جمعرات، 19 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

سیف علی خان کو قتل کی دھمکی، مطلوب ملزم ذیشان اختر کا نام سامنے آگیا

Saif Ali Khan wants to go to the UK, has connections to the underworld | Baaghi TV
مصنف:

ممبئی: بالی ووڈ اداکار سیف علی خان کو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے مبینہ آڈیو پیغام کے ذریعے جان سے مارنے کی دھمکی دی گئی ہے، جس کے بعد بابا صدیقی قتل کیس کے مطلوب ملزم ذیشان اختر کا نام بھی سامنے آیا ہے۔


بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق مبینہ دھمکی آمیز آڈیو میں ایک شخص نے خود کو روہت گودارا گینگ کے قریب بتایا اور سیف علی خان کو سنگین نتائج کی دھمکی دی۔ تاہم ابھی تک اس بات کی تصدیق نہیں ہوسکی کہ آڈیو پیغام واقعی ذیشان اختر نے جاری کیا ہے یا کسی دوسرے شخص نے اس کا نام استعمال کیا ہے۔سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے مبینہ آڈیو پیغام میں سیف علی خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ان کی اہلیہ کرینہ کپور کی مبینہ غلطی کی سزا انہیں بھگتنا پڑ سکتی ہے۔ پیغام میں اداکار پر جنوری 2025 میں ہونے والے چاقو کے حملے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا کہ پہلے وہ حملے میں بچ گئے تھے، لیکن اب گولی کا نشانہ بننے کی صورت میں ان کا انجام بابا صدیقی جیسا ہوسکتا ہے۔


واضح رہے کہ جنوری 2025 میں سیف علی خان کے گھر میں داخل ہونے والے ایک شخص نے ان پر چاقو سے حملہ کیا تھا، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگئے تھے۔ تاہم علاج کے بعد وہ صحت یاب ہوگئے تھے۔ممبئی پولیس نے دھمکی آمیز آڈیو کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات شروع کردی ہیں۔ پولیس کی جانب سے آڈیو کی صداقت، پیغام بھیجنے والے کی شناخت اور ڈیجیٹل شواہد کا جائزہ لیا جارہا ہے۔ تاحال سیف علی خان کی جانب سے اس معاملے پر کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا۔


دوسری جانب حالیہ دنوں میں بالی ووڈ اداکار توشار کپور اور آیوشمان کھرانہ کو بھی دھمکی آمیز پیغامات موصول ہونے کے واقعات سامنے آئے تھے۔ ان معاملات کی تحقیقات کے دوران ممبئی پولیس نے بنگلورو سے 30 سالہ ویبھو مشرا نامی شخص کو گرفتار کیا تھا۔پولیس کے مطابق ملزم نے مبینہ طور پر لارنس بشنوئی گینگ سے تعلق کا دعویٰ کرتے ہوئے اداکاروں کو دھمکایا اور رقم وصول کرنے کی کوشش کی تھی، تاہم ابتدائی تحقیقات میں اس کا کسی گینگ سے تعلق ثابت نہیں ہوسکا تھا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق گرفتار شخص پیشے کے اعتبار سے آئی ٹی انجینئر ہے اور پولیس کو شبہ تھا کہ اس نے دھمکیاں دینے کے لیے مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے ذریعے آواز تیار کی تھی۔ اس نے مبینہ طور پر آن لائن سرچ کے ذریعے اداکاروں کے رابطہ نمبر حاصل کیے تھے۔


رپورٹس کے مطابق توشار کپور کو بھیجے گئے ایک آڈیو پیغام میں مبینہ طور پر پانچ کروڑ روپے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ دھمکی دینے والے شخص نے خود کو گینگسٹر ہیری باکسر ظاہر کیا تھا، تاہم پولیس کی جانب سے آواز کے نمونوں کی جانچ میں اس کی آواز ہیری باکسر سے مطابقت نہیں رکھتی تھی۔