بدھ، 18 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

بلاول بھٹو کا 6 ماہ میں عام انتخابات کرانے کا مطالبہ

مصنف:

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ملک میں 6 ماہ کے اندر عام انتخابات کرانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبوں کے معاملے پر ریفرنڈم کرانے کے بجائے انتخابی اصلاحات کی جائیں اور شفاف انتخابات کرائے جائیں، میں دوبارہ کامیاب ہوکر بتا دوں گا کہ سندھ کے عوام نے پیپلز پارٹی کو ووٹ کیوں دیا۔

جیو نیوز کے پروگرام ’’آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ نئے صوبوں کے قیام کے لیے ریفرنڈم کی صورت میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کو سندھ میں امن و امان کی ضمانت دینا ہوگی۔ صدر آصف علی زرداری کی نواب شاہ میں محسن نقوی اور لاہور میں وزیراعظم سے ملاقات کے دوران ریفرنڈم یا صوبوں کی تقسیم کا معاملہ زیر غور نہیں آیا۔انہوں نے کہا کہ نئے صوبوں کی بات کرنے والے وہ لوگ ہیں جو نہ کبھی الیکشن جیتے ہیں اور نہ آئندہ جیت سکتے ہیں۔ پاکستان کے حکمران ملک کے اصل مسائل حل کرنے میں دلچسپی نہیں دکھا رہے۔ کیا پاکستان میں نظام کی تبدیلی اور نئے صوبوں کے قیام کی بحث شروع کرنے کا اختیار چیئرمین پی سی بی کو دے دیا گیا ہے؟

بلاول بھٹو نے خبردار کیا کہ صوبوں کی تقسیم پر سندھ میں خون بہے گا، زبردستی سندھ کو تقسیم کرنے کی کوشش کی گئی تو امن و امان کی صورتحال خراب ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ یہ دھمکی نہیں بلکہ خبردار کر رہا ہوں، محسن نقوی صوبوں کی تقسیم پر ریفرنڈم تو چاہتے ہیں لیکن وہ نقشے پر سندھ کے شہروں کی نشاندہی بھی نہیں کر سکیں گے۔چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ 1980 اور 1990 کی دہائی میں بھی سندھ میں تقسیم پیدا کرنے کے لیے حالات پیدا کیے گئے تھے، آج بھی ایسا خطرہ موجود ہے۔ زبردستی کی گئی تو میرے نہ چاہنے کے باوجود ایسی آگ لگ سکتی ہے جسے بجھانا مشکل ہوجائے گا۔ اگر کراچی پورٹ سے نکلنے والا سامان باہر نہ جاسکا تو اس کے ملکی معیشت پر کیا اثرات مرتب ہوں گے؟انہوں نے کہا کہ اگر کوئی سسٹم کے گرنے یا ری سیٹ ہونے کی بات کرتا ہے تو انہیں بھی اپنا مؤقف پیش کرنے کا حق حاصل ہے۔ سوال یہ ہے کہ نظام کیوں ناکام ہوا اور اسے دوبارہ ترتیب دینے کی کیا شکل ہونی چاہیے؟ سیاسی ری سیٹ ہونا چاہیے یا غیر سیاسی؟ میں نے اپنی تجاویز دے دی ہیں اور اپنے مؤقف سے پیچھے نہیں ہٹا۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وہ خود حکومت کا حصہ اور ایک بڑا اسٹیک ہولڈر ہیں، اس لیے ملک کے حالات بہتر بنانے کے لیے اپنی تجاویز دے رہے ہیں۔ سیاستدانوں میں سچ سننے کا حوصلہ نہیں، اگر میری بات سننے کی ہمت نہیں تو ان عوام کا کیا ہوگا جو اپنی آواز حکومت تک نہیں پہنچا سکتے؟ بحث شروع کی ہے تو سب کو اس میں حصہ لینے کا موقع بھی دینا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اتنا کمزور نہیں کہ یکطرفہ بحث شروع کردی جائے اور باقی سب کو اسے تسلیم کرنا پڑے۔ صوبوں کے معاملے پر بحث ضرور ہونی چاہیے لیکن اس سے پہلے ملک کے بنیادی مسائل پر توجہ دی جائے۔ معاشی مشکلات کا شاید اشرافیہ کو اندازہ نہیں ہے۔

