اتوار، 1 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

خطے کو غربت، بے روزگاری اور توانائی کے بحران سےنکالنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے،وزیراعلٰی گلگت بلتستان


وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین نے 79ویں یومِ آزادی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کو امن، خوشحالی اور انصاف کا مثالی خطہ بنانے کے لیے اتحاد، بہتر منصوبہ بندی اور عوامی خدمت کو ترجیح دینا ہوگی۔


وزیر اعلیٰ نے یکم نومبر کو گلگت بلتستان کی تاریخ کا عظیم اور یادگار دن قرار دیتے ہوئے کہا کہ 1947 میں ہمارے بہادر آباؤ اجداد نے ڈوگرہ راج کے خلاف جدوجہد کرکے 72 ہزار مربع کلومیٹر کا علاقہ آزاد کرایا اور آزادی کے بعد پاکستان کے ساتھ اپنی نظریاتی اور قومی وابستگی کا اظہار کیا۔ ان کی قربانیاں ہماری تاریخ کا قیمتی سرمایہ ہیں۔


انہوں نے مسلح افواجِ پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ افواج نے ملکی سرحدوں کے دفاع، قومی سلامتی کے تحفظ اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے بے مثال قربانیاں دی ہیں۔ فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر کی قیادت میں افواجِ پاکستان نے دشمن کے عزائم ناکام بنانے میں اہم کردار ادا کیا، پوری قوم اپنی بہادر افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔


امجد حسین نے کہا کہ یومِ آزادی محض خوشی منانے کا دن نہیں بلکہ ماضی پر فخر کرنے، حال کا جائزہ لینے اور مستقبل کے لیے نئے عزم کے ساتھ آگے بڑھنے کا موقع بھی ہے، آج گلگت بلتستان کو غربت، بے روزگاری، تعلیمی پسماندگی، صحت کی سہولیات کی کمی اور معاشی مشکلات جیسے چیلنجز کا سامنا ہے، جن سے نمٹنے کے لیے اتحاد اور بہتر منصوبہ بندی ضروری ہے۔


ان کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کی اصل طاقت عوام کاباہمی اتحاد، قومی یکجہتی اور مشترکہ مستقبل ہےفرقہ وارانہ، لسانی، علاقائی اور گرو ہی تعصبات سے بالاتر ہو کر ایک دوسرے کا احترام کرنا ہوگا۔ اختلافِ رائے جمہوری حق ہے، تاہم اسے نفرت اور تقسیم کا ذریعہ نہیں بننا چاہیے۔


وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت کی ترجیح ایسا گلگت بلتستان بنانا ہے جہاں ہر بچے کو معیاری تعلیم، ہر شہری کو بہتر طبی سہولیات، نوجوانوں کو باعزت روزگار اور ہر خاندان کو ترقی کے ثمرات میسر ہوں۔ ترقی کے مواقع صرف شہروں تک محدود رکھنے کے بجائے ہر ضلع، وادی اور پسماندہ علاقے تک پہنچانے ہوں گے، خواتین کو تعلیم، ہنر اور معاشی سرگرمیوں میں آگے بڑھنے کے یکساں مواقع فراہم کرنا بھی ضرو ری ہے۔


انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل کے حل، بنیادی سہولیات کی فراہمی، روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ وسائل کے شفاف اور منصفانہ استعمال کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ ترقی کے ثمرات تمام طبقات تک پہنچ سکیں۔


وزیر اعلیٰ کے مطابق گلگت بلتستان کی تعمیر و ترقی اور سیاحت کے فروغ میں توانائی کا بحران ایک بڑا چیلنج ہے، اس مسئلے پر قابو پانے اور ترقیاتی عمل تیز کرنے کے لیے وفاقی حکومت کے تعاون سے بجلی کے منصوبوں اور بڑے ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل ضروری ہے۔