لفظوں کی بے قدری کا دکھ، تحریر:ماہ نور کنول
نقطہ نظرکبھی آپ نے غور کیا ہے کہ انسان بولنا کب چھوڑتا ہے؟ کیا اُس وقت جب اس کے پاس کہنے کے لیے کچھ باقی نہیں رہتا، یا اُس وقت جب اسے محسوس ہونے لگتا ہے کہ اس کی بات سننے والا کوئی نہیں؟ حقیقت یہ ہے کہ ہر خاموش شخص کے پاس الفاظ ختم نہیں ہوتے، بعض لوگوں کے پاس تو اتنی باتیں جمع ہوتی ہیں کہ اگر انھیں کوئی توجہ سے سن لے تو شاید کئی کہانیاں سامنے آ جائیں؛ مگر مسئلہ یہ ہے کہ ہم نے سننے سے پہلے فیصلہ کرنا سیکھ لیا ہے۔ کسی کی بات مکمل ہونے سے پہلے ہی اسے غلط ثابت کرنے لگتے ہیں، کسی کے احساسات سمجھے بغیر انھیں معمولی قرار دے دیتے ہیں اور کبھی کسی کی سچی بات کو اس لیے نظرانداز کر دیتے ہیں کہ وہ ہمارے مزاج، سوچ یا خواہش کے مطابق نہیں ہوتی۔
یہ رویہ صرف کسی ایک گھر، ایک رشتے یا ایک طبقے تک محدود نہیں۔ کبھی ایک بچہ اپنے والدین سے کوئی بات کہنا چاہتا ہے مگر اسے یہ کہہ کر خاموش کر دیا جاتا ہے کہ بڑوں کے درمیان مت بولو۔ کبھی ایک نوجوان اپنی پریشانی بیان کرنا چاہتا ہے تو اسے ناتجربہ کار کہہ کر ٹال دیا جاتا ہے۔ کبھی ایک بزرگ اپنے ماضی کا کوئی واقعہ سنانا چاہتے ہیں مگر گھر کے افراد کے پاس ان کے لیے چند لمحے بھی نہیں ہوتے۔ کبھی ایک عورت اپنی تھکن بیان کرتی ہے تو اسے معمول کی ذمہ داریوں کا نام دے دیا جاتا ہے اور کبھی ایک محنت کش اپنی مشکل بتاتا ہے تو اس کی بات سننے کے بجائے اسے مزید محنت کرنے کا مشورہ دے دیا جاتا ہے۔ ہر عمر کا انسان کسی نہ کسی مقام پر یہ محسوس کرتا ہے کہ اس کے الفاظ کی اہمیت اس کی ذات سے کم سمجھی جا رہی ہے۔
ہم اکثر چاہتے ہیں کہ لوگ ہماری بات سمجھیں، ہمارے لہجے کے پیچھے چھپی پریشانی محسوس کریں اور ہمارے کہے بغیر بھی ہمارے حالات کا اندازہ لگا لیں لیکن کیا ہم خود دوسروں کے ساتھ ایسا کرتے ہیں؟ کیا ہم کبھی اپنے مصروف دن میں سے چند لمحے نکال کر کسی بچے کی پوری بات سنتے ہیں؟ کسی بزرگ کے بار بار دہرائے جانے والے قصے میں چھپی تنہائی محسوس کرتے ہیں؟ کسی دوست کی شکایت کے پیچھے موجود تکلیف سمجھنے کی کوشش کرتے ہیں؟ یا کسی ایسے شخص کو وقت دیتے ہیں جو بظاہر ہنستا ہے مگر شاید اندر سے کسی الجھن میں مبتلا ہوتا ہے؟ ہم اپنی بات سنے جانے کی خواہش تو رکھتے ہیں مگر دوسروں کو سننے کے معاملے میں اکثر جلدی میں ہوتے ہیں۔ اصل مسئلہ یہ نہیں کہ ہر شخص ہماری ہر بات سے اتفاق کرے۔ اختلاف ہر انسان کا حق ہے۔ ضروری نہیں کہ آپ کسی کی رائے کو درست سمجھیں لیکن اتنا ضرور ضروری ہے کہ اسے اپنی بات مکمل کرنے کا موقع دیں۔ کسی کی بات سن لینا اس کے سامنے ہار جانا نہیں اور کسی کی رائے سے اختلاف کرنا اس کی توہین کرنے کا جواز بھی نہیں بنتا۔ گفتگو کا مقصد دوسرے کو خاموش کروانا نہیں ہونا چاہیے، کبھی اس کا مقصد صرف یہ بھی ہوتا ہے کہ سامنے والا اپنے دل کا بوجھ ہلکا کر سکے۔ بعض اوقات انسان کو کسی حل کی ضرورت نہیں ہوتی، اسے صرف ایک ایسے کان کی ضرورت ہوتی ہے جو اس کی بات پوری توجہ سے سن سکے لیکن ایک حقیقت یہ بھی ہے کہ ہر جگہ اپنی بات دہراتے رہنا ضروری نہیں۔ کچھ لوگ آپ کی بات سمجھنے کے لیے نہیں بلکہ آپ کو غلط ثابت کرنے کے لیے سنتے ہیں۔ آپ جتنی وضاحت کریں، وہ اتنی ہی نئی الجھن پیدا کر دیتے ہیں۔ آپ اپنا مؤقف بیان کریں تو وہ اسے ضد سمجھتے ہیں، اپنا دکھ بتائیں تو شکایت اور اپنی خاموشی اختیار کریں تو غرور کا نام دے دیتے ہیں۔ ایسے حالات میں انسان کو یہ سمجھنا پڑتا ہے کہ اپنی بات کہنا اس کا حق ضرور ہے مگر ہر شخص کو اپنی سچائی منوانا اس کی ذمہ داری نہیں۔ اپنی عزتِ نفس کو بار بار کسی کے رویے کے سامنے رکھ دینا بھی ضروری نہیں۔ کبھی خاموشی اس بات کا اعتراف نہیں ہوتی کہ آپ کے پاس جواب نہیں، بلکہ یہ فیصلہ ہوتی ہے کہ اب اپنی توانائی وہاں خرچ نہیں کرنی جہاں گفتگو کی گنجائش ہی باقی نہیں رہی۔ البتہ اس بات کو بھی یاد رکھنا چاہیے کہ خاموشی ہر موقع پر درست نہیں ہوتی اگر کسی کمزور کے ساتھ ناانصافی ہو رہی ہو، کسی بچے کو تکلیف پہنچائی جا رہی ہو، کسی بے بس کا حق دبایا جا رہا ہو یا کسی انسان کی عزت پامال ہو رہی ہو تو وہاں یہ سوچ کر خاموش نہیں رہنا چاہیے کہ ہماری بات کون سنے گا۔ اپنی ذات کی بے قدری کے سامنے خاموش ہو جانا حکمت ہو سکتا ہے مگر کسی دوسرے کے حق کی پامالی پر خاموش رہنا حکمت نہیں ہوتا۔ فرق سمجھنا ضروری ہے کہ کہاں ہمیں اپنی عزت بچانی ہے اور کہاں کسی دوسرے کی عزت اور حق کے لیے آواز اٹھانی ہے۔ ایک اور پہلو بھی ہے جس پر ہمیں خود سے سوال کرنا چاہیے۔ کہیں ہم بھی تو کسی کے لیے وہی شخص نہیں بن گئے جس کے سامنے بولنے سے دوسروں کو پرہیز کرنا پڑتا ہے؟ کہیں ہمارے گھر میں کوئی بچہ اپنی بات کہنے سے پہلے خوفزدہ تو نہیں ہوتا؟ کہیں ہمارا کوئی ساتھی ہماری بے توجہی کے باعث اپنے مسائل چھپانے تو نہیں لگا؟ کہیں ہمارے پاس آنے والا کوئی شخص ہر بار ادھوری بات لے کر واپس تو نہیں جاتا؟ ہم دوسروں کی خاموشی کو ان کی عادت سمجھ لیتے ہیں، حالانکہ ممکن ہے وہ ہماری بے توجہی کا نتیجہ ہو۔ کسی کو بار بار یہ احساس دلانا کہ اس کی بات اہم نہیں، رفتہ رفتہ اسے بولنے سے ہی بدظن کر سکتا ہے۔ ہمیں اپنے گھروں، رشتوں، تعلیمی اداروں اور کام کی جگہوں پر ایک دوسرے کو سننے کا سلیقہ پیدا کرنا ہوگا۔ بچوں کو سوال کرنے دیجیے، نوجوانوں کو اختلاف کا موقع دیجیے، بزرگوں کو وقت دیجیے اور اپنے ساتھ کام کرنے والوں کی رائے کو بھی اہمیت دیجیے۔ ہر شخص کو درست ثابت کرنا ضروری نہیں مگر ہر شخص کو عزت دینا ضرور ضروری ہے۔ ممکن ہے کسی کی بات میں آپ کے لیے کوئی نئی سوچ ہو، کسی کی شکایت میں کوئی ایسی حقیقت چھپی ہو جس سے آپ بے خبر ہوں، یا کسی کے چند سادہ الفاظ آپ کو اپنی کسی غلطی کا احساس دلا دیں۔ زندگی میں لفظ بہت قیمتی ہوتے ہیں۔ کبھی کسی کا ایک جملہ ٹوٹے ہوئے انسان کو دوبارہ حوصلہ دے دیتا ہے اور کبھی کسی کی بے توجہی اسے مدتوں کے لیے خاموش کر دیتی ہے۔ اس لیے بولنے سے پہلے صرف یہ نہ سوچیے کہ آپ کیا کہہ رہے ہیں، یہ بھی سوچیے کہ آپ کے الفاظ کس دل تک پہنچیں گے۔ جب کوئی آپ سے بات کرے تو اسے محض جواب دینے کے لیے نہ سنیے، سمجھنے کے لیے سنیے۔ ہو سکتا ہے وہ بات جو آپ کے لیے چند لمحوں کی معمولی گفتگو ہو، کسی دوسرے کے لیے بہت عرصے سے دل میں رکا ہوا بوجھ ہو۔ آخر میں بات اتنی سی ہے کہ جہاں آپ کے الفاظ کی قدر نہ ہو، وہاں خود کو بار بار ثابت کرنے کے بجائے اپنی عزتِ نفس کا خیال رکھیے؛ لیکن کسی کے الفاظ کو ردی سمجھنے سے پہلے ایک لمحہ ضرور رک جائیے کیوں کہ جس طرح آپ چاہتے ہیں کہ کوئی آپ کی بات سنے، اسی طرح دنیا میں بہت سے لوگ آپ کے چند لمحوں کے منتظر ہیں۔ ممکن ہے آج کسی کو آپ کے مشورے کی نہیں، صرف آپ کی توجہ کی ضرورت ہو۔ کسی کو آپ کے جواب کی نہیں، صرف اس یقین کی ضرورت ہو کہ اس کی بات بے معنی نہیں۔ یاد رکھیے، انسان ہمیشہ سخت الفاظ سے نہیں ٹوٹتا، کبھی کبھی اسے مسلسل نظرانداز کرنا بھی اندر سے خاموش کر دیتا ہے۔ اس لیے بولنے کی جگہ پہچانیے مگر سننے کا دروازہ کبھی بند مت کیجیے کیوں کہ جس معاشرے میں لوگ ایک دوسرے کو سننا چھوڑ دیتے ہیں، وہاں رفتہ رفتہ رشتے بھی خاموش ہو جاتے ہیں اور انسان ایک دوسرے کے قریب رہ کر بھی ایک دوسرے سے بہت دور ہو جاتے ہیں۔
مزید پڑھیں




