منگل، 17 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

بچوں کے حقوق کا تحفظ،تحریر: مرزا نبی شیر

نقطہ نظر

بچے کسی بھی قوم کا سب سے قیمتی سرمایہ معاشرے کی امیدوں کا مرکز اور مستقبل کے روشن امکانات کی علامت ہوتے ہیں۔ ان کے معصوم چہروں میں انے والے کل کی تصویر ان کی انکھوں میں خوابوں کی روشنی اور ان کے ننھے قدموں میں ترقی و خوشحالی کی منزلیں پوشیدہ ہوتی ہیں۔ کسی بھی معاشرے کی حقیقی ترقی کا اندازہ اس کی بلند و بالا عمارتوں وسیع شاہراہوں یا معاشی وسائل سے ہی نہیں بلکہ اس بات سے بھی لگایا جاتا ہے کہ وہاں بچوں کو کس قدر تحفظ، محبت، عزت، تعلیم اور بہتر زندگی کے مواقع فراہم کیے جاتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ بچوں کے حقوق کا تحفظ محض ایک سماجی ضرورت نہیں بلکہ انسانی شرافت، اخلاقی ذمہ داری اور قومی بقا کا بنیادی تقاضا ہے۔


بچپن انسانی زندگی کا وہ حسین اور حساس دور ہے جس میں شخصیت کی بنیادیں استوار ہوتی ہیں۔ اس عمر میں بچے کو محبت، توجہ، رہنمائی، اعتماد اور تحفظ کی ضرورت ہوتی ہے۔ اسے ایسا ماحول درکار ہوتا ہے جہاں وہ خوف کے بجائے اعتماد، محرومی کے بجائے خوشی اور بے یقینی کے بجائے امید کے ساتھ زندگی گزار سکے۔ بچوں کے حقوق میں زندگی کا حق، نام اور شناخت کا حق، تعلیم کا حق، صحت کی سہولیات، مناسب خوراک، صاف پانی، محفوظ رہائش، کھیل کود، اظہارِ خیال اور تشدد و استحصال سے تحفظ جیسے بنیادی حقوق شامل ہیں۔ یہ حقوق کسی احسان یا رعایت کا نام نہیں بلکہ ہر بچے کا فطری اور تسلیم شدہ حق ہیں۔ اسلامی تعلیمات ہمیں یہ درس دیتی ہیں کہ بچوں کے ساتھ نرمی، مساوات اور احترام کا معاملہ کیا جائے۔ ان کی تربیت میں محبت کو بنیادی حیثیت دی جائے اور ان کی ضروریات کو نظرانداز نہ کیا جائے۔ یہی اخلاقی اصول ایک مضبوط خاندان اور متوازن معاشرے کی تشکیل میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔


عالمی سطح پر بھی بچوں کے حقوق کو خصوصی اہمیت حاصل ہے۔ اقوام متحدہ نے 1989ء میں بچوں کے حقوق کے کنونشن کی منظوری دی جس کا بنیادی مقصد دنیا بھر کے بچوں کو امتیازی سلوک، تشدد، استحصال، غفلت اور محرومی سے محفوظ رکھنا ہے۔ پاکستان بھی اس عالمی کنونشن کا فریق ہے۔ یہ ایک اہم عہد ہے کہ ہر بچے کو اس کی صلاحیتوں کے مطابق آگے بڑھنے، سیکھنے، ترقی کرنے اور باوقار زندگی گزارنے کے مواقع فراہم کیے جائیں۔ اس عالمی تصور کی روح یہی ہے کہ بچے کی فلاح و بہبود کو ہر فیصلے میں بنیادی اہمیت حاصل ہو۔


تعلیم بچوں کے بنیادی حقوق میں ایک نمایاں مقام رکھتی ہے۔ تعلیم صرف کتابیں پڑھنے یا امتحانات میں کامیابی حاصل کرنے کا نام نہیں بلکہ یہ شعور، کردار، اعتماد اور بہتر مستقبل کی تعمیر کا ذریعہ ہے۔ ایک تعلیم یافتہ بچہ نہ صرف اپنی زندگی کو بہتر بناتا ہے بلکہ اپنے خاندان اور معاشرے کی ترقی میں بھی مؤثر کردار ادا کرتا ہے۔ اس لیے ضروری ہے کہ ہر بچے کو بلاامتیاز معیاری تعلیم میسر ہو۔ ایسے تعلیمی ادارے قائم کیے جائیں جہاں علم کے ساتھ اخلاق، برداشت، نظم و ضبط، تخلیقی صلاحیتوں اور انسانی اقدار کو بھی فروغ دیا جائے۔


اسی طرح بچوں کی جسمانی اور ذہنی صحت کا تحفظ بھی انتہائی ضروری ہے۔ متوازن غذا، صاف پانی، حفاظتی ٹیکہ جات، بروقت طبی سہولیات اور صحت مند ماحول بچوں کی نشوونما کے بنیادی عناصر ہیں۔ صحت مند بچہ ہی تعلیم حاصل کرنے، اپنی صلاحیتیں نکھارنے اور معاشرے میں مثبت کردار ادا کرنے کے قابل ہوتا ہے۔ اس ضمن میں والدین، تعلیمی اداروں، طبی مراکز اور متعلقہ سرکاری اداروں کے درمیان مؤثر تعاون ناگزیر ہے۔


