ایرانی شہری کو غیر قانونی پاکستانی شناختی کارڈ جاری کرنے کا الزام، نادرا کے سابق اسسٹنٹ ڈائریکٹر گرفتار

وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی نے ایرانی شہری کو مبینہ طور پر پاکستانی شناختی کارڈ جاری کرنے کے معاملے میں نادرا کے سابق اسسٹنٹ ڈائریکٹر ضیاء الحق آرائیں کو گرفتار کر لیا ہے-
ایف آئی اے ترجمان کے مطابق مقدمہ نمبر 273/2026 میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جس کے بعد نادرا میگا، سائمنز چورنگی کراچی برانچ میں سابق اسسٹنٹ ڈائریکٹر (ٹیکنیکل) کی حیثیت سے تعینات رہنے والے ضیاء الحق آرائیں کو مزید تفتیش کے لیے حراست میں لے لیا گیا ہے۔
ایف آئی اے کے مطابق اس مقدمے کا آغاز جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی پر 2 مسافروں کو روکنے کے واقعے سے ہوا، جو پاکستانی پاسپو رٹس پر قطر جانے کے لیے روانہ ہو رہے تھے,امیگریشن کلیئرنس کے دوران دونوں مسافروں کی پاکستانی شہریت سے متعلق شکوک و شبہا ت پیدا ہوئے، جس پر امیگریشن حکام نے انہیں روک کر ابتدائی پوچھ گچھ کی۔
دورانِ تفتیش دونوں مسافروں نے انکشاف کیا کہ وہ پیدائشی طور پر ایرانی شہری ہیں اور انہوں نے رقم کے عوض غیر قانونی ذرائع استعمال کرتے ہوئے پاکستانی شناختی دستاویزات حاصل کی تھیں۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق واقعے کی مزید تحقیقات کے دوران ایرانی شہری محمد اکبر کا پاکستانی کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ (سی این آئی سی) پراسیس کرنے میں نادرا کے سابق اسسٹنٹ ڈائریکٹر ضیاء الحق آرائیں کا کردار سامنے آیا,اس انکشاف کے بعد ایف آئی اے اینٹی ہیو من ٹریفکنگ سرکل کراچی نے سابق نادرا افسر کو گرفتار کر لیا، تاکہ شناختی دستاویزات کے غیر قانونی اجرا میں ان کے مبینہ کردار کی مز ید چھان بین کی جا سکے۔




