امریکا کے تمام ہوائی اڈوں پر پروازیں گراؤنڈ، فضائی آپریشن معطل

امریکا میں غیر معمولی صورتحال اور حفاظتی وجوہات کے باعث تمام ہوائی اڈوں پر پروازوں کو گراؤنڈ کر دیا گیا، جس کے نتیجے میں ملک بھر میں فضائی آپریشن معطل ہوگیا۔
امریکی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (ایف اے اے) نے تمام ایئرلائنز اور طیاروں کے آپریٹرز کو ہدایت جاری کی ہے کہ مزید احکامات تک تمام روانہ ہونے والی پروازیں گراؤنڈ رہیں گی۔ایف اے اے کے الرٹ کے مطابق غیر معمولی حالات اور حفاظتی وجوہات کے پیش نظر تمام امریکی ہوائی اڈوں پر گراؤنڈ اسٹاپ نافذ کیا گیا ہے، جبکہ بیرون ملک سے آنے والی پروازوں کو انفرادی بنیادوں پر ہینڈل کیا جائے گا۔امریکی وزیر ٹرانسپورٹ شان ڈفی نے تصدیق کی ہے کہ ملک کے تمام ایئر ٹریفک کنٹرول سینٹرز مواصلاتی نظام میں خرابی سے متاثر ہوئے ہیں۔ تکنیکی ماہرین مسئلے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔
دوسری جانب اس فیصلے کے اثرات برطانیہ تک پہنچنا شروع ہوگئے ہیں، جہاں لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ سے نیویارک کے جان ایف کینیڈی ایئرپورٹ جانے والی رات ساڑھے 10 بجے کی پرواز بھی منسوخ کردی گئی ہے۔رپورٹ کے مطابق امریکا میں ملک گیر سطح پر تمام پروازیں گراؤنڈ کرنے کا فیصلہ 11 ستمبر 2001 کے دہشت گرد حملوں کے بعد دوسری مرتبہ کیا گیا ہے۔ اس سے قبل جنوری 2023 میں پائلٹس کو نوٹس جاری کرنے والے نظام کی خرابی کے باعث بھی ملک گیر گراؤنڈ اسٹاپ نافذ کیا گیا تھا۔
ادھر وائٹ ہاؤس اور امریکی محکمہ ٹرانسپورٹ نے فضائی ٹریفک کنٹرول کے پرانے مواصلاتی نظام کو جدید بنانے کے لیے کانگریس سے مزید 30.1 ارب ڈالر کے فنڈز منظور کرنے کی درخواست بھی کی ہے۔ حکام کے مطابق یہ رقم ایئرپورٹس، مواصلاتی نظام، جدید سافٹ ویئر اور کنٹرول ٹاورز کی بہتری پر خرچ کی جائے گی۔
مزید پڑھیں




