بدھ، 28 اکتوبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

ملک بھر کی یونیورسٹیوں میں طلبہ کے لیے انٹرن شپ لازمی قرار

exam

وفاقی حکومت نے ملک بھر کی تمام یونیورسٹیوں میں زیرِ تعلیم طلبہ کے لیے انٹرن شپ کو لازمی قرار دے دیا ہے-


قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت کی پارلیمانی سیکرٹری رابعہ نسیم فاروقی نے بتایا کہ طلبہ کو عملی تجربہ فراہم کرنے اور ان کے روزگار کے امکانات کو بہتر بنانے کے لیے پاکستان کی تمام یونیورسٹیوں میں انٹرنشپ کو لازمی شرط بنا دیا گیا ہے۔


ان کا کہنا تھا کہ ملک میں اس وقت 282 سرکاری و نجی جامعات فعال ہیں اور انٹرن شپ کی یہ شرط سنہ 2023ء میں عائد کی گئی تھی۔ انہوں نے وضاحت کی کہ طلبہ کے متعلقہ ڈگری پروگراموں کے تحت انٹر ن شپ کے لیے 3 اکیڈمک کریڈٹ آورز (Credit Hours) بھی مختص کیے گئے ہیں، اور ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) تمام یونیورسٹیوں میں اس ہدایت پر عملدرآمد کو یقینی بنا رہا ہے۔


رابعہ نسیم فاروقی نے ایوان کو بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی خصوصی ہدایت پر یونیورسٹیوں میں ’یوتھ ڈویلپمنٹ سنٹرز‘ بھی قائم کیے گئے ہیں تاکہ فارغ التحصیل طلبہ کو عملی زندگی اور نوکریوں کے لیے تیار کیا جا سکے۔


یہ مراکز طلبہ کی تعلیمی و کیریئر کے حوالے سے رہنمائی کرتے ہیں اور انہیں مارکیٹ کی ضروریات اور روزگار کے مواقع سے آگاہ کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ یہ سنٹرز طلبہ اور صنعتی شعبے (انڈسٹری) کے نما ئندوں کے درمیان راست رابطے قائم کرنے میں بھی معاونت فراہم کر رہے ہیں۔


 اس اقدام کا بنیادی مقصد اعلیٰ تعلیمی اداروں اور مارکیٹ کے درمیان تعلق کو مضبوط بنانا ہے تاکہ نوجوان تعلیم مکمل کرنے کے فوراً بعد روزگار حاصل کر سکیں۔