جمعرات، 15 اکتوبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

سوات میں سی ٹی ڈی اور پولیس کی کارروائی، 3 دہشتگرد ہلاک، 2 فرار

kp-ctd-inefficient-at-countering-terrorism-report-1671458724-7902

محکمہ انسداد دہشتگردی اور ڈسٹرکٹ پولیس نے سوات کے علاقے سخاڈوب میں انٹیلیجنس کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے 3 مطلوب دہشتگردوں کو ہلاک کردیا، جبکہ 2 فرار ہوگئے-


محکمہ انسداد دہشتگردی خیبر پختونخوا کے مطابق سوات ریجن سی ٹی ڈی کو اطلاع ملی تھی کہ تحصیل مٹہ اور ملحقہ علاقوں میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے کمانڈر مظفر عرف خالد گروپ سے تعلق رکھنے والے دہشتگرد تخریبی کارروائی کی غرض سے موجود ہیں۔


اطلاع کی بنیاد پر سی ٹی ڈی اور ڈسٹرکٹ پولیس نے تھانہ کانجو کی حدود میں واقع علاقے سخاڈوب میں آپریشن کیا, پولیس کے مطابق اہلکاروں کو دیکھتے ہی دہشتگردوں نے فائرنگ شروع کردی اور قریبی مکان میں مورچہ بند ہوگئے, پولیس کی جوابی کارروائی کے بعد فائرنگ رکنے پر مکان کی تلاشی لی گئی، جہاں سے 3 دہشت گردوں کی لاشیں ملیں، جبکہ 2 فرار ہوگئے۔


محکمہ انسداد دہشتگردی کے مطابق ہلاک افراد کی شناخت عبداللہ ولد سید بشر، منصور علی ولد عبدالمطلب اور غفران اللہ ولد افضل خان کے ناموں سے ہوئی۔ تینوں کا تعلق ضلع سوات سے تھا کارروائی کے دوران 3 کلاشنکوف، 6 میگزین، متعدد کارتوس، گیس سلنڈر، کھانے پینے کے برتن، قومی شناختی کارڈز، تھانہ شکردرہ کا نقشہ اور ایک ڈائری بھی برآمد ہوئی۔


سی ٹی ڈی کے مطابق ہلاک دہشتگرد رواں سال فائرنگ اور ٹارگٹ کلنگ کے متعدد واقعات میں مبینہ طور پر ملوث تھے، جن میں افضل خان گجر پر حملہ، نعمت علی خان کے گھر اور ڈیرے پر فائرنگ اور سلیم اللہ عرف ساجد نیلا گرام کا قتل شامل ہیں۔


پولیس حکام کے مطابق فرار ہونے والے افراد کی تلاش اور واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔ آئی جی خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید اور ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی نے کارروائی میں حصہ لینے والے اہلکاروں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے صوبے سے دہشتگردی کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