بدھ، 28 اکتوبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

وزیراعلیٰ پنجاب کا منڈی بہاؤالدین کے لیے ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح


وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے منڈی بہاؤالدین کے عوام کے لیے اربوں روپے کے مختلف ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کردیا، جن میں گجرات سرگودھا روڈ کی تعمیر و بحالی، صدر بازار اور اولڈ غلہ منڈی کی تزئین و آرائش اور یونیورسٹی آف رسول کا باضابطہ افتتاح شامل ہے۔


وزیراعلیٰ نے یونیورسٹی میں میڈیکل کالج کا سنگ بنیاد بھی رکھا، اس سے قبل انہیں گجرات سرگودھا روڈ کےترقیاتی منصوبے پر تفصیلی بریفنگ دی گئی،منصوبے کےتحت تقریباً 94.30 کلومیٹر طویل سڑک کی تعمیر وبحالی کی جائے گی،جبکہ ضلع منڈی بہاؤالدین میں 27.90 کلومیٹر طویل سڑک تعمیرکی جائے گی۔


منصوبے میں سڑک کے اطراف پختہ کناروں کی تعمیر بھی شامل ہے۔ گجرات سرگودھا روڈ کی تعمیر و بحالی پر 9 ارب 80 کروڑ روپے لاگت آنے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔


وزیراعلیٰ پنجاب نے منڈی بہاؤالدین کے تاریخی صدر بازار کی تزئین و آرائش کے منصوبے کا افتتاح بھی کیا، جس پر 6 کروڑ 99 لاکھ روپے خرچ کیے گئے ہیں۔


منصوبے کے تحت بازار کے روایتی داخلی دروازے کو بحال کرنے کے ساتھ ٹف ٹائلز اور اسٹریٹ لائٹس نصب کی گئی ہیں، جبکہ بازار کی خوبصورتی میں اضافے کے لیے فوارہ بھی تعمیر کیا گیا ہے۔


مریم نواز شریف نے اولڈ غلہ منڈی کی بحالی اور خوبصورتی کے منصوبے کا افتتاح بھی کیا، اس منصو بے پر 9 کروڑ 70 لاکھ روپے خرچ کیے گئے ہیں اولڈ غلہ منڈی کو یادگار اور دیگر خوبصورت یادگاری تعمیرات کی تنصیب کے ذریعے ایک دلکش پارک کی شکل دی گئی ہے۔


تعلیم کے شعبے میں اہم پیش رفت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے یونیورسٹی آف رسول کا باضابطہ افتتاح کیا اور وہاں میڈیکل کالج کا سنگ بنیاد رکھا،یونیورسٹی کی تعمیر پر 9 ارب 79 کروڑ روپے لاگت آئی ہے، جہاں اکیڈمک بلاک ون اور ٹو سمیت اسٹوڈنٹ سروس سینٹر کی تعمیر مکمل ہو چکی ہے۔


طلبہ کے لیے 4 ہاسٹلز اور بیچلر فیکلٹی کے لیے ایک ہاسٹل تعمیر کیا گیا ہے، جبکہ 53 رہائشی مکانات بھی منصوبے کا حصہ ہیں، یونیورسٹی کی لائبریری کا کام بھی جلد مکمل کر لیا جائے گا۔


وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے چیلیاں والا میں 1849 کی جنگ کی یادگار کا دورہ بھی کیا ان منصوبوں کے ذریعے ضلع منڈی بہاؤالدین میں سڑکوں کے بنیادی ڈھانچے، شہری خوبصورتی اور اعلیٰ تعلیم کی سہولتوں کو بہتر بنانے کے لیے مختلف اقدامات کیے گئے ہیں۔