ہفتہ، 17 اکتوبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کیس، آئی جی اسلام آباد طلب

mazari
مصنف:

اسلام آباد: انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد نے ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کے خلاف کارِ سرکار میں مداخلت کے کیس کی سماعت 3 نومبر تک ملتوی کرتے ہوئے آئی جی اسلام آباد کو آئندہ سماعت پر طلب کرلیا۔


سماعت کے دوران ایس پی خرم اور ڈی ایس پی نعیم یوسف عدالت میں پیش ہوئے۔ ایس پی نے عدالت کو بتایا کہ تفتیشی افسر خپلو گیا ہوا ہے، واپسی پر عدالت میں پیش ہوگا۔جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین نے استفسار کیا کہ یہ کیا طریقہ ہے کہ تفتیشی افسر کی واپسی کا کوئی واضح وقت نہیں بتایا جا رہا؟ انہوں نے کہا کہ عدالت میں سب لوگ انتظار کر رہے ہیں اور عدالت نے فیصلہ کرنا ہوتا ہے۔ڈی ایس پی نعیم یوسف نے عدالت کو بتایا کہ تفتیشی افسر کی واپسی میں مزید 10 سے 15 دن لگ سکتے ہیں، جس پر جج نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اہلکاروں کی وجہ سے لوگ تھک چکے ہیں۔جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین نے ریمارکس دیے کہ پی ٹی آئی کارکنان کو کتنا تنگ کیا گیا، آج میں نے تھک کر کیس سے ڈسچارج کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ آرڈر لکھوا رہے ہیں اور اگر ریکارڈ پیش نہ کیا گیا تو ایس پی اور ڈی ایس پی جیل جانے کی تیاری کریں۔عدالت نے ایس پی خرم اور ڈی ایس پی نعیم یوسف کو شوکاز نوٹس بھی جاری کردیے اور ہدایت کی کہ تفتیشی افسر کی پیشی سے متعلق واضح طور پر بتایا جائے۔


دورانِ سماعت وکیل ریاست علی آزاد نے عدالت سے استدعا کی کہ سماعت کے لیے سوموار کی تاریخ مقرر کردی جائے، تاہم عدالت نے کیس کی مزید سماعت 3 نومبر تک ملتوی کردی۔