27ویں آئینی ترمیم کے حوالے سے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آئینی عدالت کا قیام ایک تاریخی کامیابی ہے، ہم نے 27ویں ترمیم منظور کرائی اور اپنے اس فیصلے سے پیچھے نہیں ہٹ رہے۔ وہ نہ 27ویں ترمیم ختم کرنے کے حامی ہیں اور نہ ہی آئینی عدالتوں کے خاتمے کی بات کر رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ 26ویں آئینی ترمیم کے موقع پر مولانا فضل الرحمان کے ذریعے اپوزیشن کی تجاویز حاصل کی گئی تھیں، تاہم 27ویں ترمیم کے معاملے پر اپوزیشن کی رائے نہیں لی جاسکی۔ 27ویں ترمیم کے بعد جج صاحبان کا ردعمل ان کے لیے غیر متوقع تھا، کیونکہ 26ویں ترمیم کے بعد عدلیہ سے استعفے نہیں آئے تھے جبکہ 27ویں ترمیم کے بعد استعفے دیے گئے۔انہوں نے سوال اٹھایا کہ عدلیہ اور وکلا کی رائے لینے کی تجویز دے کر انہوں نے کون سی ریڈ لائن عبور کی ہے؟

بلاول بھٹو زرداری نے سیاسی اور جمہوری نظام کی بحالی کے لیے اپوزیشن کا اعتماد بحال کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے تجویز دی کہ اپوزیشن کو مخصوص نشستیں واپس دی جائیں۔انہوں نے واضح کیا کہ یہ صرف ایک تجویز ہے، کوئی ریڈ لائن نہیں۔ حکومت نے اس پر عمل نہیں کرنا تو وہ زبردستی نہیں کرسکتے۔ اگر سیاسی نظام کو بہتر بنانے کے لیے آغاز کرنا ہے تو مخصوص نشستوں کی واپسی سے کیا جاسکتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ جب یہ مخصوص نشستیں حکومت کے پاس نہیں تھیں تب بھی پیپلز پارٹی حکومتی اتحاد کی حمایت کرتی تھی، ان نشستوں کے بغیر بھی پارٹی کو کوئی نقصان نہیں ہوگا۔ موجودہ نظام کا بوجھ اٹھانے میں ان کا سیاسی نقصان ہے، اس کے باوجود وہ چاہتے ہیں کہ وزیراعظم شہباز شریف کامیاب ہوں۔


چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ ایران اور امریکا کی جنگ کے بعد اس کے اثرات دنیا بھر کی معیشت پر مرتب ہوئے ہیں، عوام کو اس وقت حکومت سے واحد امید معاشی مسائل کے حل کی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کو سمجھنا چاہیے کہ کن فیکون کی طاقت صرف اللہ تعالیٰ کے پاس ہے، کسی اور کے پاس نہیں۔ اگر کسی کو یہ غلط فہمی ہے کہ صرف فیصلہ سنانے سے سب کچھ ہوجائے گا تو اس کے نتائج معاشرے، وفاق، سیاست اور عوام کی زندگیوں پر مرتب ہوں گے۔بلاول بھٹو نے کہا کہ اگر کسی کے پاس اتنی طاقت ہے کہ وہ فیصلہ کرے اور وہ نافذ ہوجائے تو پھر میرے مؤقف پر اتنا ردعمل اور سیاسی زلزلہ کیوں آتا ہے؟انہوں نے مزید کہا کہ کیا گورنر شپ یا چیئرمین سینیٹ کی نشست نہ ملنے سے پیپلز پارٹی کی سیاست ختم ہوجاتی؟ اتحادیوں کے ساتھ نامناسب رویے کے باوجود وہ حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں اور آج بھی چاہتے ہیں کہ وزیراعظم شہباز شریف کامیاب ہوں۔


بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عمران خان سیاستدان بھی ہیں اور قیدی بھی، تو کیا وہ سیاسی قیدی نہیں ہیں؟ ان کے لیے یہ ماننا مشکل ہے کہ پاکستان کا ہر وزیراعظم چور ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ ایسا دن دیکھنا چاہتے ہیں جب پاکستان کا کوئی وزیراعظم منتخب ہو اور اسے جیل نہ جانا پڑے۔ اپوزیشن کی مخصوص نشستیں واپس دینے کی تجویز بھی اسی سیاسی اور جمہوری نظام کو بہتر بنانے کی کوشش کا حصہ ہے، یہ کوئی ریڈ لائن نہیں۔