ایل پی جی ایسوسی ایشنز کا 16 نومبر سے ملک گیر ہڑتال کا اعلان

مائع پیٹرولیم گیس( ایل پی جی ) ایسوسی ایشنز نے 16 نومبر سے ملک گیر ہڑتال کا اعلان کردیا۔
ایل پی جی مارکیٹز ایسوسی ایشن کے سینئر وائس چیئرمین علی حیدر نے حکومت کی جانب سے قیمتوں کے تعین کے نئے فارمولے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ16 نومبر سے ایل پی جی کی فروخت بند کر دی جائے گی۔
علی حیدر کے مطابق تمام ایسوسی ایشنز کے ہنگامی اجلاس میں حکومتی فارمولے کے خلاف فیصلہ کیا گیا ہے، حکومت کے نئے پرائسنگ فارمولے سے ایل پی جی کی قیمتوں میں 25 سے 30 فیصد تک اضافہ ہوسکتا ہے۔
دوسری جانب وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ قطر سے گیس آرہی ہے، دسمبر ، جنوری میں وافر سپلائی جاری رہے گی۔
لاہور میں نجی یونیورسٹی کے کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے علی پرویز ملک نے کہا کہ آبنائے ہر مز کی صورت غیر یقینی ہے جس کی وجہ سے تیل اور گیس کی قیمتوں پر اثر پڑا ہے پاکستان نے 6 ماہ سے صورتحال کا کامیابی سے مقابلہ کیا، تیل کی قیمتیں شفاف طریقے سے مقرر کرتے ہیں غریب لوگوں کے لیے سبسڈی والا پیٹرول فراہم کر رہے ہیں، قطر سے گیس آ رہی ہے، دسمبر، جنوری میں وافر سپلائی جاری رہےگی۔
مزید پڑھیں



