جمعہ، 20 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

فیلڈ مارشل عاصم منیر کا میران شاہ کا دورہ، دہشتگردی کے مکمل خاتمے کا عزم

مصنف:

چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔


پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ کا دورہ کیا، جہاں کور کمانڈر پشاور نے ان کا استقبال کیا۔دورے کے دوران چیف آف ڈیفنس فورسز نے یادگارِ شہدا پر پھول چڑھائے اور وطن عزیز کے دفاع و سلامتی کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے افسران اور جوانوں سے ملاقات بھی کی۔


اس موقع پر فیلڈ مارشل نے مادر وطن کے دفاع کے لیے افسران اور جوانوں کی اعلیٰ پیشہ ورانہ مہارت، تیاری اور غیر متزلزل عزم کو سراہا۔ انہوں نے خیبرپختونخوا پولیس کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اسے ایک بہادر فرنٹ لائن فورس قرار دیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے دہشتگردی اور فتنہ الخوارج کے خلاف سکیورٹی فورسز اور پولیس کی ثابت قدمی اور قربانیوں پر فخر کا اظہار کیا۔میران شاہ کے دورے کے دوران فیلڈ مارشل کو موجودہ سکیورٹی صورتحال، جاری انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز، دہشتگردی کے خلاف حاصل ہونے والی کامیابیوں کو مستحکم کرنے اور علاقے میں پائیدار امن و استحکام یقینی بنانے کے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔


چیف آف ڈیفنس فورسز سید عاصم منیر نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ قریبی تعاون کے ذریعے دہشتگردی کی لعنت کو فیصلہ کن طور پر ختم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا اور خیبرپختونخوا میں امن و استحکام برقرار رکھنے کے لیے سکیورٹی فورسز کے غیر متزلزل عزم کو بھی اجاگر کیا۔