرورت ہے کہ قبل از وقت پیدا ہونا زندگی کے خاتمے کا اعلان نہیں۔ جدید طبی سہولیات، نوزائیدہ بچوں کے خصوصی نگہداشت مراکز، ماں کا دودھ اور کینگرو مدر کیئر

(ماں اور بچے کا جلد سے جلد رابطہ ،جہاں بچہ ماں کے سینے سے لگا کر سے حرارت دینا )

ان بچوں کی زندگی بچانے اور نشوونما بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ ہسپتال سے گھر آنے کے بعد بھی ان بچوں کی طبی نگرانی ضروری ہے۔


معاشرے کو یہ سمجھنا ہوگا کہ ماں اور بچے کی صحت محض ایک خاندان کا نجی معاملہ نہیں بلکہ قومی ذمہ داری ہے۔ اسپتالوں میں بہتر سہولیات، حاملہ خواتین کی بروقت نگہداشت اور والدین کی رہنمائی کو ترجیح دینا ہوگی۔


جو بچہ وقت سے پہلے دنیا میں آتا ہے، اسے زندگی سے پہلے ہی محروم نہ ہونے دیجیے۔ اس کی ننھی سانسوں کو تحفظ دینا ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے۔



(3) طالب علم، ہمارا آج بھی اور آنے والا کل بھی


کسی بھی قوم کا مستقبل اس کے نعروں، دعوؤں یا بلند و بالا عمارتوں میں نہیں، بلکہ ان تعلیمی اداروں میں بیٹھے طلبہ کی آنکھوں میں دکھائی دیتا ہے جو کتابیں اٹھائے، خواب سجائے اور کچھ کر گزرنے کی امید لیے زندگی کے سفر پر گامزن ہوتے ہیں۔ طالب علم محض کسی جماعت، کالج یا یونیورسٹی کا حصہ نہیں، وہ ایک خاندان کی امید، معاشرے کا امکان اور قوم کی آنے والی تاریخ کا اہم کردار ہوتا ہے۔


عالمی یوم طلبہ ہے۔ یہ دن محض مبارک باد دینے یا تقریبات منعقد کرنے کا موقع نہیں بلکہ اپنے تعلیمی نظام، طلبہ کے مسائل اور ان کے مستقبل پر غور کرنے کی دعوت بھی دیتا ہے۔


اس دن کی تاریخ قربانی اور مزاحمت کی ایک دردناک داستان سے جڑی ہے۔ 1939 میں دوسری جنگِ عظیم کے دوران نازی افواج نے چیکوسلواکیہ پر قبضہ کر رکھا تھا۔ پراگ میں طلبہ نے قابض قوتوں کے خلاف احتجاج کیا۔ اسی دوران میڈیکل کے طالبعلم زخمی ہوا اور بعد ازاں دم توڑ گیا۔اس طالبعلم کا نام جان اوپلیتال بتایا گیا ہے ۔اس کے جنازے میں شریک طلبہ کا احتجاج بھی مزاحمت کی علامت بن گیا۔ 17 نومبر 1939 کو نازی حکام نے چیکوسلاواکیہ کے تمام یونیورسٹیاں اور اعلیٰ تعلیم ادارے بند کر دیئے، 9 طلبہ رہنماؤں کو موت کے گھاٹ اتار دیا اور بارہ سو سے زائد طلبہ کو حراستی کیمپوں میں منتقل کر دیا۔ بعد ازاں 1941 میں لندن میں اس تاریخ کو عالمی یوم طلبہ کے طور پر منانے کا فیصلہ کیا گیا۔


یہ تاریخ ہمیں یاد دلاتی ہے کہ طالبعلم صرف کتابوں اور امتحانات تک محدود نہیں ہوتا، وہ اپنے حقوق، آزادی اور معاشرے کی بہتری کے لیے آواز اٹھانے کی صلاحیت بھی رکھتا ہے۔


آج اپنے معاشرے پر نظر ڈالیں تو ایک اہم سوال سامنے آتا ہے: کیا ہم نے طالبعلم کو صرف اچھے نمبروں اور ڈگری کے حصول تک محدود کر دیا ہے؟ ہمارے تعلیمی اداروں میں امتحانی کامیابی کو تو اہمیت دی جاتی ہے، مگر تحقیق، تخلیقی سوچ، مطالعے اور سوال کرنے کی صلاحیت کو وہ مقام نہیں ملتا جس کی ضرورت ہے۔ حالانکہ تعلیم کا مقصد صرف امتحان پاس کرنا نہیں بلکہ انسان کو سوچنے، سمجھنے اور درست و غلط میں تمیز کرنے کا شعور دینا ہے۔


اساتذہ اور والدین کی ذمہ داری ہے کہ وہ بچوں پر اپنی خواہشات مسلط کرنے کے بجائے ان کی صلاحیتوں کو پہچانیں۔ ہر بچہ ڈاکٹر یا انجینئر نہیں بن سکتا اور نہ ہی کامیابی کی صرف یہی دو صورتیں ہیں۔ کوئی اچھا محقق، ادیب، سائنس دان، فن کار یا ہنرمند بن کر بھی معاشرے کی تعمیر میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔


دوسری طرف ریاست کی ذمہ داری ہے کہ تعلیم کو طبقاتی تفریق سے نکال کر ہر بچے تک پہنچائے۔ سرکاری تعلیمی اداروں کا معیار بہتر بنایا جائے، اساتذہ کی تربیت، مستحق طلبہ کے وظائف اور جدید تعلیمی سہولیات کو ترجیح دی جائے۔ ذہانت کسی طبقے کی میراث نہیں، اسے مواقع فراہم کرنا معاشرے اور ریاست دونوں کی ذمہ داری ہے۔


طلبہ کو بھی سمجھنا ہوگا کہ حقوق کے ساتھ ذمہ داریاں وابستہ ہوتی ہیں۔ انہیں محض ڈگری نہیں بلکہ علم، کردار، تحقیق اور دیانت کو اپنی پہچان بنانا ہوگا۔ مصنوعی ذہانت اور ٹیکنالوجی کے اس دور میں محض معلومات جمع کرنا کافی نہیں، ان کا درست استعمال اور تنقیدی شعور بھی ضروری ہے۔


عالمی یوم طلبہ ہمیں یہ پیغام دیتا ہے کہ طالب علم صرف قوم کا مستقبل نہیں، اس کا آج بھی ہے۔ اگر ہم آج اس کے خوابوں کو وسائل، اس کی صلاحیتوں کو مواقع اور اس کی آواز کو اعتماد نہیں دیں گے تو کل ایک بہتر معاشرے کی امید کیسے رکھ سکیں گے؟


طالب علم کو مستقبل کا معمار کہہ دینا کافی نہیں، اسے وہ علم، اعتماد اور مواقع بھی دیجیے جن سے وہ واقعی اپنی اور اپنی قوم کی تقدیر تعمیر کر سکے۔



ان تین مختلف پہلوؤں پر لکھے گئی تحاریر کے کچھ اہم و مستند معلومات درکار تھیں، جو درج ذیل زرائع سے لی گئی ہیں ۔


سروائیکل کینسر کے لئے معلومات ۔

WHO — Cervical Cancer Fact Sheet (10 November 2026)⁠

ICO/IARC — Pakistan HPV and Related Cancers ۔

سے لی گئی ہیں ۔

(قبل از وقت کالم کے لئے کچھ معلومات (WHO)

Preterm Birth: Fact Sheet

سے لی گئی ہیں)


عالمی یوم طلبہ سے متعلق معلومات Charles University، European Students' Union، UNESCO سے لی گئی ہیں ۔