Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

ایشین گیمز: بھارتی ہاکی امپائر مبینہ جنسی ہراسانی کی شکایات، واپس بھیج دیا گیا

مصنف:

ناگویا: بھارتی ہاکی امپائر اور ٹیکنیکل آفیشل گُرِندر سنگھ سنگھا کو ایشین گیمز کے دوران مبینہ جنسی ہراسانی کی متعدد شکایات سامنے آنے کے بعد جاپان سے واپس بھارت بھیج دیا گیا۔


بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق گُرِندر سنگھ سنگھا نے ناگویا میں قیام کے دوران ملائیشیا سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون ہاکی عہدیدار اور ایک ہوٹل ملازم کے ساتھ مبینہ طور پر نامناسب رویہ اختیار کیا۔ہاکی انڈیا کے ایک عہدیدار نے بھارتی میڈیا سے گفتگو میں تصدیق کی کہ ملائیشیا کی ایک خاتون عہدیدار کی جانب سے جنسی ہراسانی کی شکایت درج کرائے جانے کے بعد گُرِندر سنگھ سنگھا کو دو روز قبل بھارت واپس بھیج دیا گیا۔عہدیدار کے مطابق ایشین ہاکی فیڈریشن (اے ایچ ایف) سے تفصیلی رپورٹ موصول ہونے کے بعد گُرِندر سنگھ سنگھا کے خلاف ضروری کارروائی کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر اے ایچ ایف کی رپورٹ میں الزامات درست ثابت ہوئے تو ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔


ایشین گیمز میں ہاکی مقابلوں کے لیے امپائرز اور ٹیکنیکل آفیشلز کا تقرر ایشین ہاکی فیڈریشن کی جانب سے کیا جاتا ہے۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ پہلا موقع نہیں کہ گُرِندر سنگھ سنگھا کے خلاف اس نوعیت کی شکایت سامنے آئی ہو۔ 2025ء میں رانچی میں ہاکی انڈیا لیگ کے دوران بھی ایک خاتون امپائر نے ان کے خلاف شکایت درج کرائی تھی۔بعد ازاں ہاکی انڈیا نے الزامات کی تحقیقات کے لیے تین رکنی کمیٹی تشکیل دی تھی، تاہم تحقیقات کے دوران کمیٹی کو ان کے خلاف کوئی ٹھوس ثبوت نہیں ملا تھا۔