منگل، 20 اکتوبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

جاپان نے پائلٹ کے بغیر مریخ کی جانب خلائی جہاز روانہ کردیا


جاپان نے مریخ اور اس کے چاند کی جانب اپنا بغیر پائلٹ خلائی جہاز کامیابی کے ساتھ روانہ کر دیا ہے۔


عالمی میڈیا کے مطابق جاپانی خلائی ایجنسی جاکسا کا یہ تاریخی خلائی جہاز ایچ تھری راکٹ کے ذریعے تانیگاشیما خلائی مرکز سے خلا میں بھیجا گیا ہے، جو کہ اس نئے ایچ تھری راکٹ کا پہلا باقاعدہ مشن بھی ہے۔


مشن کے منصوبے کے مطابق خلائی جہاز اگست 2027 میں مریخ کے علاقے تک پہنچنے کی توقع ہے۔ اس کے بعد یہ مریخ کے چاند فوبوس کا جائزہ لے گا اور اس کی سطح سے کم از کم 10 گرام مواد جمع کرے گا۔


منصوبے کے تحت خلائی جہاز 2031 تک زمین پر واپس آئے گا اور اپنے ساتھ جمع کیے گئے نمونے بھی لائے گا۔ ان نمونوں کی سائنسی جانچ سے فوبوس کی ساخت اور اس کی تشکیل کے بارے میں اہم معلومات مل سکتی ہیں۔


جاپانی سائنس دانوں کو امید ہے کہ اس مشن سے مریخ کے دونوں چاندوں، فوبوس اور ڈیموس،کی ابتدا کے بارے میں جاننے میں مدد ملے گی، اس کے ساتھ ساتھ یہ تحقیق نظام شمسی کےابتدائی ارتقائی مراحل سے متعلق سوالات کے جواب تلاش کرنے میں بھی معاون ثابت ہوسکتی ہے۔


سائنس دانوں کے لیے فوبوس کے نمونے خاص اہمیت رکھتے ہیں، کیونکہ ان کے تجزیے سے یہ جاننے میں مدد مل سکتی ہے کہ یہ چاند کس طرح وجود میں آیا اور اس کی سطح پر موجود مواد کی نوعیت کیا ہے۔


یہ مشن جاپان کی خلائی تحقیق میں ایک اہم قدم ہے۔ اگر خلائی جہاز منصوبے کے مطابق نمونے زمین پر لے آنے میں کامیاب رہا تو ان کا تفصیلی مطالعہ مریخ اور اس کے چاندوں کی تاریخ سمجھنے کے نئے راستے کھول سکتا ہے۔