مقدس مقامات کی سلامتی کو خطرے میں ڈالنے کی کوششیں انتہائی قابل مذمت ہیں،حافظ مسعود اظہر

پاکستان اسلامک کونسل کے چیئرمین اور جامعہ سعیدیہ سلفیہ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر حافظ مسعود اظہر نے کہا ہے کہ وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف اور افواج پاکستان کے سپہ سالار جنرل سید حافظ عاصم منیر کی جانب سے حرمین شریفین کے تحفظ، سعودی عرب کی خودمختاری اور سلامتی کے حوالے سے اختیار کیا گیا دوٹوک موقف پوری پاکستانی قوم کے جذبات، دینی وابستگی اور غیر متزلزل عزم کی ترجمانی کرتا ہے۔ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات محض سفارتی روابط یا دوطرفہ تعاون تک محدود نہیں بلکہ یہ عقیدے، محبت، اخوت اور لازوال اسلامی رشتوں کی مضبوط بنیادوں پر استوار ہیں۔حوثی باغیوں کی جانب سے سعودی عرب پر حملے اور مقدس مقامات کی سلامتی کو خطرے میں ڈالنے کی کوششیں انتہائی قابل مذمت ہیں۔ حرمین شریفین مسلمانوں کے ایمان، عقیدت اور روحانی وابستگی کا مرکز ہیں۔ ان کی حرمت اور سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔ پوری امت مسلمہ ایسے شرپسندانہ اقدامات کو مسترد کرتی ہے اور سعودی عرب کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور امن کے تحفظ کی حمایت کرتی ہے۔
ڈاکٹر حافظ مسعود اظہر نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ مکہ مکرمہ میں پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے مابین مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط پاکستان کی مؤثر سفارت کاری، دانشمندانہ قیادت اور برادر اسلامی ممالک کے ساتھ مضبوط تعلقات کا تاریخی مظہر ہیں۔ یہ معاہدہ عالمی سطح پر پاکستان کے وقار، اعتماد اور اہمیت میں اضافے کا باعث بنا ہے۔ اس معاہدے نے باہمی دفاع، مشترکہ سلامتی اور علاقائی استحکام کے لیے تعاون کی نئی راہیں کھولی ہیں۔ پاکستان کی ملت سلفیہ ہمیشہ حرمین شریفین کے تحفظ اور سعودی عرب کے ساتھ یکجہتی کے لیے ہراول دستے کا کردار ادا کرتی آئی ہے۔ آج ضرورت اس امر کی ہے کہ پوری قوم اپنے اختلافات سے بالاتر ہوکر ایک صف میں کھڑی ہو اور حرمین شریفین کی حرمت، تقدس اور سلامتی کے لیے اپنا جان و مال اور ہر ممکن صلاحیت قربان کرنے کے عہد کی تجدید کرے۔ پاکستان کا سعودی عرب کے ساتھ اخوت اور وفاداری کا رشتہ ہر آزمائش میں پہلے سے زیادہ مضبوط رہے گا۔
مزید پڑھیں