بچوں کو تشدد، جسمانی سزا، ذہنی اذیت، جبری مشقت، استحصال، کم عمری کی شادی اور ہر قسم کے نامناسب رویے سے محفوظ رکھنا بھی ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے۔ بچے اپنی کم عمری اور محدود شعور کے باعث اکثر اپنے حقوق کا دفاع نہیں کر پاتے، اس لیے ان کے تحفظ کے لیے بالغ افراد، خاندان اور ریاست کو زیادہ حساس اور ذمہ دار ہونا چاہیے۔ گھروں میں شفقت، اسکولوں میں احترام اور عوامی مقامات پر تحفظ کا احساس پیدا کرنا ضروری ہے۔ بچوں کی شکایات کو سنجیدگی سے سنا جائے اور ان کے مسائل کو عزت، رازداری اور دانش مندی کے ساتھ حل کیا جائے۔


والدین بچوں کی شخصیت سازی میں سب سے اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ گھر بچے کی پہلی درس گاہ اور والدین اس کے اولین معلم ہوتے ہیں۔ والدین کی گفتگو، طرزِ عمل، اخلاق اور باہمی رویے بچوں کی شخصیت پر گہرے اثرات مرتب کرتے ہیں۔ اگر گھر میں محبت، احترام، برداشت اور اعتماد کی فضا قائم ہو تو بچے بھی انہی خوبصورت اقدار کو اپنی زندگی کا حصہ بناتے ہیں۔ بچوں پر اپنی خواہشات مسلط کرنے کے بجائے ان کی دلچسپیوں، صلاحیتوں اور جذبات کو سمجھنا چاہیے۔ ان کی حوصلہ افزائی کی جائے تاکہ وہ اعتماد کے ساتھ اپنی صلاحیتوں کا اظہار کر سکیں۔


بچوں کے حقوق کے تحفظ میں اساتذہ اور تعلیمی اداروں کا کردار بھی نہایت اہم ہے۔ استاد صرف علم منتقل کرنے والا نہیں بلکہ نسلوں کی تعمیر کرنے والا رہنما ہوتا ہے۔ ایک اچھا استاد بچے کی صلاحیت کو پہچانتا، اس کی حوصلہ افزائی کرتا اور اسے بہتر انسان بننے کی ترغیب دیتا ہے۔ تعلیمی اداروں میں ایسا ماحول ہونا چاہیے جہاں ہر بچے کو مساوی مواقع، عزت اور تحفظ حاصل ہو، خواہ اس کا تعلق کسی بھی طبقے، علاقے یا معاشی پس منظر سے ہو۔


میڈیا، سول سوسائٹی اور سماجی ادارے بھی بچوں کے حقوق کے حوالے سے شعور بیدار کرنے میں مؤثر کردار ادا کر سکتے ہیں۔ اخبارات، ٹیلی وژن اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے والدین اور عوام کو بچوں کے قانونی، اخلاقی اور سماجی حقوق سے آگاہ کیا جا سکتا ہے۔ بچوں کے تحفظ سے متعلق قوانین پر عمل درآمد، شکایات کے مؤثر نظام اور متعلقہ اداروں کی استعداد میں اضافہ بھی وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ بچوں کی تصاویر، شناخت اور نجی زندگی کا احترام بھی یقینی بنایا جانا چاہیے۔


یہ امر بھی قابل توجہ ہے کہ آج کا بچہ محض مستقبل کا شہری نہیں بلکہ آج کے معاشرے کا ایک اہم فرد ہے۔ اس کی رائے، احساسات، خواب اور ضروریات بھی اہمیت رکھتے ہیں۔ اسے اپنی عمر اور فہم کے مطابق اظہار کا موقع دینا چاہیے۔ کھیل، تفریح، مطالعہ، تخلیقی سرگرمیاں اور فطرت سے قربت بچوں کی متوازن شخصیت کی تشکیل میں بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔ ان کے بچپن کو غیر ضروری دباؤ سے محفوظ رکھنا بھی ہماری ذمہ داری ہے۔


اخر میں یہ حقیقت ہمیشہ پیشِ نظر رہنی چاہیے کہ بچوں کے حقوق کا تحفظ کسی ایک ادارے حکومت یا خاندان کی ذمہ داری نہیں بلکہ پوری قوم کا مشترکہ عہد ہے۔ ریاست قانون اور سہولیات فراہم کرے، والدین محبت و تربیت کا فریضہ ادا کریں۔ اساتذہ علم و کردار کی روشنی پھیلائیں اور معاشرہ بچوں کے لیے محفوظ و سازگار ماحول تشکیل دے۔ ہمیں ایسا پاکستان تعمیر کرنا ہے جہاں ہر بچہ محفوظ ہو ہر ہاتھ میں کتاب ہو، ہر چہرے پر مسکراہٹ ہو اور ہر آنکھ میں مستقبل کے روشن خواب ہوں۔


بچوں کی حفاظت دراصل انسانیت کی حفاظت ان کی تعلیم قوم کی تعمیر اور ان کے حقوق کی پاسداری روشن مستقبل کی ضمانت ہے ۔ جس قوم نے اپنے بچوں کے کو محبت،تحفظ،علم اور عزت کا تحفہ دیا اس نے درحقیقت اپنی انے والی نسلوں کے لیے کامیابی، وقار اور خوشحالی کی بنیاد رکھ دی ۔