جمعرات، 15 اکتوبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

امریکن ایئرلائنز نے 3 مقامات کے لیے اپنی پروازیں بند کر دیں


امریکی فضائی کمپنی امریکن ایئرلائنز نے رواں سال 3 مقامات کے لیے اپنی پروازیں بند کر دی ہیں-


ایوی ایشن نیوز ویب سائٹ ’سمپل فلائنگ‘ کے مطابق، امریکن ایئرلائنز نے کیلیفورنیا کے شہر سانتا ماریا، میکسیکو کے شہر تیخوانا اور قطر کے دارالحکومت دوحہ کے لیے اپنی پروازیں ختم کر دی ہیں,رپورٹ میں فضائی شعبے کے اعداد و شمار فراہم کرنے والے ادارے سیریم کے ڈیٹا کا حوالہ دیا گیا ہے۔


پروازوں کی بندش کے بعد سانتا ماریا کے ہوائی اڈے پر امریکا کی بڑی روایتی فضائی کمپنیوں کی سروس ختم ہو گئی ہے، جبکہ تیخوانا سے امریکی فضائی کمپنی کی واحد براہِ راست پرواز بھی بند ہو گئی ہے۔


امریکن ایئرلائنز نے فینکس سے سانتا ماریا اور تیخوانا کے لیے پروازیں ختم کرکے ان دونوں شہروں سے اپنا فضائی آپریشن مکمل طور پر بند کر دیا ہے,اب سانتا ماریا کے ہوائی اڈے سے صرف ایلیجینٹ ایئر کمرشل پروازیں چلا رہی ہے، جو لاس ویگاس کے لیے دستیاب ہیں۔


کمپنی نے سانتا ماریا کے لیے پروازیں بند کرنے کی وجہ ان کی ناقص کارکردگی قرار دی۔ امریکن ایئرلائنز کے ترجمان کے مطابق سانتا ماریا کے لیے پروازیں کمپنی کی کارکردگی سے متعلق توقعات پر پورا نہیں اتریں، جس کے بعد اسکائی ویسٹ ایئرلائنز نے 7 مئی سے یہ سروس بند کرنے کا فیصلہ کیا۔


دوسری جانب، امریکن ایئرلائنز نے جون میں فلاڈیلفیا سے دوحہ کے لیے پروازیں مستقل طور پر ختم کر دیں، کمپنی نے اس سے قبل خطے میں کشیدگی کے باعث یہ پروازیں عارضی طور پر معطل کی تھیں۔


بعد ازاں قطر ایئرویز نے فلاڈیلفیا اور دوحہ کے درمیان براہِ راست فضائی سروس سنبھال لی، جس سے دونوں شہروں کے درمیان نان اسٹاپ پروازیں بحال ہو گئیں۔


امریکن ایئرلائنز کی ترجمان برائی ہارپر کے مطابق، فضائی نیٹ ورک اور طیاروں کے بیڑے کو زیادہ مؤثر بنانے کی حکمتِ عملی کے تحت دوحہ کے لیے سروس ختم کرنے کا مشکل فیصلہ کیا گیا۔


اگست میں کمپنی نے میکسیکو کے شہر تیخوانا کے لیے پروازیں بھی بند کر دیں، کمپنی کا کہنا تھا کہ وہ طیاروں کے مؤثر استعمال کو یقینی بنانے کے لیے اپنے فضائی روٹس کا باقاعدگی سے جائزہ لیتی ہے، جبکہ تیخوانا کا روٹ بھی کارکردگی سے متعلق توقعات پر پورا نہیں اتر رہا تھا۔