جمعرات، 19 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

اقوام متحدہ جنرل اسمبلی ،حقِ خودارادیت سے متعلق پاکستان کی پیش کردہ قرارداد اتفاقِ رائے سے منظور

united nation
مصنف:

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی تیسری کمیٹی نے حقِ خودارادیت سے متعلق پاکستان کی پیش کردہ قرارداد اتفاقِ رائے سے منظور کر لی


اقوام متحدہ کی تیسری کمیٹی میں حقِ خودارادیت سے متعلق پاکستان کی قرارداد رائے شماری کے بغیر منظورکرلی گئی،پاکستان کی جانب سے 1981ء سے پیش کی جانے والی قرارداد کی 62 ممالک نے مشترکہ سرپرستی کی،پاکستان کے مستقل مندوب سفیر سید حیدر شاہ نے حقِ خودارادیت سے متعلق قرارداد اقوام متحدہ کی تیسری کمیٹی میں پیش کی،

حیدر شاہ کا کہنا ہے کہ حقِ خودارادیت اقوام متحدہ کے منشور کا بنیادی ستون اور بین الاقوامی قانون کا مسلمہ اصول ہے،غیر ملکی قبضے میں رہنے والی متعدد اقوام کے لیے حقِ خودارادیت کا وعدہ آج بھی پورا نہیں ہو سکا، لاکھوں افراد نے حقِ خودارادیت کے ذریعے غیر ملکی تسلط سے آزادی حاصل کر کے خودمختار ریاستیں قائم کیں، فلسطین اور جموں و کشمیر کے عوام سمیت غیر ملکی قبضے کا شکار اقوام کو حقِ خودارادیت دلانا عالمی برادری کی ذمہ داری ہے،فوجی جبر، طاقت کا بے جا استعمال، ماورائے عدالت قتل اور جبری گمشدگیاں بین الاقوامی قانون کی سنگین خلاف ورزیاں ہیں،مقبوضہ علاقوں میں بنیادی آزادیوں پر پابندیاں اور آبادی کے تناسب میں تبدیلی کی کوششیں انصاف اور انسانی وقار کے منافی ہیں، پاکستان کی قرارداد حقِ خودارادیت کی عالمگیریت اور ناقابلِ تقسیم حیثیت کی توثیق کرتی ہے، حقِ خودارادیت سے محروم اقوام کے ساتھ یکجہتی اور ان کے بنیادی حقوق کا تحفظ عالمی برادری کی مشترکہ ذمہ داری ہے، حقِ خودارادیت کے لیے پاکستان کی قرارداد کو مختلف خطوں سے وسیع حمایت حاصل ہونا اس کی عالمی اہمیت کا مظہر ہے، پاکستان نے حقِ خودارادیت سے متعلق قرارداد کی حمایت کرنے والے 62 ممالک کا شکریہ ادا کیا،اقوام متحدہ کی تیسری کمیٹی میں پاکستان کی قرارداد کی اتفاقِ رائے سے منظوری حقِ خودارادیت کے عالمی اصول پر مشترکہ عزم کا اظہار ہے


پاکستان نے فلسطین اور جموں و کشمیر کے عوام سمیت حقِ خودارادیت سے محروم اقوام کی جائز امنگوں کی حمایت کے عزم کا اعادہ کیا،پاکستان نے اقوام متحدہ میں حقِ خودارادیت کے عالمی سطح پر حصول کے لیے اپنی چار دہائیوں سے زائد عرصے پر محیط کوششوں کو آگے بڑھا دیا