بدھ، 25 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

کراچی میں چھ منزلہ عمارت گر گئی,ایک شخص جاں بحق متعدد ملبے تلے دب گئے،ریسکیو آپریشن جاری


کراچی میں شاہراہِ فیصل کے قریب بلوچ کالونی میں چھ منزلہ عمارت منہدم ہو گئی۔


کراچی ایڈمنسٹریٹو سوسائٹی میں بلوچ کالونی بلاک 4 کے قریب 6 منزلہ عمارت کا ایک حصہ منہدم ہونے سے ایک شخص جاں بحق اور متعدد افراد ملبے تلے دب گئے۔


ترجمان ریسکیو 1122 سندھ کے مطابق، امدادی ٹیم نے ملبے سے ایک لاش نکالی اور ایک شخص کو زندہ بچا لیا مزید افراد کے دبے ہونے کی اطلاعات پر تلاش جاری ہےابتدائی کارروائی کے دوران 2 افراد کو زخمی حالت میں ملبے سے نکالا گیا، جنہیں طبی امداد کے لیے جناح اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔


ترجمان کے مطابق شاہراہ فیصل کے قریب عمارت گرنے کے واقعے کی اطلاع ملتے ہی اربن سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کے لیے امدادی کارروائیاں شروع کردیں۔


واقعے کے بعد پولیس اور ریسکیو اہلکاروں کی بڑی تعداد جائے وقوعہ پر موجود ہے اور بھاری مشینری کی مدد سے ملبہ ہٹانے اور ممکنہ طور پر پھنسے افراد کو تلاش کرنے کا کام کیا جا رہا ہے،عمارت گرنے کے باعث علاقے میں ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی اور جائے وقوعہ کی جانب جانے والے راستے پر ٹریفک جام ہوگیا۔ پولیس اہلکار امدادی سرگرمیوں کے لیے راستہ کلیئر کرانے اور ٹریفک کی روانی بحال رکھنے کی کوشش کررہے ہیں۔


دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کراچی ایڈمنسٹریٹو سوسائٹی میں عمارت گرنے کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچنے اور امدادی کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔


وزیراعلیٰ سندھ نے ریسکیو 1122، ضلعی انتظامیہ، پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں کو باہمی رابطے کے ساتھ امدادی آپریشن مکمل کرنے اور ملبے تلے دبے ممکنہ افراد کو نکالنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لانے کا حکم دیا ہے۔


وزیراعلیٰ نے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کو عمارت کے نقشے، تعمیراتی معیار اور ممکنہ غفلت کا جائزہ لینے کے ساتھ عمارت منہدم ہونے کی وجوہات معلوم کرنے کا حکم دیا ہے انہوں نے قریبی عمارتوں کا فوری حفاظتی معائنہ کرنے اور ملبے سمیت اطراف میں کسی بھی ممکنہ خطرے کا جائزہ لینے کی بھی ہدایت کی کہا کہ اگر کسی قسم کی غفلت یا غیر قانونی تعمیر سامنے آئے تو ذمہ داروں کا تعین کیا جائے۔


ابتدائی معلومات کے مطابق کراچی ایڈمنسٹریٹو سوسائٹی کے بلاک 4 میں زیرتعمیر 6 منزلہ عمارت کے 600 گز کے پلاٹ نمبر C-163 پر بلڈنگ قوانین کے تحت صرف ایکمنزل تعمیر کرنے کی اجازت تھی، تاہم وہاں 6 منزلہ عمارت تعمیر کی جا رہی تھی،حادثے کے وقت عمارت میں کام کرنے والے 20 سے 25 مزدوروں کے ملبے تلے دبے ہونے کی اطلاعات ہیں۔


ذرائع کے مطابق متعلقہ یونین کونسل کے چیئرمین نے مذکورہ پلاٹ پر غیرقانونی تعمیرات کی نشاندہی کرتے ہوئے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی، وزیر بلدیات اور دیگر متعلقہ حکام کو خطوط بھی لکھے تھے، جن میں غیرقانونی تعمیرات کے خلاف کارروائی کی نشاندہی کی گئی تھی۔