ریاض ایئرپورٹ پر حملہ، سعودی ایئرلائن کے پائلٹ کی موت

ریاض: سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر جمعرات کو ہونے والے حملے میں سعودی ایئرلائنز (السعودیہ) کے پائلٹ کیپٹن حمود علی الکثامی جاں بحق ہوگئے، جبکہ ایئرپورٹ پر کھڑے ایئرلائن کے ایک طیارے کو بھی نقصان پہنچا۔
سعودی ایئرلائن نے جمعے کو پائلٹ کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے ان کے اہل خانہ، عزیز و اقارب اور ساتھیوں سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ سعودی ایئرلائن کے مطابق کیپٹن حمود علی الکثامی 8 اکتوبر 2026 کو ریاض ایئرپورٹ پر پیش آنے والے واقعے میں جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ ایئرلائن نے اپنے بیان میں مرحوم کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے قومی فضائی کمپنی کے ساتھ اپنے کیریئر کے دوران اہم کردار ادا کیا اور اپنے ساتھیوں پر دیرپا نقوش چھوڑے۔ایئرلائن نے واضح کیا کہ واقعے کے وقت اس کا ایک طیارہ ایئرپورٹ پر زمین پر کھڑا تھا، جسے نقصان پہنچا، تاہم طیارے میں کوئی مسافر سوار نہیں تھا۔
سعودی عرب کی جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن کے مطابق جمعرات کو کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر دو حملے ہوئے۔ پہلے حملے میں ایئرپورٹ کی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا، جبکہ دوسرے حملے میں سعودی ایئرلائنز کے ایک طیارے کو نقصان پہنچا۔حکام کے مطابق ان حملوں میں مجموعی طور پر تین سعودی شہری جاں بحق ہوئے، جبکہ مختلف قومیتوں سے تعلق رکھنے والے متعدد شہری اور مقیم افراد زخمی ہوئے۔ زخمیوں کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔ حکام نے بتایا کہ زخمیوں کی حالت مختلف نوعیت کی تھی اور بعض افراد کو شدید چوٹیں بھی آئیں۔
سعودی سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق ہنگامی امدادی ٹیموں اور متعلقہ اداروں نے واقعے کے فوراً بعد کارروائیاں شروع کردیں۔ حکام نقصان کا جائزہ لینے اور مسافروں، ایئرپورٹ کے عملے اور شہری ہوا بازی کے نظام کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے سکیورٹی اداروں کے ساتھ رابطے میں ہیں۔اتھارٹی نے بتایا کہ ایئرپورٹ پر آپریشنل سرگرمیاں دوبارہ شروع ہوگئیں اور فضائی آمدورفت معمول پر آگئی۔ تاہم، واقعے سے متعلق تحقیقات اور نقصان کا جائزہ لینے کا عمل جاری ہے۔
مزید پڑھیں





