Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

ایشین گیمز کرکٹ فائنل، بھارت نے پاکستان کو شکست دے دی

مصنف:

ایشین گیمز کرکٹ کے فائنل میں بھارت نے پاکستان کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔


جاپان کے شہر ناگویا میں کھیلے گئے فائنل میں بھارت کی جانب سے دیے گئے 212 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی اننگز کا آغاز صاحبزادہ فرحان اور معاذ صداقت نے کیا۔ صاحبزادہ فرحان 11 گیندوں پر 10 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ معاذ صداقت نے 23 رنز بنائے۔ عثمان خان 6 گیندوں پر 3 رنز بنا کر شیوم دوبے کی گیند پر وکٹ گنوا بیٹھے۔


پاکستان کی جانب سے حسن نواز نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 96 رنز کی اننگز کھیلی، تاہم وہ میچ کی آخری گیند پر آؤٹ ہوگئے۔


اس سے قبل بھارتی کپتان شیریاس ائیر نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ بھارت کی جانب سے سوریا ونشی اور ابھیشیک شرما نے اننگز کا آغاز کیا اور ٹیم کو جارحانہ شروعات فراہم کی۔ سوریا ونشی 9 گیندوں پر 15 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ ابھیشیک شرما نے 28 گیندوں پر 61 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلی۔


ایشان کشن 21 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ تلک ورما نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 20 گیندوں پر اپنی نصف سنچری مکمل کی۔


بھارت نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 211 رنز بنائے۔ پاکستان کی جانب سے عرفات منہاس اور احمد دانیال نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ ابرار احمد اور صائم ایوب نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔


پاکستانی ٹیم کی قیادت صاحبزادہ فرحان کر رہے تھے۔ فائنل کے لیے قومی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی اور وسیم جونیئر کی جگہ سعد مسعود کو شامل کیا گیا، جبکہ بھارتی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔


پاکستانی اسکواڈ میں صاحبزادہ فرحان، معاذ صداقت، صائم ایوب، عثمان خان، حسن نواز، عبدالصمد، عرفات منہاس، احمد دانیال، ابرار احمد، سفیان مقیم اور سعد مسعود شامل تھے۔


فائنل کے موقع پر ایک ناخوشگوار صورتحال بھی دیکھنے میں آئی جب بھارتی کپتان شیریاس ائیر نے میچ کے آغاز سے قبل پاکستانی کپتان صاحبزادہ فرحان سے ہاتھ نہیں ملایا۔