مکہ اتحاد مثبت پیش رفت، ایران اس عمل میں حصہ لینے کے لیے تیار ہے, ایرانی صدر

ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ مکہ اتحاد مثبت پیش رفت ہے اور مسلمانوں کے اتحاد کے لیے کردار ادا کرنے کو تیار ہیں، عرب، ترک یا ایرانی ہونے سے بڑھ کر ہم مسلمان ہیں اور اللہ کے نزدیک انسان کی برتری کا معیار اس کی قومیت نہیں بلکہ تقویٰ ہے-
عرب میڈیا کے دیئے گئے انٹرویو میں ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا کہ انہیں اس اتحاد کے تحت کیے گئے فیصلوں کی تفصیلات معلوم نہیں، تاہم یہ پیش رفت مسلمانوں کو قریب لانے اور اسلامی اتحاد کے قیام کی جانب اہم پیشرفت ثابت ہو سکتی ہے۔
انہوں نے سعودی عرب، ترکیہ اور پاکستان کے درمیان مکہ اتحاد کو مثبت پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مسلمان متحد ہوں، ایران اس عمل میں حصہ لینے کے لیے تیار ہے, مسلمانوں کو دو گروہوں میں تقسیم ہو کر ایک دوسرے سے لڑنے کے بجائے متحد ہونے کی کوشش کرنی چاہیے۔ اس طرح کے اقدامات اسلامی اتحاد کو مضبوط بنانے میں مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عرب، ترک یا ایرانی ہونے سے بڑھ کر ہم مسلمان ہیں اور اللہ کے نزدیک انسان کی برتری کا معیار اس کی قومیت نہیں بلکہ تقویٰ ہے مسلم ممالک قومیت اور نسلی شناخت سے بالاتر ہو کر متحد ہوں اور اللہ کے احکامات پر عمل کریں اگر مسلمان مل بیٹھ کر معاملات حل کرنے کی کوشش کریں تو عرب، ترک یا ایرانی ہونے کی تقسیم اہمیت نہیں رکھتی، کیونکہ سب مسلمان ہیں، انسانوں کو ایک مرد اور ایک عورت سے پیدا کیا گیا اور انہیں مختلف قوموں اور قبائل میں تقسیم کیا گیا، مسلمانوں کو چاہیے کہ وہ آپس میں بیٹھیں، اپنے اختلافات دور کریں اور اللہ کے احکامات کی پیروی کریں-





