انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی، عطا تارڑ نے معذرت کر لی،فیصلہ محفوظ

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ نئے صوبوں کی تشکیل کے معاملے پر حکومت کا مؤقف واضح ہے، اس حوالے سے عوامی رائے حاصل کی جانی چاہیے۔ اگر عوام نئے صوبوں کے حق میں فیصلہ دیں تو صوبے بنا دیے جائیں اور اگر مخالفت کریں تو ایسا نہ کیا جائے۔
الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ عوامی رائے کا راستہ ہموار کیا جائے اور فیصلے عوام کی مرضی کے مطابق ہونے چاہئیں۔ قومی اہمیت کے معاملات پر ریفرنڈم کرانے میں کوئی حرج نہیں، آئین میں اس حوالے سے واضح شق موجود ہے۔انہوں نے کہا کہ نئے صوبوں کے قیام کے معاملے پر ملک بھر میں بحث جاری رہنی چاہیے اور عوام سے رائے طلب کی جانی چاہیے۔ عوامی رائے سامنے آنے کے بعد ہی فیصلہ کیا جائے گا کہ اس معاملے پر آگے کیسے بڑھنا ہے۔وزیر اطلاعات نے بتایا کہ گزشتہ روز صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کی ملاقات ہوئی تھی، جس میں مختلف امور پر تبادلہ خیال اور افہام و تفہیم کے ساتھ آگے بڑھنے پر بات چیت کی گئی۔
عطاء اللہ تارڑ نے الیکشن کمیشن میں پیشی کے حوالے سے بتایا کہ گوجرانوالہ ان کا آبائی شہر ہے اور ڈسٹرکٹ بار کے جنرل سیکریٹری کی دعوت پر انہوں نے وہاں کا دورہ کیا تھا۔ یہ دعوت ضمنی انتخاب کا شیڈول جاری ہونے سے پہلے دی گئی تھی اور دورے کے دوران کوئی انتخابی امیدوار بھی موجود نہیں تھا۔اس موقع پر ان کے وکیل سجیل سواتی نے الیکشن کمیشن کو بتایا کہ دورے کا مقصد انتخابی مہم چلانا نہیں بلکہ ذاتی دعوت میں شرکت تھا۔ وفاقی وزیر اور ان کے وکیل الیکشن کمیشن کا احترام کرتے ہیں اور ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا کوئی ارادہ نہیں تھا۔
وکیل نے کہا کہ تحریری جواب پہلے ہی الیکشن کمیشن میں جمع کرایا جا چکا ہے اور وہ غیر مشروط معذرت کرتے ہیں۔عطاء اللہ تارڑ نے بھی مؤقف اختیار کیا کہ جس تقریب میں انہوں نے شرکت کی وہاں کوئی انتخابی امیدوار موجود نہیں تھا اور دورے کا انتخابی مہم سے کوئی تعلق نہیں تھا۔چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے حلقہ این اے 77 گوجرانوالہ کے ضمنی انتخاب میں ضابطہ اخلاق کی مبینہ خلاف ورزی سے متعلق کیس کی سماعت کی۔وفاقی وزیر اطلاعات کے خلاف کیس کی سماعت مکمل ہونے پر الیکشن کمیشن نے فیصلہ محفوظ کر لیا۔
مزید پڑھیں





