سپریم کورٹ کا 28 سال سے زائد عرصے سے جاری جائیداد کے تنازع پر اہم فیصلہ جاری

سپریم کورٹ آف پاکستان نے 28 سال سے زائد عرصے سے جاری جائیداد کے تنازع پر اہم فیصلہ سناتے ہوئے جعلسازی کے ذریعے بیوی کی جائیداد تحفے (ہبہ) کے طور پر اپنے نام منتقل کرانے والے شوہر کی اپیل خارج کر دی ہے۔
جسٹس شاہد وحید کی جانب سے تحریر کیے گئے تفصیلی فیصلے میں عدالت نے بیوی کے نام سے شوہر کے نام ہونے والے جا ئیداد کے انتقال کو کالعدم قرار دے کر اہلیہ کو گھر کا جائز مالک تسلیم کر لیا ہے، جبکہ شوہر کو حکم دیا ہے کہ وہ 30 دن کے اندر اہلیہ کو 5 لاکھ روپے کا ہرجانہ ادا کرے۔
تفصیلی فیصلے میں سپریم کورٹ نے قرار دیا کہ صلح کی قیمت کے طور پر بیوی سے لیا گیا مکان شرعی یا قانونی طور پر ‘ہبہ’ (تحفہ) نہیں بلکہ ایک سودا یا تاوان ہے۔ عدالت نے نشان دہی کی کہ زیرِ جائزہ مبینہ ہبہ نامہ محض ایک یکطرفہ دستاویز تھا، جس پرگواہان کے دستخط کی جگہ خالی تھی اور اس میں ہبہ کی قبولیت کا بھی کوئی اندراج موجود نہیں تھا خاوند عدالت میں نہ تو ہبہ کی قبولیت کا وقت، جگہ یا گواہ ثابت کر سکا اور نہ ہی گھر پر اپنا قبضہ ثابت کرنے میں کامیاب رہا۔
عدالتی فیصلے کے مطابق، شوہر نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ اس کی بیوی محض ‘بے نامی دار’ تھی، تاہم عدالت نے قرار دیا کہ بے نامی دار اور ہبہ دونوں دعوے باہم متضاد اور ناقابلِ قبول ہیں سپریم کورٹ نے شوہر کی جانب سے بچوں کے نام مکان منتقل کرنے اور بعد ازاں بچوں کو تسلیم کرنے سے انکار کے رویے کو انتہائی افسوس ناک قرار دیا۔
فیصلے میں کہا گیا کہ موجودہ مقدمہ بازی 28 سال سے زائد عرصہ جاری رہی، لہٰذا فریقین کے بچوں اور کیس کے حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے شوہر پر مثالی ہرجانہ عائد کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ متنازع پلاٹ 11 مئی 1983 کو بیوی کے نام خریدا گیا تھا، جس کے بعد 21 اپریل 1994 کو مبینہ طور پر مکان ہبہ کرتے ہوئے شوہر کے نام منتقل کر دیا گیا اہلیہ نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا تھا کہ شوہر نے مکان پر لیے گئے بینک قرضے کی واپسی کا بہانہ بنا کر ان سے خالی اسٹامپ پیپر پر دستخط کروائے تھے اور بعد میں دھوکہ دہی سے جائیداد اپنے نام کر لی۔
مزید پڑھیں



