لاہور: نجی اسپتالوں میں صحت کارڈ پر کینسر کا مفت علاج بند، مریض مشکلات کا شکار

لاہور کے 15 سے 20 نجی اسپتالوں نے صحت کارڈ کے تحت کینسر کے مریضوں کا مفت علاج بند کر دیا، علاج کی سہولت معطل ہونے سے مریضوں اور ان کے اہل خانہ کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
نجی اسپتالوں کی انتظامیہ کا مؤقف ہے کہ موجودہ نرخوں پر اخراجات پورے کیے بغیر علاج کی سہولت جاری رکھنا ممکن نہیں، جبکہ کینسر کے مریضوں کا کہنا ہے کہ علاج رکنے سے ان کی مشکلات میں اضافہ ہو گیا ہے۔کینسر کی ادویات کے ڈسٹری بیوٹرز کے مطابق رواں سال ستمبر سے 15 سے 20 نجی اسپتالوں نے صحت کارڈ کے تحت مفت کینسر علاج کی سہولت بند کر دی ہے۔ اس حوالے سے پنجاب لائف انشورنس کمپنی نے 25 ستمبر کو نئی ریٹ لسٹ جاری کی، جس میں واضح کیا گیا کہ نجی اسپتالوں کو نئی مقررہ قیمتوں کے مطابق ادویات فراہم کرنے کی صورت میں ہی بلوں کی ادائیگی کی جائے گی۔
پنجاب ہیلتھ انیشی ایٹو مینجمنٹ کمپنی (پی ایچ آئی ایم سی) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر علی رزاق کا کہنا ہے کہ صحت کارڈ کے تحت کینسر کا مفت علاج فراہم کرنے والے نجی اسپتالوں کی تعداد صرف 20 فیصد تھی، تاہم اب یہ اسپتال مزید رقم کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ ان کے ساتھ 10 فیصد منافع کے معاملے پر بات چیت کی گئی ہے۔دوسری جانب کینسر کے مریضوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ نجی اسپتالوں میں صحت کارڈ کے ذریعے مفت علاج کی سہولت فوری بحال کی جائے تاکہ مالی مشکلات کے باعث متاثر ہونے والا ان کا علاج دوبارہ شروع ہو سکے۔
مزید پڑھیں




