ہفتہ، 24 اکتوبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

عراقی فضائی حدودکی خلاف ورزی پر ائیرفرانس اور کے ایل ایم پر لاکھوں ڈالر جرمانہ


امریکی محکمہ ٹرانسپورٹیشن  نے فرانسیسی ائیرلائن ائیر فرانس اور نیدرلینڈز کی فضائی کمپنی کے ایل ایم پر عراقی فضائی حدودکی خلاف ورزی کرنے پر مجموعی طور پر 425,000 امریکی ڈالر ( 11 کرو ڑ 75 لاکھ 25 ہزار روپے)کا جرمانہ عائد کردیا ۔


دونوں ائیر لائنز پر عراق کی فضائی حدود "بغداد فلائٹ انفارمیشن ریجن" میں 32000 فٹ سے کم بلندی پر اڑان بھرنےکا الزام ہےامریکی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن نے سکیورٹی خطرات پر امریکی ائیر لا ئنز کی پروازوں پر یہ پابندی عائد کر رکھی ہےائیر فرانس اور کے ایل ایم کی یہ پروازیں چونکہ امریکی ائیر لائن ڈیلٹا ائیر سے مشتر کہ معاہدے کے تحت کوڈ شیئر کے تحت چلائی جا رہی ہیں، اس لیے قانون کے مطابق اگر کوئی بھی ائیر لائن امریکی ائیرلائن سےکوڈ شیئر پرواز چلاتی ہے تو اس پر امریکی حفاظتی قوانین کا اطلاق لازمی ہوتا ہے۔


اس خلاف ورزی کا دورانیہ سال 2022 سے 2025 کے درمیان ہے۔ امریکی ایوی ایشن  حکام کے مطابق ائیر فرانس کی 30 سے زائد اور کے ایل ایم کی 100 سے زائد پروازیں ممنوعہ عراقی فضائی حدود سے گزریں۔


کے ایل ایم پر 320,000 اور ایئر فرانس پر 105,000 ڈالر جرمانہ عائدکیا گیا ہے۔ دونوں ائیرلائنز کو مجموعی رقم میں سے 265,000 اگلے 60 دنوں کے اندر ادا کرنے ہوں گے جب کہ باقی رقم اس صورت میں معاف ہوسکتی ہے اگر اگلے ایک سال کے دوران انہوں نے دوبارہ ایسی کوئی خلاف ورزی نہ کی۔


دونوں ائیرلائنز نے امریکی حکام کو بتایا کہ وہ ریگولیٹری قوانین کی پاسداری کے لیے پوری طرح پرعزم ہیں اور  وضاحت کی کہ متعلقہ پروازوں کے دوران فضائی ٹریفک کے دباؤ کے باعث عراقی ائیر ٹریفک کنٹرولرز نے ان کے پائلٹس کو بلندی کم کرنے یا اوپر نہ جانے کی براہ راست ہدایات دیں، جن پر عمل کرنا فلائٹ کی حفاظت کے لیے ضروری تھا۔