اقلیتی برادری کی کم عمر لڑکیوں کے مبینہ اغوا اور کم عمری کی شادیوں پر ارکان پارلیمنٹ کے تحفظات

اسلام آباد: اقلیتی کاکس کی خصوصی کمیٹی کا اجلاس سینیٹر دنیش کمار کی زیرِ صدارت پارلیمنٹ لاجز میں منعقد ہوا، جس میں اقلیتی برادریوں سے تعلق رکھنے والی کم عمر لڑکیوں کے مبینہ اغوا اور کم عمری میں شادی کے واقعات کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں درج ذیل امور ایجنڈے میں شامل تھے، 29 اکتوبر 2026 کے اجلاس میں زیرِ بحث آنے والے 14 سالہ بندیا کماری (ایف آئی آر نمبر 190/26، تھانہ سبی) کے کیس میں بلوچستان اور سندھ کے انسپکٹر جنرلز پولیس سے تفتیش، ملزمان کی گرفتاری اور لڑکی کی بازیابی سے متعلق پیش رفت پر بریفنگ۔ سندھ کے علاقے عمرکوٹ کے گاؤں جیون نگر سے 13 سالہ کلپنا دختر میٹھو مل کے مبینہ اغوا اور شادی کے معاملے پر آئی جی سندھ کی جانب سے تحقیقات، گرفتاریوں، پولیس کارروائی اور لڑکی کی موجودہ صورتحال و مقام کے بارے میں بریفنگ،اجلاس میں خصوصی کمیٹی کے ارکان ایم این اے رمیش لال، ایم این اے نوید عامر، ایم این اے اسفند یار ایم بھنڈارا، ایم این اے رمیش کمار وانکوانی، ایم این اے نیلم و دیگر نے شرکت کی، انسپکٹر جنرل پولیس بلوچستان، ایڈیشنل آئی جی پولیس سندھ، پولیس کے سینئر افسران، سیکریٹری مذہبی امور، ڈائریکٹر جنرل انسانی حقوق اور وزارت داخلہ کے جوائنٹ سیکریٹری بھی اجلاس میں موجود تھے۔
انسپکٹر جنرل پولیس بلوچستان نے کمیٹی کو کیس کے آغاز سے اب تک کی تفصیلات اور تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا۔آئی جی پولیس بلوچستان نے بتایا کہ 14 سالہ بندیا کماری کے والد جیا رام نے اپنی بیٹی کے لاپتا ہونے کے بعد 14 اکتوبر 2026 کی شام پولیس سے رجوع کیا تھا۔ انہوں نے شکایت درج کرائی کہ ان کی بیٹی کو یاسر علی ڈومکی نامی شخص اپنے ساتھ لے گیا ہے۔پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج کا جائزہ لیا، ایک ایسی گاڑی کا سراغ لگایا جس میں مبینہ طور پر لڑکی تین افراد کے ہمراہ سفر کرتی دکھائی دی۔ پولیس نے متعلقہ مجسٹریٹ سے ملزمان کے وارنٹ گرفتاری بھی حاصل کیے۔آئی جی پولیس بلوچستان نے سندھ پولیس سے متعلق اہم پیش رفت، لڑکی کا سندھ میں سراغ ملنے اور اس کے بعد ہونے والی کارروائیوں سے بھی کمیٹی کو آگاہ کیا۔بعد ازاں سندھ پولیس نے کیس کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ لڑکی نے 16 نومبر 2026 کو متعلقہ جوڈیشل مجسٹریٹ کے روبرو ضابطہ فوجداری کی دفعہ 164 کے تحت اپنا بیان ریکارڈ کرایا۔مجسٹریٹ نے لڑکی کی حفاظت اور فلاح و بہبود کے پیش نظر اسے سکھر میں شکارپور روڈ پر واقع فرزانہ ویلفیئر آرگنائزیشن کے شیلٹر ہوم میں رکھنے کی ہدایت کی۔سندھ پولیس کے مطابق کیس کی تفتیش ایک خصوصی تحقیقاتی یونٹ کے سپرد کر دی گئی ہے اور ملزمان کا سراغ لگانے کے لیے دو ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے جاری ہیں۔پولیس نے بتایا کہ مبینہ نکاح نامے کی بھی جانچ پڑتال کی جا رہی ہے کیونکہ اس کی صداقت کے حوالے سے سوالات سامنے آئے ہیں۔ متعلقہ نکاح رجسٹرار نے مبینہ طور پر نکاح پڑھانے یا دستاویز پر دستخط کرنے کی تردید کی ہے۔
