جمعرات، 12 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

جرمن فوج کا چینی ساختہ ڈرونز کا استعمال بند کرنےکا فیصلہ

India

جرمنی کی مسلح افواج نے سکیورٹی خدشات اور حساس معلومات کے تحفظ کے پیش نظر چینی ساختہ ڈرونز کا استعمال بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔


خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق جرمن وزارت دفاع کے ترجمان نے بتایا کہ اس فیصلے کا مقصد فوج کی تکنیکی خودمختاری اور خود انحصاری کو مضبوط بنانا ہے ماضی میں چینی کمپنیوں کے تیار کردہ ڈرونز کم قیمت ہونے کے باعث فوجی مشقوں، اہداف کو نشانہ بنانے کی تربیت اور دیگر تربیتی سرگرمیوں کے لیے استعمال کیے جاتے تھےتاہم اب ان کی جگہ یورپی ساختہ ڈرونز لیں گے۔


ترجمان نے واضح کیا کہ جرمنی نے کسی ایک ملک کی ٹیکنالوجی پر مکمل پابندی عائد نہیں کی، بلکہ ہر نظام کے سکیورٹی خطرات کا الگ الگ جائزہ لیا جائے گا اس پالیسی کا مقصد فوجی سلامتی، آئی ٹی نظام اور حساس ڈیٹا کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔


چینی وزارت خارجہ نے جرمنی کے اس اقدام پر تنقید کرتے ہوئے الزام لگایا ہے کہ چینی مصنوعات کو نشانہ بنانا امتیازی طرزِ عمل ہے چین میں قائم دنیا کی بڑی ڈرون ساز کمپنی ڈی جے آئی کے تیار کردہ ڈرونز بھی جرمن فوج استعمال کرتی رہی ہے۔ کمپنی مسلسل یہ مؤقف اختیار کرتی آئی ہے کہ اس کی مصنوعات سے سکیورٹی کو کوئی خطرہ نہیں۔


ڈی جے آئی نے گزشتہ مئی میں امریکی قانون سازوں کو بتایا تھا کہ ایک آزادانہ جائزے میں ایسا کوئی ثبوت نہیں ملا جس سے ظاہر ہو کہ اس کے ڈرونز امریکا سے باہر ڈیٹا منتقل کرتے ہیں چینی ساختہ ٹیکنالوجی سے متعلق سکیورٹی خدشات صرف جرمنی تک محدود نہیں۔ گزشتہ ماہ امریکا نے جاپان کے جزیرے اوکیناوا میں واقع اپنے فضائی اڈے پر چینی کمپنی بی وائی ڈی کی تیار کردہ گاڑیوں کے استعمال پر پابندی عائد کردی تھی۔


اسی طرح پولینڈ نے بھی رواں سال فروری میں فوجی تنصیبات میں چینی ساختہ گاڑیوں کے داخلے پر پابندی لگائی تھی۔ پولینڈ نے خدشہ ظاہر کیا تھا کہ ان گاڑیوں میں نصب سینسرز حساس معلومات جمع کرنے کے لیے استعمال ہوسکتے ہیں,ان اقدامات سے ظاہر ہوتا ہے کہ مغربی مما لک کی افواج اور دفاعی اداروں میں چینی ساختہ ٹیکنالوجی کے ڈیٹا اور سکیورٹی سے متعلق خدشات پر توجہ بڑھ رہی ہے، تاہم متعلقہ کمپنیو ں کی جانب سے ان الزامات کی تردید کی جاتی رہی ہے۔