اداکارہ میرا کی چھوٹی بہن لندن میں انتقال کر گئیں

پاکستان کی معروف اداکارہ میرا نے تصدیق کی ہے کہ ان کی چھوٹی بہن شائستہ کئی برس تک کینسر کے مرض میں مبتلا رہنے کے بعد لند ن کے ایک اسپتال میں انتقال کر گئیں۔
پاکستانی اداکارہ میرا کی چھوٹی بہن شائستہ عباس کینسر کے موذی مرض کے خلاف طویل جنگ لڑنے کے بعد لندن کے ایک اسپتال میں انتقا ل کر گئی ہیں،شائستہ عباس کئی برسوں سے کینسر کے شدید مرض کا سامنا کر رہی تھیں اور لندن میں زیر علاج تھیں-
اداکارہ نے افسوس کا اظہار کیا کہ بہن کی بگڑتی ہوئی صحت کے پیشِ نظر انسانی ہمدردی کی بنیاد پر درخواستوں سمیت متعدد بار اپیل کرنے کے باوجود برطانوی ہائی کمیشن نے مجھے ویزا جاری نہیں کیا۔
انتقال سے محض ایک دو روز قبل ہی اداکارہ میرا نے سوشل میڈیا پر اپنی بہن کی ایک تصویر شیئر کی تھی جس میں وہ بیماری کے باعث اپنے بال کھو چکی تھیں، اور مداحوں سے ان کی معجزاتی شفا کے لیے خصوصی دعاؤں کی اپیل کی تھی۔
ان کا کہنا تھاکہ اس سے قبل بھی تقریباً ایک سال تک شائستہ کی طبیعت بگڑنے کے باعث انہیں بار بار اسپتال میں داخل کیا جاتا رہا اور صحت میں بہتری پر گھر بھیج دیا جاتا تھاشائستہ عباس ایک کمسن بیٹی کی والدہ تھیں ان کےانتقال کے بعد میرا نے اپنی بھانجی کو گود لینے کا فیصلہ کیا ہے،شائستہ عباس کی تدفین لندن میں کی جائے گی۔
شائستہ عباس کا تعلق بھی ماضی میں مختصر عرصے کے لیے شوبز انڈسٹری سے رہا تھا اور انہوں نے چند ڈراموں میں کام کیا تھا، تاہم بعد میں وہ اعلیٰ تعلیم کے لیے برطانیہ منتقل ہو گئی تھیں،شائستہ عباس کا انتقال اداکارہ میرا اور ان کے خاندان کے لیے ایک بہت بڑا صدمہ ہے کیونکہ میرا اپنی بہن کو اپنی طاقت اور ایک بیٹی کی طرح سمجھتی تھیں-
مزید پڑھیں