کمیٹی کے کنوینر نے مشاہدہ کیا کہ پولیس کو تحقیقات سے روکنے کے حوالے سے متعلقہ حکام کو عدالت کا کوئی باضابطہ حکم موصول نہیں ہوا۔ انہوں نے واضح کیا کہ غیر رسمی خط و کتابت کو باقاعدہ عدالتی حکم کا متبادل نہیں سمجھا جا سکتا۔انہوں نے زور دیا کہ لڑکی کی عمر اور مبینہ شادی کی قانونی حیثیت کا تعین قانون کے مطابق کیا جانا ضروری ہے۔کمیٹی کے ارکان نے مذہبی اقلیتی برادریوں سے تعلق رکھنے والی کم عمر لڑکیوں کے مبینہ اغوا اور شادی کے مسلسل سامنے آنے والے واقعات پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔ارکان نے کہا کہ متعدد واقعات میں لڑکیوں کے لاپتا ہونے کے بعد رضاکارانہ شادی کے دعوے سامنے آتے ہیں، جس سے نابالغ بچوں کے تحفظ کے حوالے سے سنگین سوالات جنم لیتے ہیں۔ارکان نے ہندو میرج ایکٹ اور مسیحی شادی سے متعلق متعلقہ قوانین پر مؤثر عمل درآمد اور ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے ایک جامع نظام وضع کرنے کا مطالبہ کیا۔کنوینر نے کہا کہ کسی نابالغ لڑکی کے بیان کا جائزہ لیتے وقت اس کی عمر، بیان ریکارڈ کیے جانے کے حالات اور متعلقہ قانونی دفعات کو مدنظر رکھنا ضروری ہے۔ارکان نے صوبائی پولیس حکام کے درمیان مؤثر رابطہ کاری کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بازیاب ہونے والی نابالغ لڑکیوں کو قانونی طور پر مقررہ عمر تک محفوظ پناہ گاہوں میں رکھا جانا چاہیے۔انہوں نے مبینہ اغوا اور کم عمری کی شادیوں کے واقعات کی روک تھام کے لیے مؤثر قانونی اقدامات متعارف کرانے پر بھی زور دیا۔کنوینر نے وزارت داخلہ کے سیکریٹری کی مسلسل غیر حاضری پر ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ آئندہ اجلاس میں سیکریٹری وزارت داخلہ کی شرکت یقینی بنائی جائے۔انہوں نے متعلقہ پولیس حکام کو ہدایت کی کہ تحقیقات جاری رکھی جائیں، باقی ماندہ ملزمان کو گرفتار کیا جائے، متنازع دستاویزات کی تصدیق کی جائے اور بازیاب ہونے والی نابالغ لڑکی کے تحفظ کو قانون کے مطابق یقینی بنایا جائے۔
ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس سندھ نے کمیٹی کو 13 سالہ کلپنا دختر میٹھو مل کے معاملے پر بریفنگ دی۔کلپنا عمرکوٹ کے علاقے جیون نگر کی رہائشی اور نویں جماعت کی طالبہ ہے، جسے مبینہ طور پر نواز نامی شخص اغوا کرکے لے گیا۔ مذکورہ شخص پہلے رکشہ ڈرائیور کے طور پر لڑکی کو اسکول لانے اور لے جانے سے وابستہ تھا۔پولیس نے بتایا کہ کیس کی تحقیقات اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ (ایس آئی یو) کے سپرد کر دی گئی ہیں۔ ڈیرہ اور گھوٹکی سمیت مختلف علاقوں میں تلاش کی کارروائیاں جاری ہیں۔پولیس کے مطابق ملزم نے مبینہ ہراسانی سے تحفظ حاصل کرنے کے لیے گھوٹکی اور بہاولپور کی عدالتوں سے بھی رجوع کیا ہے۔کمیٹی کے ارکان نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ایک ویڈیو میں لڑکی کی مبینہ حالت پر شدید تشویش کا اظہار کیا اور سوال اٹھایا کہ پولیس اب تک اس کی بازیابی یقینی بنانے میں کیوں کامیاب نہیں ہو سکی۔کنوینر نے سندھ پولیس کو ہدایت کی کہ لڑکی سے فوری رابطہ قائم کرنے، اس کے موجودہ مقام کی تصدیق اور اس کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔ایڈیشنل آئی جی پولیس سندھ نے وضاحت کی کہ اس نوعیت کے الزامات کا جائزہ متعلقہ قانونی دفعات اور دستیاب شواہد کی روشنی میں لیا جاتا ہے۔انہوں نے زور دیا کہ آئین پاکستان تمام شہریوں بشمول اقلیتوں کو مذہبی آزادی کی ضمانت دیتا ہے، تاہم کسی بھی قسم کے جبر، لالچ یا استحصال کے عنصر کی مناسب تحقیقات ضروری ہیں۔کنوینر نے آئی جی پولیس بلوچستان اور ایڈیشنل آئی جی سندھ کی اجلاس میں شرکت کو سراہا اور پولیس اہلکاروں کی قربانیوں کا اعتراف کیا۔
مزید پڑھیں





